اورنگ آباد میں شیوسینا یوبی ٹی کے احتجاجی پروگرام’’ تم سے نہ ہوپائے گا‘‘ میں ادھو ٹھاکرے کا مطالبہ، ۵؍اکتوبر کے بعد پنچ ناموں کی جانچ کریں گے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2026, 12:14 PM IST | Agency | Aurangabad
اورنگ آباد میں شیوسینا یوبی ٹی کے احتجاجی پروگرام’’ تم سے نہ ہوپائے گا‘‘ میں ادھو ٹھاکرے کا مطالبہ، ۵؍اکتوبر کے بعد پنچ ناموں کی جانچ کریں گے۔
شیوسینا (یو بی ٹی ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ’’بی جے پی اگلی بار دوبارہ اقتدار نہیں دیکھ سکے گی۔‘‘وہ مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر جمعرات(۱۷؍ ستمبر) کو منعقدہ’’تم سے نہ ہو پائے گا‘‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مراٹھواڑا میں فوری طور پر قحط کا اعلان کرنے اور کسانوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکمراں جماعتوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن، وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ اور پربودھن کار ٹھاکرے کے یومِ پیدائش کا ذکر کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ’’مراٹھواڑا میں بڑے بڑے ہورڈنگز دیکھ کر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے، لیکن حقیقت میں مراٹھواڑا شدید خشک سالی کی زد میں ہے۔ مکتی سنگرام دن کی تقریب میں شرکت کرنے کے بجائے خود کو ہی ایوارڈ خریدنے والے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے گجرات کے دورے پر چلے گئے۔ یہاں کے کسانوں کی مشکلات اور تکالیف وہ کبھی نہیں سمجھ سکتے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ریاستی حکومت نے جرنگے کو پھر منالیا، بھوک ہڑتال ختم
مراٹھواڑا کے برسراقتدار اتحاد کے اراکین اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا:’’مراٹھواڑہ کی مشکلات وزیر اعظم کے سامنے رکھنے کی ہمت یہاں کے کسی بھی عوامی نمائندے میں نہیں ہے۔ حیدرآباد کی آزادی کے لئے سردار ولبھ بھائی پٹیل نے فوج اتاری تھی۔ مغربی بنگال میں انتخابات جیتنے کے لیے فوج بھیجنے والی اس حکومت میں کیا پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر(پی اوکے) میں فوج داخل کرنے کی ہمت ہے؟‘‘کسانوں کی امداد کے حوالے سے ادھو ٹھاکرے نے شیو سینک کارکنوں کو براہِ راست میدان میں اترنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت۵؍ اکتوبر سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا پنچ نامہ شروع کرنے والی ہے۔ انہوں نے شیو سینکوں سے اپیل کی کہ وہ ہر گاؤں میں خود موجود رہیں اور یہ جانچ کریں کہ فصلوں کے نقصان کا جائزہ درست طریقے سے لیا جا رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی کسان کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور تمام اہل کسانوں کو امداد ملے۔ بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’بی جے پی صرف اقتدار کی بھوکی ہے۔ انہوں نے ملک میں ہندو مسلم تنازع کھڑا کیا اور مہاراشٹر میں مختلف ذاتوں کے درمیان تنازع پیدا کیا۔ مراٹھا بمقابلہ او بی سی، دھنگر، کنبی اور آدیواسی، مختلف طبقات کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کیا جا رہا ہے۔‘‘