Updated: October 03, 2026, 7:04 PM IST
| Dubai
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے فلائی دبئی کے پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کرکے طیارے میں پیش آنے والے سکیوریٹی واقعے کے دوران ان کی بہادری اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے عزم کو سراہا۔ متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کیپٹن اسمت مچھار بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور زیر علاج ہیں۔
دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے سنیچر کو فلائی دبئی کے پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کی اور ان کی بہادری، احساس ذمہ داری اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ شیخ حمدان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ کیپٹن اسمت مچھار نے ’’بہادری، ذمہ داری اور انسانی جانوں کی حفاظت کے اعلیٰ ترین جذبے‘‘ کا مظاہرہ کیا۔ شیخ حمدان نے زور دیتے ہوئے کہا، ’’ہماری جانب سے اور ملک کی قیادت کی جانب سے انہیں مکمل قدر و تحسین حاصل ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں فخر ہے کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں... ہماری قوم کی کہانی کا حصہ ہیں... اور ان اقدار کا حصہ ہیں جن کی متحدہ عرب امارات نمائندگی کرتا ہے... ایک ہمدرد قوم... امن کی قوم... اور زندگی کی قدر کرنے والی قوم۔‘‘
یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کیپٹن اسمت مچھار، فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 کے عملے اور ان مسافروں کی تعریف کے بعد ہوئی ہے، جنہوں نے طیارے میں پیش آنے والے سیکوریٹی واقعے پر قابو پانے میں مدد کی تھی۔ اتھارٹی نے تصدیق کی کہ کیپٹن اسمت مچھار بحفاظت متحدہ عرب امارات واپس پہنچ گئے ہیں، ان کی حالت بہتر ہے اور انہیں طبی علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ایران کی بحری ناکہ بندی کے بعد آٹو اور ریلوے شعبوں پر نئی پابندیاں
واقعے کے حالات سے متعلق تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔ یہ تحقیقات متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل کے حکم پر پبلک پراسیکیوشن کے ارکان پر مشتمل تشکیل دی گئی ایک ٹیم کر رہی ہے۔ حکام متعلقہ علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، جبکہ تحقیقات کی رازداری اور شفافیت کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔