• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اب گولی ماردو لیکن پیچھے نہیں ہٹیں گے : منوج جرنگے

Updated: August 29, 2025, 3:15 PM IST | Agency | Pune

مراٹھاکارکن اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ آج ممبئی میں داخل ہوں گے، ریزرویشن کا مطالبہ پورا نہ ہونے تک آزاد میدان میں بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کے فیصلے پر قائم۔

Manoj Jarange was given a rousing welcome in Pune. Photo: PTI
پونے میں منوج جرنگے کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ تصویر : پی ٹی آئی

حکومت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے  مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے نے حسب اعلان بدھ کی صبح جالنہ میں اپنے گائوں انتراولی سراتی سے ممبئی کی جانب کوچ کیا۔ ایک دن کا سفر کرنے کے بعد جرنگے جمعرات کو پونے پہنچے جہاں انہوں نے شیونیری قلعے(چھترپتی شیواجی کی جائے پیدائش)  کے پاس مراٹھا سماج سے خطاب بھی کیا۔ منوج جرنگے نے اعلان کیا کہ اب اگر حکومت ہمیں گولی بھی مار دے تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔  یاد رہے کہ آج (۲۹؍ اگست) جرنگے ممبئی پہنچیں گے اور آزاد میدان پر حسب اعلان بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ 
 حکومت کو دھرنے کی اجازت دینی پڑی
  منو ج جرنگے نے کہا ’’وزیر اعلیٰ کو ہمارا درد سمجھنا  چاہئے۔ انہیں چاہئے کہ وہ مراٹھا سماج کے تعاون کی قدر کریں۔  ہمیں امیدہے کہ دیویندر فرنویس ممبئی کے آزاد میدان پر ہونے والے ہمارے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ ‘‘ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یاد دلایا کہ مہایوتی حکومت مراٹھا سماج کے ووٹوں کے سبب آئی ہے۔ جرنگے نے کہا’’ مراٹھا سماج کے ووٹوں کی بنا پر ہی ان کی مکمل اکثریت والی حکومت قائم ہوئی ہے لیکن اگر ان کے خلاف بار بار مراٹھا سماج کی لہر اٹھی تو پھر  ان کیلئے مشکلیں کھڑی ہو جائیں گی۔ ‘‘  انہوں نے کہا ’’ یہ لہر دیویندر فرنویس کا سیاسی کریئر بربادکر دے گی۔  میں کئی بار کہہ چکا ہوں اور آج بھی وہی کہتا ہوں کہ فرنویس کیلئے سنہری موقع ہے ، وہ اس موقع کا فائدہ اٹھائیں۔ ‘‘ جرنگے کے مطابق ’’ فرنویس کیلئے یہ مراٹھا سماج کا دل جیتنے کا موقع ہے۔ آپ مراٹھا سماج کا مطالبہ منظور کیجئے یہی مراٹھا سماج گلال اڑا کر آپ کا احسان مانیںگے اور مرتے دم تک اس احسان کو نہیں بھلائیں گے۔ ‘‘ 
 گولی مار دیں تو بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے
 یاد رہے کہ منوج جرنگے کے ممبئی مارچ کو رکوانے کیلئے کچھ لوگ عدالت بھی گئے تھے اور عدالت نے ھکم جاری کیا تھا کہ منوج جرنگے کو آزاد میدان پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے بعد جرنگے  ممبئی مارچ کے فیصلے پر اٹل تھے۔ بدھ کو حکومت نے خود مراٹھا احتجاج کیلئے اجازت نامہ جاری کیا لیکن یہ اجازت صرف ایک دن کیلئے ہے۔ مراٹھا سماج اب ۲۹؍ اگست کو صبح ۹؍ بجے سے شام ساڑھے ۶؍ بجے تک آزاد میدان پر دھرنا دے سکتا ہے۔  منوج جرنگے نے اس اجازت کو مراٹھا سماج کے ساتھ مذاق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ عدالت نے ہمیں احتجاج کی اجازت نہ دینے کیلئے کہا تھا اس کے بعد بھی حکومت نے اجازت دی اس کا مطلب ہے کہ اجازت دینا یا نہ دینا یہ حکومت کے ہاتھ میں تو پھر ایک دن کی اجازت دے کر مراٹھا سماج  کے ساتھ مذاق کیوں کیا جا رہا ہے؟ ‘‘ جرنگے نے کہا ’’ میں ۲۹؍ اگست کو آزاد میدان  میں بھوک ہڑتال پر بیٹھوں گا۔ آپ مجھ پر کوئی شرط عائد مت کیجئے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم صرف ایک دن دھرنا دیں تو آپ ایک دن  میں ہمیں ریزرویشن دیدیں۔ ورنہ ہم مطالبات پورے ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ چاہے ہم پر گولی چلادیں ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘ 
  اس موقع پر انہوں نے مراٹھا کارکنان سے بھی اپیل کی کہ وہ احتجاج کے دوران کوئی گڑ بڑ نہ ہونے دیں۔ مشتعل نہ ہوں اور لوگوں کو مظاہرے کو خراب کرنے کا موقع نہ دیں۔ خاموشی احتجاج کریں، پولیس کی ہدایت پر عمل کریں۔ البتہ مطالبات پورے ہونے تک موقع پر ڈٹے رہیں۔ 
  پونے  کے بعد منوج جرنگے نے جمعرات کو ممبئی کی جانب کوچ کیا۔ ان کا اگلا پڑائو نوی ممبئی میں ہوگا۔ اس کے بعد وہ چمبور کے راستے ممبئی میں داخل ہوں گے، اور آزاد میدان پہنچیں گے۔  اس دوران حکومت نے سیکوریٹی سخت کر دی ہے مگر جس بڑی تعداد میں مراٹھا سماج کے افراد جرنگے کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیںاسے دیکھتے ہوئے حکومت کیلئے ایک دن بعد واپس بھیجنا اپنے آپ میں ایک چیلنج ہوگا۔اس تعلق سے فرنویس حکومت اپنے افسران سے رابطے میںہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK