Inquilab Logo

مورلینڈ روڈ پر بھی شاہین باغ کے طرز کا احتجاج

Updated: January 28, 2020, 1:39 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

دہلی کے شاہین باغ کے طرز پرممبئی کے مورلینڈروڈ پراتوار کی شب سے اچانک سیکڑوں خواتین سی اے اے ،این آرسی اور این پی آر کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے عربیہ ہوٹل کے قریب بیٹھ گئیں۔

مورلینڈ روڈ پر شاہین باغ طرز کا احتجاج ۔ تصویر : انقلاب
مورلینڈ روڈ پر شاہین باغ طرز کا احتجاج ۔ تصویر : انقلاب

ممبئی : دہلی کے شاہین باغ کے طرز پرممبئی کے مورلینڈروڈ پراتوار کی شب سے اچانک سیکڑوںخواتین سی اے اے ،این آرسی اور این پی آر  کے خلاف احتجاج کرنےکیلئے  عربیہ ہوٹل کے قریب بیٹھ گئیں۔پیر کو مورلینڈروڈ، مدنپورہ، بیلاسس روڈ اور ناگپاڑہ کی سیکڑوں خواتین اور مہاراشٹر کالج کے طلبہ نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔ پولیس نے عربیہ ہوٹل سے انجمن خیرالاسلام کے پرانے دفتر تک سڑک بند کردی ہے۔یہ احتجاج ہم بھارت کے لوگ کی جانب سے کیاجارہاہے ۔ 
 اطلاع کے مطابق اتوار کی شب تقریباً ساڑھے ۱۰؍ بجے اچانک مورلینڈروڈ پر واقع فاطمہ اپارٹمنٹ کے سامنے والی سڑک پر تقریباً ۵۰؍خواتین  سی اے اے ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف دہلی کے شاہین باغ کے طرز پر احتجاج پر بیٹھ گئیں۔ اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور خواتین سے احتجاج کے بارے میں پوچھ تاچھ شروع کی۔ دیکھتے دیکھتے یہاں خواتین کی بھیڑ بڑھ گئی جس نے احتجاج کی شکل لے لی ۔ سیکڑوںخواتین نے رات بھر یہاں مذکورہ سیاہ قوانین کے خلاف نعرے بلند کئے اور تہیہ کیاکہ جب تک ان قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا ان کا احتجاج جاری رہے گا۔خواتین کے تیوردیکھ کر پولیس نے عربیہ ہوٹل سے انجمن خیرالاسلام تک سڑک بند کردی ہے جس سے راہگیروںاور طلبہ کو کچھ تکلیف ہورہی ہے ۔ حالانکہ فٹ پاتھ سے عوام کو آنے جانےکی اجازت دی گئی ہے۔ 
 احتجاج میں شامل پوتیااپارٹمنٹ بیلاسس روڈ کی  دونوں پیروں سے معذور ڈاکٹر نیہا دھودرا والا سے جب انقلاب نے احتجاج میں شریک ہونے سے متعلق سوال کیاتو انہوںنےکہاکہ ’’ یہ مسئلہ ہی اس قدر سنگین ہے کہ گھر پر بیٹھنے سے کام نہیں چلے گا۔ اس لئے میں وہیل چیئر پر یہاں اپنااحتجاج درج کرانےآئی ہوں۔‘‘   
 ضیاءاپارٹمنٹ کے سماجی کارکن محمد رضوان خان نے بتایاکہ ’’ اتوار کی شب سے یہاں سیکڑوں خواتین مذکورہ قوانین کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔ خواتین کے تحفظ اور مدد کیلئےمقامی سماجی اور سیاسی رضاکار رات بھر یہاں موجود تھے۔ 
 ہم بھارت کے لوگ سے وابستہ سماجی کارکن فیروز میتھی بور والانے بتایاکہ’’ مورلینڈروڈ، بیلاسس  روڈ اور اطراف کے عوام نے خاموشی سے اس پروگرام کو منعقد کرنےکا منصوبہ بنایاتھا جس کے تحت اتوار کی شب سے ممبئی کا پہلا شاہین باغ طرز کا احتجاج یہاںشروع کیا گیا ہے جو اسی مقام پر جاری رہےگا۔ ممکن ہےکہ سڑک پر احتجاج ہونے سے کچھ دشواریاں ہوں ۔ اسے برداشت کرنا ہوگالیکن سڑک پر ہونےوالے احتجاج کا نتیجہ ضرور برآمد ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK