Inquilab Logo

الیکشن کمیشن کے فیصلے سے حیران نہیں ہوں ، اس سے شیوسینا ختم نہیں ہوگی: شردپوار

Updated: October 10, 2022, 11:42 AM IST | Agency | Mumbai

این سی پی چیف نے کہا کہ اس کا اندھیری ضمنی انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ این سی پی اور کانگریس نے ادھوکیمپ کے امیدوار کی حمایت کی ہے

Sharad Pawar .Picture:INN
این سی پی چیف شرد پوار۔ تصویر:آئی این این

شیوسیناکےپارٹی نشان کو منجمد کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پررد عمل ظاہر کرتے ہوئے این سی پی چیف   شرد پوار کاکہنا ہے کہ وہ اس فیصلے سے حیران نہیں ہیں کیونکہ انہیں یقین تھا کہ ایسا ہی ہوگا۔ شرد پوار نے کہا’’  میں اس فیصلے سے بالکل بھی حیران نہیں ہوں۔ مجھے یقین تھا کہ کچھ ایسا ہی ہوگا۔ اگرچہ میرے پاس  کوئی ثبوت نہیں ہے کہ یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے لیکن میں نے سوچا کہ ایسا ہو گا۔ ہم نہیں جانتے کہ آج کل فیصلہ کون کر رہا ہے لیکن میں یہ کہنا چاہوں گا کہ اس سے شیوسینا ختم نہیں ہوگی۔ بلکہ اس سے پارٹی کے نوجوانوں کی طاقت مزید بڑھے گی۔  شرد پوار نے کہا کہ کچھ بھی نشان ملے،سیاسی پارٹیوں کو الیکشن کا سامنا کرنے کیلئے ہر صورت تیار رہنا ہوتا ہے۔ شیوسینا کے پاس پارٹی کے نئے نشان کے ساتھ انتخابات کا سامنا کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی بیل کی جوڑی، چرخہ، پنجا اور پھر گھڑی جیسے کئی انتخابی نشانوں پر الیکشن لڑا ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے سے شیوسینا ختم نہیں ہوگی
 این سی پی سربراہ نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس انتخابی نشان پر لڑ رہے ہیں، کیونکہ یہ لوگ فیصلہ کرتے ہیں کہ کس کی حمایت کرنی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے سے شیوسینا ختم نہیں ہوگی۔  انہوں نے کہا کہ اس کا اندھیری ضمنی انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ کیونکہ این سی پی اور کانگریس نے ادھو کے شیوسینا کیمپ کے امیدوار کی حمایت کی ہے۔  واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے سنیچر کو سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر کے موجودہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیوسینا کےگروہوں کو اندھیری ایسٹ اسمبلی ضمنی انتخابات میں پارٹی کا نام اور اس کے نشان کا استعمال کرنے سے روک دیا۔ تنظیم کے کنٹرول کے لیے حریف گروہوں کے دعوؤں پر ایک عبوری حکم نامے میں، کمیشن نے ان سے پیر تک تین مختلف ناموں  اور اپنے اپنے گروپوں کیلئے نشانات تجویز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
؍ ۳؍نومبر کو اندھیری ایسٹ اسمبلی سیٹ کیلئے ضمنی الیکشن
 ممبئی کے مضافاتی علاقے اندھیری ایسٹ اسمبلی سیٹ پر جو شیوسینا رکن ا سمبلی رمیش لٹکے کی موت کی وجہ سے خالی ہوئی ،۳؍ نومبر کو ضمنی الیکشن ہونے والا ہے۔ کانگریس اور این سی پی نے مہاراشٹر وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) میں ان کی اتحادی  شیوسینا کے ٹھاکرے گروپ کے امیدوار رمیش لٹکے کی اہلیہ روجوتا لٹکے کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی نے جو شندے گروہ کی حلیف ہے، برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں کونسلر مرجی پٹیل کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا فیصلہ حیران کن اور تکلیف دہ
 این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تپاسےنے کہا کہ الیکشن کمیشن  کا شیو سینا کے انتخابی نشان اور پارٹی کے نام پر پابندی لگانے کا فیصلہ حیران کن اور تکلیف دہ ہے۔ لیکن یہ کمیشن کا حتمی فیصلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایکناتھ شندے کی زیرقیادت (شیو سینا) کیمپ ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے رہا ہے لیکن پارٹی کے نام اور نشان کے استعمال پر پابندی ہے۔ نشان کو منجمد کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ شیوسینا کے کارکن کمزور ہو گئے ہیںیا مایوس ہیں؟تپاسےنے کہا کہ ادھو گروپ این سی پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر بی جے پی کو سخت ٹکر دے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK