یقین فاؤنڈیشن کی جانب سے دارالفلاح مسجد کے قریب ایکورڈ کمپلیکس کے مین گیٹ پر تنظیم کا کاؤنٹر لگایاجائے گا۔
کئی شہری ایسے ہوتے ہیں جو قربانی تو کر لیتے ہیں لیکن ان میں گوشت تقسیم کرنے کی سکت نہیں ہوتی ہے ، وہ تنہا ہونے کے سبب گوشت مستحقین میں تقسیم نہیں کر پاتے، ایسے شہریوں کی سہولت کیلئے ممبرا میں ’ یقین فاؤنڈیشن ‘ نے قربانی کے جانوروں کے گوشت کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ان کی اس خدمت کا امسال پانچواں برس ہے ۔
تنظیم کی جانب سے قربانی کے بڑے اور چھوٹے دونوں جانوروںکا گوشت جمع/حاصل کیا جاتا ہے اور ان کا حصہ لگا کر مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب سے کوسہ تک کے علاقوں میں گوشت کی تقسیم کی جاتی ہے۔قربانی کے جانور کا گوشت دینے والے شہری کو محض تنظیم کو فون کرنا ہے اور رضاکار ان کے گھر یا سلائٹر ہاؤس آکر گوشت لے جائیں گے ۔
اس سلسلے میں یقین فاؤنڈیشن کےمعاون رکن غفران انصاری سے رابطہ کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’امسال بھی تنظیم کی جانب سے دارالفلاح مسجد کے قریب ایکورڈ کمپلیکس کے مین گیٹ پر یقین فاؤنڈیشن کا کاؤنٹر لگایاجارہا ہے۔ اس کاؤنٹر پر قربانی کے جانوروں کا گوشت جمع اور تقسیم بھی کیا جاتا ہے۔یہ کام عید قرباں کے تینوں دن جاری رہتا ہے۔‘‘گزشتہ برس یقین فاؤنڈیشن کی جانب سے ۵؍ ہزار ۵۰۰؍ کلو گوشت مستحقین میں تقسیم کیاگیا تھا۔
۲؍ ٹیمیں سرگرم رہیں گی
انہوںنے بتایاکہ ’’ ہماری ۲؍ ٹیمیںہیں ، ایک جو گوشت جمع کرتی ہے اور دوسری ٹیم ان ضرورت مند حضرات کو قربانی کا گوشت تقسیم کرتی ہے جنہیں یہ گوشت نہیں مل پاتا۔‘‘
غفران کے بقول مخیر حضرات نے اب تک ۸؍بڑے جانور اور ۲۲؍ بکروں کو مستحقین میں تقسیم کرنےکا ذمہ ہمیں دیا ہےجن کا گوشت عید کے پہلے دن سے شروع ہو جائے گا۔
گوشت تقسیم کروانے کیلئے فون کریں
غفران انصاری نے کہا کہ ’’جن حضرات کو اپنی قربانی کا گوشت تقسیم کرنا ہے وہ درج ذیل نمبرات پر فون کر کے گوشت دے سکتے ہیں: ۹۷۷۳۷۴۵۵۱۵، ۸۰۹۷۷۷۸۷۱۱، ۹۷۰۲۲۰۴۳۵۵ اور ۹۸۹۲۲۵۲۷۵۲؍ رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ہمارا کاؤنٹر عید کی نماز کے بعد سے رات ۹؍ بجے تک کھلا رہے گا اور اسی طرح دوسرے اور تیسرے دن بھی جاری رہے گا۔‘‘تنظیم کے رکن کے مطابق اگر کسی مستحق تک گوشت نہیں پہنچا تو وہ ہمارے کاؤنٹر پر آکر اپنا نمبر لکھوا سکتا ہے ۔ اس کے گھر پر بھی گوشت پہنچایا جائے گا۔