Inquilab Logo

دھولیہ میں ادھو ٹھاکرے کی حمایت میں شیوسینا کے کارکنان کی ریلی

Updated: June 23, 2022, 10:12 AM IST | Dhule

حکومت کا تختہ پلٹنے کی سازش میں شامل سینا کے اراکین کے خلاف ’ اپنے ہی غدار نکلے ‘جیسے نعرے لگائے گئے،وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرےکو حق بجانب بتایا

Shiv Sena members take a picture of Bal Thackeray and demonstrate in favor of Adho Thackeray.
شیوسینا کے اراکین بال ٹھاکرے کی تصویر لے کر ادھوٹھاکرے کے حق میںمظاہرہ کرتے ہوئے۔(تصویر،انقلاب )

 وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی حمایت میں اور اپنی ہی پارٹی کے باغی اراکین اسمبلی کی مذمت میں شیوسینا ضلع یونٹ کے عہدے داران و کارکنان نے دھولیہ شہر میں زبردست مورچہ نکالا۔سینا کے کارکنان نے اس مورچہ کے ذریعے شیو سینا سپریمو ادھو ٹھاکرے کی حمایت میں جم کر نعرے لگائے علاوہ ازیں پارٹی سے غداری کرکے حکومت کا تختہ پلٹنے کی مذموم کوشش کرنے والے سینا کے ہی اراکین کے خلاف ’ اپنے ہی غدار نکلے ‘جیسے نعرے لگا کر شیو سینا کے باغی اراکین کی جم کر مذمت کی۔ شیو سینا کے سابق ضلع پرمکھ ہلال مالی نے کہا۸۰؍ فیصد سماج کرن اور۲۰؍ فیصد راج کرن کےعزم کے ساتھ سینا سپریمو آنجہانی بال ٹھاکرے نے مہاراشٹر میں مراٹھی مانوس کو حق و انصاف دلانے کے لئے شیو سینا کا قیام کیا تھا۔بال ٹھاکرے کے بتائے ہوئے راستے پر ہی ادھو ٹھاکرے ثابت قدمی سے چل رہے ہیںلیکن ہماری ہی پارٹی کے غداروں کو یہ اچھا نہیں لگ رہا ہے۔وہ سینا کو ختم کرنے کے لئے نکلے ہے لیکن وہ یہ بات اچھی طرح سے یاد رکھیں کہ سینا ختم ہونے والی پارٹی نہیں ہے۔سینا کسانوں کی اور غریب مظلوں کی آواز ہے۔
 مالی نے جذباتی لہجے میں کہا ’’ جس بی جے پی نے سینا کے وزیر اعلیٰ بننےکی مخالفت کی تھی اسی پارٹی سے کرسی اور اقتدار کی لالچ کے لئے پارٹی کے چند غدار ہاتھ ملا رہے ہیں۔بالا صاحب سے محبت کرنے والے ایسے غداروں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔‘‘انہوں نے مزیدکہا ’’سینا کی پیٹھ میں ایسے دھوکے کے خنجر کئی بار کھونپے گئے ہیںلیکن شیو سینا ختم نہیں ہوئی۔سینا کے دیگر عہدے داران نے بھی اس موقع پر ادھو ٹھاکرے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ادھو جی میں سرکار چلانے کا دم خم ہے۔تین سال بہت بہتر طریقے سے سب کو ساتھ لے کر حکومت چلاکر انھوں نے مخالفین کو بغلیں جھانکنے پر مجبور کردیا ہے۔مخالفین کو یہی بات کھل رہی ہے۔ سارے ہتھکنڈے اپنانے کے بعد بھی وہ حکومت گرانے میں ناکام ہوئے تو سینا کے ہی اراکین کو لالچ دے کر اقتدار حاصل کرنے کی چال چلی ۔بالا صاحب پر جان چھڑکنے والے سینا کے کارکنان نے غداری کرنے والوں کو انتباہ دیا کہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ سینا کی فوج کھڑی ہے۔ہم ادھو جی کے ساتھ ہے۔شیوسینا سپریمو آنجہانی بال ٹھاکرے کی تصویر ہاتھ میں لے کر شیو سینکوں  کے قافلے نے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت لگایا ا ور ادھو ٹھاکرے کی حمایت میں نعرے لگائے اور پارٹی سے غداری کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف بھی خوب نعرے بازی کی ۔اس مورچے میں سینا کے سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK