• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میراروڈ: بی جے پی رکن اسمبلی کے اسکول میں لنچ باکس میں آلو، پیاز، لہسن لانے پر پابندی

Updated: September 11, 2026, 1:54 PM IST | Sajid Mahmood Sheikh and Owais Siddiqui | Mira Road

میراروڈ بی جے پی رکن اسمبلی کے اسکول میں لنچ باکس میں آلو، پیاز، لہسن لانے پر پابندی، ایم این ایس کے احتجاج کے انتباہ کے بعد سرکیولر واپس لے لیا گیا۔

MNS leader Avinash Jadhav is speaking with a police inspector in front of the school. Photo: INN
اسکول کے سامنے ایم این ایس لیڈراویناش جادھو پولیس انسپکٹر سے گفتگو کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

میرا بھائندر میں بی جے پی رکن اسمبلی نریندر مہتا کے اسکول میں طلبہ کے لنچ باکس میں آلو، پیاز اور لہسن لانے پر پابندی کاسرکیولر بھیجا گیا جس پر مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے سخت ناراضگی ظاہر کی   ۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اویناش جادھو نے انتباہ دیا تھا کہ اگر یہ فیصلہ آج شام تک منسوخ نہ کیا گیا تو کل سے اسکول کے گیٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ اسکول کے سامنے صحافیوں سے گفتگو کے دوران اویناش جادھو نے سیون  اسکوائر اکیڈمی   اسکول انتظامیہ اور مقامی بی جے پی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کا کام بچوں کو تعلیم دینا ہے یا مذہبی تفریق سکھانا؟  اسکول انتظامیہ ایسے نوٹس کے ذریعے بچوں میں ابھی سے مذہبی تفریق کے بیج بو رہا ہے۔دریں اثناء مہاراشٹر نو نرمان سینا کے ایک وفد جس کی قیادت رابرٹ ڈیسوزا کر رہے تھے ،نے جمعرات کی دوپہر میں میرابھائندر  کے ڈپٹی میونسپل کمشنر (ایجوکیشن) سے ملاقات کرکے ایک مکتوب سونپا اور اس معاملے میں کاروائی کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھئے:پیاز کی بڑھتی قیمتوں سےصارفین کی آنکھوں میں آنسو

سیون اسکوائر اکیڈمی  انتظامیہ نے شدید دباؤ کے بعد جمعرات کی شام کو متنازع سرکیولر اسکول ویب سائٹ سے ہٹا دیا اور اپنا  حکم   واپس لے لیا۔

قبل ازیں  اویناش جادھو نے کہا کہ پہلے سوسائٹیوں میں بکرا لانے پر پابندیاں عائد کی گئیں اور اب پریوشن  (جین مذہب کے تہوار) کے نام پر کھانے پینے پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ کیا اب اسکولوں میں بچوں کے لنچ باکس چیک کئے جائیں گے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس اسکول میں صرف ایک ہی طبقے کے لوگ پڑھتے ہیں اور کیا دیگر مذاہب و طبقات کے لوگ بی جے پی کے ووٹرس نہیں ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ مقامی ایم ایل اے اور اسکول انتظامیہ دانستہ طور پر میرا بھائندر اور مہاراشٹر کا پُرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایم این ایس لیڈر نے واضح کیا کہ اسکول مینجمنٹ کو آج شام تک اس نوٹس کو واپس لینا ہوگا۔ اگر شام تک منسوخی کا رسمی مکتوب جاری نہ کیا گیا تو مہاراشٹر نونرمان سینا دیگر تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر اسکول کے گیٹ پر سخت اور شدید احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے:فلپائن: مسافر بردار جہاز میں خوفناک آتشزدگی، ۵ ؍ہلاک،درجنوں لاپتہ

اس ضمن میں ایک طالب علم کے والد نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھاکہ اسکول کے آن لائن پورٹل پرایک  سرکیولر بھیجا گیا جس میں تمام والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ جین مذہب کے تہوار’ پریوشن پروا‘ کے مدنظر اسکول میں ٹفن باکس میں آلو، پیاز،  چقندر اورلہسن وغیرہ جیسے کسی بھی طرح کے اناج جو زمین میں اگتے ہیں ، وہ لانے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے پہلے بھی ایک دفعہ ایسا ہوا تھا کہ ان کے بچے کی سالگرہ   پر اُنہوں نے اسکول میں کیک بھیجا تھا لیکن اسکول نے  یہ کہتے ہوئے اسےگھر بھجوا دیا کہ اس میں انڈے کا استعمال ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK