واضح الفاظ میں کہا کہ این سی پی (شرد) سیکولر پارٹی ہے، اسلئے ہم کسی کے ساتھ نہیں جائیں گے،کسی کو ہمارے ساتھ آنا ہے توآجائے۔
EPAPER
Updated: September 29, 2026, 11:09 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
واضح الفاظ میں کہا کہ این سی پی (شرد) سیکولر پارٹی ہے، اسلئے ہم کسی کے ساتھ نہیں جائیں گے،کسی کو ہمارے ساتھ آنا ہے توآجائے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ)کے سربراہ شرد پوار نےپارٹی میٹنگ میں اجیت پوار گروپ کی(این سی پی)کے ساتھ ممکنہ انضمام اور این ڈی اے میں شمولیت کے متعلق کی جانے والی قیاس آرائیوں پر پارٹی کا موقف واضح کیا ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ ان کی پارٹی کسی کے ساتھ نہیں جائے گی بلکہ اپنی پارٹی کو مضبوط بنانے پر توجہ دے گی۔شرد پوار نے کہا کہ ہماری پارٹی کے متعلق کئی طرح کی باتیں چل رہی ہیں۔ یہ اہم میٹنگ ممبئی میں واقع شرد پوار کی رہائش گاہ ’سلوراوک‘ پر منعقد کی گئی تھی۔
اس میٹنگ میں شردپوار نے واضح کیا کہ جس نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کی وہ قیادت کر رہے ہیں، وہ ایک سیکولر پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا،’’اگر کسی کو ہمارے ساتھ آنا ہے تو صرف ہمارے قریب نہ آئے بلکہ ہماری پارٹی میں شامل ہوجائے۔ ہم کسی کے ساتھ نہیں جائیں گے۔ ہم اپنی پارٹی کو مضبوط کریں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:سپریم کورٹ: غیر ادا شدہ ای چالان کی وصولی کیلئے بجلی بل سے جوڑنے کی تجویز
این سی پی (ایس پی )کی میٹنگ میں شرد پوار نے مستقبل کے انتخابی نتائج کے حوالے سے بھی ایک اہم بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں روبوٹ اور مصنوعی ذہانت(اے آئی ) کا استعمال انتخابی نتائج کو متاثر کرنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کا کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ اب دکھائی دینے لگا ہے۔ انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ روبوٹ اور اے آئی کا استعمال اس طرح بھی کیا جا سکتا ہے کہ انتخابات کے نتائج کیسے ہونے چاہئیں یا ان نتائج کو کس طرح تبدیل کیا جائے، اس پر اثرانداز ہوا جا سکے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شرد پوار این سی پی کے دونوں دھڑوں کے ممکنہ انضمام کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرچکے ہیں۔ دونوں دھڑوں کے ایک ساتھ آنے سے متعلق سوال پر شرد پوار نے کہا تھا، ’’اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔‘‘ این سی پی (شرد) کے لیڈران کی جانب سے پہلے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس وقت کے این سی پی سربراہ اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار دونوں دھڑوں کے انضمام کے حق میں تھے۔ اس سے قبل ایک بیان میں شرد پوار نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا، ’’ماضی میں میرے بھتیجے اجیت پوار اور جینت پاٹل کے درمیان اس معاملے پر ضرور بات چیت ہوئی تھی، لیکن اب ایسی کوئی بات نہیں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ اجیت پوار کی جنوری میں ایک طیارہ حادثے میں موت ہوگئی تھی۔