Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیل پھاٹا: زیر تعمیر میٹرو پروجیکٹ کے حفاظتی پترے سے کے ڈی ایم ٹی بس کی ٹکر

Updated: June 06, 2026, 8:41 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام،صبح کے وقت کام کاج پر نکلنے والے ہزاروں ملازمت پیشہ افراد اور تاجروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا

Traffic was jammed for a long time after a bus lost control and crashed into a safety shed.
بس کے بے قابو ہوکر حفاظتی شیڈ سے ٹکرانے کے سبب دیر تک ٹریفک جام رہا

 جمعہ کی صبح مصروف ترین شیل پھاٹا روڈ پر ایک سڑک حادثہ کے بعد طویل ٹریفک جام لگ گیا جس کی وجہ سے صبح کے وقت کام کاج پر نکلنے والے ہزاروں ملازمت پیشہ افراد اور تاجر گھنٹوں سڑکوں پر محصور ہو کر رہ گئے۔کلیان ڈومبیولی میونسپل ٹرانسپورٹ (کے ڈی ایم ٹی) کی ایک تیز رفتار بس میٹرو لائن کے تعمیراتی کام کیلئے لگائے گئے حفاظتی پتروں کو توڑتی ہوئی حادثہ کا شکار ہو گئی۔ اس اچانک حادثہ اور گاڑیوں کے غلط سمت سے گھسنے کی وجہ سے پورے علاقے کا ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہو گیا۔
  تفصیلات کے مطابق کے ڈی ایم ٹی کی ایک مسافر بس کلیان سے شیل پھاٹا کی طرف جا رہی تھی۔ جیسے ہی بس مان پاڑہ چوک کو عبور کر کے ودیا  نکیتن اسکول کے قریب پہنچی اچانک ڈرائیور گاڑی پر سے اپنا توازن کھو بیٹھا۔ بے قابو بس میٹرو کے کام کے لئے سڑک کے بیچوں بیچ لگائے گئے لوہے کے حفاظتی پتروں سے انتہائی زور دار طریقے سے جا ٹکرائی جس کی وجہ سے لوہے کے پترے اکھڑ کر سڑک پر گر گئے اور بس کا کچھ حصہ تباہ ہو گیا۔
  ٹکر لگتے ہی بس کے اندر چیخ و پکار مچ گئی اور مسافر شدید جھٹکے کے باعث ایک دوسرے پر جا گرے جبکہ بس کے پیچھے آنے والی گاڑیاں وہیں رک گئیں۔عیاں رہے کہ شیل پھاٹا روڈ کی اصل چوڑائی ۵۰ ؍سے ۶۰؍ فٹ ہے لیکن میٹرو کے تعمیراتی کام کی وجہ سے ٹھیکیدار نے بیچ کا ۱۰؍ سے ۱۵ ؍فٹ کا حصہ پترے لگا کر بند کر رکھا ہے جس سے دونوں طرف گاڑیوں کیلئے تنگ راستہ ہی بچا ہے۔ ا س حادثہ کے بعد جیسے ہی سڑک بند ہوئی تو کام پر پہنچنے کی جلدی میں مبتلا کار، بائیک، نجی بسوں اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اپنی گاڑیاں رانگ سائیڈ میں موڑ دیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دونوں طرف کی گاڑیاں آمنے سامنے پھنس گئیں۔
 واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کولسے واڑی ٹریفک پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جب صورتحال پر قابو پانے کے لئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اور رانگ سائیڈ سے آنے والے ڈرائیوروں کے خلاف چالان اور قانونی کارروائی شروع کی تو متعدد مشتعل گاڑی مالکان اور ڈرائیوروںنے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہی بحث و تکرار اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اس بدترین جام کی وجہ سے کلیان، ڈومبیولی اور نوی ممبئی  سے آنے والی ٹریفک ۲؍ سے ۳؍ گھنٹے تک مفلوج ہو کر رہ گئی تھی۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK