شندے گروپ کے تمام منتخب ۲۹؍ کارپوریٹرس کو باندرہ کے فائیو اسٹار ہوٹل ’تاج لینڈس اینڈ ‘ میں رکھا گیا ہے ، بی جے پی سے میئر کے عہدے کیلئے سودے بازی کی بھی قیاس آرائی
EPAPER
Updated: January 18, 2026, 9:59 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
شندے گروپ کے تمام منتخب ۲۹؍ کارپوریٹرس کو باندرہ کے فائیو اسٹار ہوٹل ’تاج لینڈس اینڈ ‘ میں رکھا گیا ہے ، بی جے پی سے میئر کے عہدے کیلئے سودے بازی کی بھی قیاس آرائی
ملک کی سب سے امیر بلدیہ ممبئی میونسپل کارپورپشن ( بی ایم سی ) کے انتخابات میں بی جے پی اور ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کی مہایوتی کو اکثریت ملنے کے باوجود اب بھی بہت سے ڈرامے اور اتار چڑھائو باقی ہیں۔ ایکناتھ شندے نے اپنی پارٹی کے تمام ۲۹؍ منتخب کارپوریٹرس کو ممبئی کےباندرہ میں واقع پانچ ستارہ ہوٹل تاج لینڈس اینڈ میں منتقل کردیا ہے ۔ حالانکہ بی ایم سی کی کل ۲۲۷؍سیٹوں کے اعتبار سےمیئربنانے کیلئے ۱۱۴؍ کارپوریٹرو ںکی حمایت درکار ہے اور بی جے پی کی ۸۹؍ اور شندے کی سینا کو ۲۹؍ سیٹوں کے ذریعے یہ مطلوبہ تعداد آسانی سے حاصل ہو جاتی ہے لیکن وہ سیاست ہی کیا جس میں اتار چڑھائو اور نئے موڑ نہ آئیں۔سیاسی تجزیہ نگاروں اور پارٹیوں کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکناتھ شندے نے اپنی پارٹی میں بی جے پی کے ذریعے خرید و فروخت کے ڈر سے اپنے کارپوریٹرس کو ہوٹل میں منتقل کیا ہے۔ کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے ایکناتھ شندے بی جے پی سے مول بھائو کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی پارٹی کا میئر بنواسکیں۔
واضح رہے کہ مہایوتی نے اپنے دم پر اکثریت تو حاصل کرلی ہے لیکن بی جے پی کو اپنا میئر بنوانے کےلئے ایکناتھ شندے کے۲۹؍ کارپوریٹروں کی ضرورت ہے۔ اس کے بغیر بی ایم سی پر اقتدار ممکن نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شندے ایسے مول بھائو کی پوزیشن میں آنا چاہتے ہیں کہ جس کے ذریعے وہ اپنا میئر بنواسکیں۔ اگر یہ ممکن نہیں ہوتا ہے تو وہ یہ چاہیں گے کہ اسٹینڈنگ کمیٹی پر اپنا قبضہ رکھ سکیں۔ شندے سینا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی کو اس بات کا قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ میئر شیو سینا سے ہی بنایا جائے۔ اس سے مراٹھی ووٹرس میں مثبت پیغام جائے گا کہ بی جےپی نےآنجہانی بال ٹھاکرے کی وراثت کو برقرار رکھا ۔ ساتھ ہی یہ پیغام بھی جائے گا کہ اصل شیو سینا اب بھی ایکناتھ شندے کی ہے اور مراٹھی ووٹرس بھی ان کے ساتھ ہیں۔ اب بی جے پی کتنا اس ’بلیک میل ‘ سے متاثر ہوتی ہے یہ تو جلد ہی معلوم پڑ جائے گالیکن اس ہوٹل پالیٹکس نے ایک مرتبہ پھر ایکناتھ شندے کی گوہاٹی یاترا کی یاد دلادی ہے۔
ویسے باوثوق ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایکناتھ شندے کو یہ بھی ڈر ہے کہ کہیںادھو ٹھاکرے کی شیو سینا ، ایکناتھ شندے کے خیمے سے جیتے ہوئے امیدواروں کو اپنی جانب نہ کرلے اور پھر بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں آجائے۔ساتھ میں یہ بھی خدشہ ہے کہ کہیں بی جےپی شندے خیمے کے منتخب کارپوریٹرس کو اپنے ساتھ ملا کر میئر کے عہدے کا دعویٰ نہ کردے ۔اس لئے بھی شندے کی جانب سے ہر طرح کی احتیاط برتی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں معتبر ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ شیو سینا کی اعلیٰ کمان کی جانب سے بی ایم سی الیکشن میں منتخب ہونے والے سبھی ۲۹؍ امیدواروں کو تاج لینڈس اینڈ میں پہنچ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کئی کارپوریٹر اس ہوٹل میں پہنچ گئے ہیں۔
حالانکہ ممبئی میں اقتدار حاصل کرنے کے تعلق سے ادھو ٹھاکرے نے واضح کردیا ہےکہ چونکہ ان کے کارپوریٹروں کی تعداد ۱۱۴؍ سے بہت کم ہے اس لئے وہ میئر بنانے کا دعویٰ پیش نہیں کریں گے ۔ لیکن جس طرح مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو گرانے کیلئے شندے ۴۰؍ اراکین اسمبلی کو گوہاٹی لے گئے تھے انہیں ڈر ہے کہ کہیں بی ایم سی جیتنے کے بعد ان کے ساتھ بھی ایسا نہ ہو اور ادھو ٹھاکرے یا دیویندر فرنویس ان کے کارپوریٹروں کو اپنے ساتھ نہ ملالیں۔