Inquilab Logo

کپل پاٹل کیخلاف شیو سینا کی بغاوت، تعاون سے انکار

Updated: April 08, 2024, 11:55 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بھیونڈی کے دیہی علاقوں کے شندے گروپ کے بڑے لیڈران نے بی جے پی اُمیدوار پر بدعنوانی کے سنگین الزامات عائد کئے

Local Shiv Sena (Shinde Group) leaders opposed Kapil Patil`s candidature in a press conference.
شیوسینا( شندے گروپ )کے مقامی لیڈران نے پریس کانفرنس میںکپل پاٹل کی امیدواری کی مخالفت کی۔

یہاں بی جے پی کے اُمیدوار کپل پاٹل کے خلاف شیوسینا (شندے گروپ ) نے کھلی بغاوت کردی ہے۔اس کے سبب ان کی مشکلیں بڑھ گئی ہیں۔شندے گروپ کے لیڈران نے بھیونڈی پارلیمانی سیٹ پر اپنا دعویٰ پیش کرتے ہوئے بی جے پی کے اُمیدوار پر بدعنوانی کے سنگین الزامات عائد کرکے بی جے پی کے  بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔شندے گروپ کے دیہی لیڈران نے باقاعدہ پریس کانفرنس کرکے کپل پاٹل کے انتخابی تشہیری مہم میں شریک نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔شندے گروپ کے اس اعلان سے بی جے پی خیمے میں گھبراہت صاف طور پر محسوس کی جارہی ہے۔
 شاہ پور کے صدر ماروتی گھرڈے ، تعلقہ صدر وسنت لونے،شاہ پور تعلقہ صدر پرکاش ویکھنڈے،تھانےضلع سیکریٹری کانتی لال کنڈے سمیت دیگر لیڈران نے شاہ پور میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ہم بھیونڈی لوک سبھا حلقہ سے اپنا اُمیدوار چاہتے ہیں۔اس کے لئے ہم نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے اس حلقہ پر اپنا دعویٰ پیش کیا تھالیکن انتخابی سمجھوتے کے سبب یہ سیٹ ہمیں نہ دے کر مرکزی وزیر مملکت کپل پاٹل کو ایک مرتبہ پھر یہاں سے قسمت آزمائی کا موقع دیا گیا۔اس فیصلے کی ہم مخالفت کرتے ہیں۔ لیڈران نے بی جے پی اُمیدوار کے کام کاج پر زبردست تنقید کرتے ہوئے ان پر ۳۵؍ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے کا الزام عائدکیا۔پارٹی لیڈران نے انتباہ دیا کہ وہ کپل پاٹل کیلئے تشہیری مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔شندے گروپ کے شاہ پور کے صدر ماروتی گھرڈے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپل پاٹل رکن پارلیمان بننے کے بعد ہمیں کنارے کردیتے ہیں اور پارٹی کے رکن اسمبلی کو گرانے کا کام کرتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ کپل پاٹل منتخب ہونے کے بعد ہمیں ۵؍برس تک تکلیف دی ہے۔اس لئے ہم نےانتخابات میںان کی تشہیرنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شندے گروپ کے اہم لیڈران کی اس پریس کانفرنس نے کپل پاٹل کی نیند اُڑا دی ہے۔
 اس ضمن میں رکن پارلیمان کپل پاٹل نے کہا کہ شاہ پور تعلقہ میں شندے گروپ کے سبھی لیڈران پرسوں تک میرے ساتھ تشہیری مہم میں شریک تھےلیکن اچانک ان کی اس پریس کانفرنس میں ناراضگی کے اظہار سے میں بھی حیران ہوں۔ ان کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش  جلد کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK