Inquilab Logo Happiest Places to Work

امسال ممبرا میں بڑے کے جانوروں کیلئے ۱۵؍ عارضی مذبح قائم ،عوام سے صفائی کی اپیل

Updated: May 27, 2026, 1:03 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبرا میں بڑے کے جانوروں کی قربانی میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے تھانے میونسپل کارپوریشن اور ممبرا پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ۱۵؍ عارضی مذبح قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

Goat.Photo:INN
بکرا۔ تصویر:آئی این این
ممبرا میں بڑے کے جانوروں کی قربانی میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے تھانے میونسپل کارپوریشن اور ممبرا پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ۱۵؍ عارضی مذبح قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ بلدیہ اور پولیس کے افسران نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مذبح سے استفادہ کریں اور عید قرباں کے موقع پر قربانی کے جانوروں کافضلہ ڈمپنگ پوائنٹ پر ہی پھینکیں۔ نالوں میں ڈالنے سے گریز کریں۔ ایسا کرنے سے علاقے میں بدبو اور بیماری پھیلنے کا اندیشہ ہے۔
 
 
یہ اپیل ممبرا میونسپل وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر (اے ایم سی )وجے کاولے، ممبرا کلوا زون کی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ( اے سی پی) پریہ دھمالے اور جانوروں کے محکمہ کی میونسپل افسر شروڈکر نے منگل کو ممبرا پولیس اسٹیشن میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کی۔اس سلسلے میں اے سی پی پریہ دھمالے نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ’’ ۲۸؍ تا۳۰؍ مئی منائی جانے والی عید قرباں کے انتظامات کے تعلق سے امن کمیٹی  اور میونسپل افسران کی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں کمیٹی کے ذمہ داروں سے عید قرباں میں احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔‘‘
 
 
میونسپل افسران نے کہاکہ’’ ریاستی حکومت کی جانب سے عید قرباں کے موقع پر جن بڑے جانوروں کی قربانی کی اجازت دی گئی ہے انہیں عارضی مذبح میں ذبح کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اگر کوئی غیر قانونی طور پر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی وغیرہ میں بڑے جانوروں کی قربانی کرے گا تواس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘
مشترکہ پریس کانفرنس میں میونسپل افسران کا یہ بھی کہنا تھا کہ’’ بکرے اور بھیڑ وغیرہ چھوٹے جانور کی قربانی چند بلڈنگ/ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکین ایک جگہ مختص کر کے وہاں پریا قریبی قصائی کی دکان پر یا مسجد مدرسہ کے قریب پردے کا اہتمام کرتے ہوئے کرسکتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK