Inquilab Logo

شیواجی پارک کی انڈیا اتحاد کی ریلی پر سیاست تیز، مہایوتی نے تنقید کی، انڈیا اتحاد نے دفاع کیا

Updated: March 18, 2024, 11:17 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

انڈیا الائنس کو شیواجی پارک میں ریلی کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے: وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے۔ ’کھوکھے باز‘ وزیر اعلیٰ ، ان کے حامی اور بی جے پی لیڈر انڈیا اتحاد کی مقبولیت کودیکھ کر بوکھلا گئے ہیںـ: نانا پٹولے

Nana Patole`s press conference at Tilak Bhavan in Dadar.. Photo: INN
دادر میں واقع تلک بھون میں نانا پٹولے کی پر یس کانفرنس۔ ۔ تصویر : آئی این این

’ انڈیا‘ اتحاد کی ممبئی ہونے والی ریلی پر مہاراشٹر کے وزیرا علیٰ ایکناتھ شندے اور کابینی وزیر ادے سامنت نے شدید تنقید کی۔   پیر کو  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا،’’انڈیا الائنس کو شیواجی پارک میں ریلی کرنے کا کوئی اخلاقی  حق نہیں ہے۔‘‘
ایکناتھ شندے نے چھترپتی شیواجی مہاراج پارک میں اپوزیشن جماعتوں کے ایک  اسٹیج  پر جمع  ہونے کے ایک دن بعد  انڈیا الائنس اور شیو سینا (اُدھو گروپ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے پر  تنقید کرتے ہوئے کہا ،’’ کل کا دن شیوسینا کیلئے یومِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ کیونکہ اسی شیواجی پارک سے جہاں آنجہانی  بالاصاحب ٹھاکرے نے ہمیشہ قوم سے خطاب کیا تھا،اسی جگہ پر انڈیا الائنس کی کل ریلی تھی۔ سچ پوچھئے تو شیواجی پارک میں ریلی کر نے کا انڈیا الائنس کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
ایکناتھ شندے نے طنز کیا،’’ٹھاکرے نے ان لوگوں کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا جو ہندوتوا نظریہ کیخلاف ہمیشہ بیان دیتے ہیں۔ادھو ٹھاکرے ان لوگوں کے پاس بیٹھے جن کے خلاف وہ لڑے،   اس لئے ادھو ٹھاکرے کو بالاصاحب کے سامنے جھک کر معافی مانگنی چاہئے۔‘‘ ایکناتھ شندے نے کہا، ’’کل کی ریلی ویر ساورکر کی یادگار اور بالاصاحب ٹھاکرے کی یادگار کے سامنے ہوئی تھی، جن لوگوں نے ویر ساورکر کو گالیاں دیں اور ان پر بے بنیاد الزامات لگائے، وہ شیواجی پارک میں جمع ہوئے ہیں، یہ کتنی بدقسمتی کی بات ہے؟‘‘
  ان کا یہ بھی کہناتھا،’’ راہل گاندھی نے ہمیشہ ہندوؤں کی توہین کی ہے۔‘‘ کانگریس پر ہندو مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ شندے نے کہا،’’ `ہم کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں ہندو ہونے پر فخر ہے، جبکہ ان دنوں کچھ لوگ ہندو ہردے سمراٹ کا لفظ بھی بولنے سے ڈرتے ہیں۔‘‘ اسی پریس کانفرنس میں کابینی وزیر ادے سامنت نے ادھو ٹھاکرے اور ان کے اتحادیوں پر  تنقید کی۔ انہوں نے کہا ،’’ جب بھی آنجہانی بالاصاحب شیواجی پارک میں شیوسینا کی ریلی کرتے تھے تو پورے گراؤنڈ  اور آس پاس  علاقے میں لوگ  ان کے خیالات سننے کیلئے  جمع ہو جاتے تھے ، اس ریلی میں اتنی کم بھیڑ تھی کہ شیوسینا یا مہایوتی کی تعلقہ میٹنگ میں بھی اس زیادہ بھیڑ ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ، ’’انڈیا الائنس کی کل کی میٹنگ شیواجی پارک کے بجائے شنموکھانند ہال میں ہوتی تو بہتر ہوتا، ریلی پر اتنا خرچ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔‘‘شیواجی پارک میں منعقد ہونے والے انڈیا اتحاد کی  ریلی  پر  مخالفین کی تنقید کا کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے سخت لفظوں میں جواب دیا ۔
دادر میں واقع تلک بھون میں  پیر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں نانا پٹولے نے کہا کہ’’کھوکھے باز وزیر اعلیٰ  ایکناتھ شندے، ان کے حامی اور بی جے پی کے لیڈر انڈیا اتحاد کی مقبولیت کودیکھ کر بوکھلا گئے ہیں۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی  نے تقریباً  ۱۰؍ہزار ۷۰۰؍ کلو میٹر طویل یاترا کی۔ اس دوران لاکھوں  افراد سے ملاقات کی۔چتیہ بھومی پر اس بھارت جوڑو نیائے یاترا کا اختتام ہوا۔ اس یاترا کے بعد کانگریس نے ۲۵؍ گیارنٹی  دی اوراسے پورا کرنے کی وارنٹی بھی دی ہے۔ اس یاترا سے عوام کی زبردست حمایت ملی جس سےایکناتھ شندے اور بی جےپی کے ’بھوپو‘ بوکھلا گئے ہیں۔ جو سوالات اور مدعے راہل گاندھی نے اٹھائے ہیں ، شندے اور بی جےپی کے لیڈروںکے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے ، اسی لئے وہ شیواجی پارک کی ریلی پر تنقید کر رہے ہیں۔‘‘
نانا پٹولے نے کہاکہ ’’راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں ایک ایسی ’شکتی ‘ کا ذکر کیا تھا جوملک میں نفرت پھیلا رہی ہے جس پر نریندر مودی نے اسے ’ناری شکتی ‘کی توہین قرار دیا لیکن بلقیس بانو کے مجرمین کا استقبال کرنے  والے، منی پور میں خواتین پر مظالم کیخلاف خاموش رہنے والے مودی کو خواتین کے تعلق سے کچھ بھی کہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہاکہ’’ راہل گاندھی نے جو ۲۵؍ گیارنٹیاں دی ہیں، ان میں کسان ، خواتین، نوجوان ،غریب  اور مزدور بھی شامل ہیں۔ راہل گاندھی نے پورے سماج کو ساتھ  لے کر بھارت کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔‘‘
 نانا پٹولے نے کہا کہ’’ چندر شیکھر باونکولے نے یہ الزام لگایا کہ شیواجی پارک  ریلی میں بھیڑ نہیں تھی،  اس  پر ہنسی آتی ہے۔ بھیڑ کو دیکھنے کیلئے دوربین استعمال کرنی چاہئے۔ پورے مہاراشٹر نے یہ بھی دیکھا ہے کہ مودی کی ریلی کیلئے کس طرح کرائے کی بھیڑ جمع کرنی پڑی تھی اور انڈیااتحاد کی ریلی میں لوگ خود آئے تھے۔‘‘
 کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی الزام لگایا کہ’’ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ۵۰؍ کھوکھے لے کر بالاصاحب ٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا کو توڑا اور ان کا انتخابی نشان بھی چرا لیا ہے اور وہ ہندوتوا کی بات کرتے ہیں۔ سچے شیو سینک  ان کی غداری کو کبھی نہیں بھولیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK