Inquilab Logo

شندے گروپ کا آئندہ لوک سبھا الیکشن میں ۲۲؍ سیٹوں پر امیدوار اتارنے کا اشارہ

Updated: May 26, 2023, 9:14 AM IST | Mumbai

وزیراعلیٰ کی صدارت میں پارٹی کے ۱۳؍ اراکین پارلیمان کی میٹنگ، اب تک کے کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ آئندہ لوک سبھا الیکشن کی تیاریوں پر غوروخوض کیا گیا

Will Shinde`s decision be acceptable to BJP? (File Photo)
کیا شندے کا فیصلہ بی جے پی کیلئے قابل قبول ہوگا؟( فائل فوٹو)

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیوسینا( شندے) کے اراکین پارلیمان کی ایک    جائزہ میٹنگ بدھ کی رات منعقد کی گئی جس میں پارٹی کے تمام ۱۳؍ اراکین پارلیمان شریک ہوئے۔ انہوں نے ایکناتھ شندے کے سامنے گزشتہ سال بھر میں کئے گئے اپنے کاموں کا رپورٹ کارڈ پیش کیا اور آئندہ کئے جانے والے کاموں کا ہدف مقرر کیا۔ 
  میٹنگ کے دوران لوک سبھا الیکشن کی تیاریوں کے تعلق سے بھی گفتگو کی گئی ۔  نیز یہ طے کیا گیا کہ آئندہ الیکشن میں مہاراشٹر کی ۴۸؍ لوک سبھا سیٹوں میں سے ۲۲؍ پر شندے گروپ اپنے امیدوار کھڑاکرے گا۔ میٹنگ  طے کی گئی سیٹوں کی تعداد کو ظاہر کرنے سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا بی جے پی اور شندے گروپ کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے اتفاق ہو چکا ہے؟ کیونکہ پارٹی نے ۲۲؍ سیٹوں والی بات  میڈیا کے سامنے بھی بیان کی ہے۔  شندے گروپ کے رکن پالیمان راہل شیوالے نے ٹی وی ۹؍ چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمام اراکین پارلیمان وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ ہونے والی اس میٹنگ میں شریک ہوئے ۔ یہ لوک سبھا الیکشن جیتنے کے تعلق سے کیا کیا جائے اس  بارے میں غوروفکر کیلئے یہ میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔‘‘ انہوں نے کہا ’’شیوسینا( شندے) کے ۱۳؍ اراکین پارلیمان کے کئے گئے کاموںکا جائزہ بھی اس میٹنگ میں لیا گیا اور  آئندہ الیکشن کی تیاریوں کیلئے اقدامات کے تعلق سے بھی غور کیا گیا۔‘‘  رکن پارلیمان نے بتایا کہ ’’ ہماری پارٹی کے ۱۳؍ ارکین پارلیمان کے حلقہ ٔ انتخاب میں شیوسینا( شندے) ،  بی جے پی اور  آر پی آئی کی متحدہ ریلیاںہوں گی۔ نیز وہاں کئے گئے کاموں کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔‘‘  شیوالے کے مطابق ’’ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کےذریعے ان حلقوں میں کئے جار ہے ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے گی۔‘‘  
  کیا ۲۲؍ سیٹوں پر اتفاق ہو چکا ہے؟
 اس دوران راہل شیوالے نے یہ تو نہیں بتایا کہ کہ جن ۲۲؍ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی بات وہ کر رہے ہیں کیا اس پر بی جے پی کیساتھ اتفاق رائے قائم ہو چکا ہے؟ البتہ انہوں نے یہ اشارہ ضرور دیا کہ جن سیٹوں پر گزشتہ الیکشن میں شیوسینا( اس وقت متحدہ) نے الیکشن لڑا تھا وہاں  ان کی پارٹی اس بار اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ رکن پارلیمان کے مطابق ’’شیوسینا نے جن ۲۲؍ حلقوں   پر اپنے امیدوار کھڑے کئے تھے وہاں ہم اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ ان میں وہ ۱۳؍ سیٹیں جو ہمارے پاس ہیں کے علاوہ باقی کی ۹؍ سیٹیں ( جو شیوسینا ( ادھو ) کے قبضے میں ہیں) بھی شامل ہیں۔ ہم ان سیٹوں پر الیکشن کی تیاریاں جلد ہی شروع کریں گے۔‘‘  یاد رہے کہ سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر اب تک بی جے پی کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK