Inquilab Logo

پولیس کے زبردستی دکانیں بند کروانے سے میرا روڈ کے دکاندار ناراض

Updated: April 14, 2021, 9:40 AM IST | sajid mahmood | Mumbai

بیشتر دکاندروں کی رائے ہے کہ جز وقتی طور پر ہی سہی دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ حکومت سے جلد مسئلے کا حل نکالنے کی اپیل

Closed shops can be seen on Mira Road Photo Inqilab
میرا روڈ میں بند دکانیں دیکھی جا سکتی ہیں تصویرانقلا ب

مہاراشٹر حکومت نے پورے  مہاراشٹر میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیاہے جس میں  سنیچر اور اتوار کو مکمّل لاک ڈاؤن کے علاؤہ روزانہ شبینہ کرفیو لگایا گیا ہے۔ مگر دن کے اوقات میں لازمی خدمات اور اشیائے خوردونوش کے علاؤہ سبھی دکانوں کو بند کروایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے دکانداروں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔  میراروڈ کے نیانگر علاقے میں بھی منگل کے روز اسی طرح کی صورتحال تھی ۔ یہاں پر بھی بیوپاریوں نے پولیس پر زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔
  نریندر پارک کے قریب واقع ایک گارمنٹس کے تاجر ریاض شیخ نے پولیس پر زبردستی دکانیں بند کروانے اور لاٹھی چارج کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے پاس کھانا نہیں ہے گھر کا کرایہ نہیں ہے، گزشتہ لاک ڈاؤن میں تھوڑا بہت پیسہ بچا تھا اس سے گھر چلا رہے تھے مگر اس بار وہ بھی ختم ہو گیا ہے ۔‘‘کپڑے کے تاجر محمد عظیم نے کہا کہ پولیس’’ ہمارے ساتھ بدتمیزی کر رہی ہے۔‘‘ جبکہ کپڑے  ہی کے ایک اور  تاجر نفیس احمد کافی ناراض تھے کیونکہ ان کی دکان زبردستی بند کروائی گئی تھی ۔ 
 مصنوعی زیورات کا کاروبار کرنے والے دنیش چودھری نے کہا کہ دکانداروں کیلئے وقت مقرر کیا جائے وہ چلے گا مگر مکمّل لاک ڈاؤن نہیں چلے گا ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ ہمیں بڑی پریشانی ہو رہی ہے،دکان کا کرایہ کہاں سے نکلے گا اور گھر خرچ کیسے چلےگا ؟‘‘ ایک اور دکاندار عمران لاکھانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ کیا صرف کپڑے کی دکان سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور کھانے پینے کی دکانوں سے کورونا وائرس نہیں پھیل رہا ہے ؟‘‘  وہ کہتے ہیں’’ پھل اور سبزیوں کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں اور صرف کپڑوں کی دکانیں بند کروائی جا رہی ہیں ۔‘‘ 
موبائل شاپ کے رضا میاں نے کہا کہ ٹھیلے والے کرایہ نہیں بھرتے ہیں ہم لوگ کرایہ بھرتے ہیں یعنی ہماری پریشانی بڑی ہے  مگر ہماری دکانیں بند کروائی جا رہی ہے ۔ شاہد سیفی نے کہا کہ ’’ عوام پریشان ہیں اور اس طرح بھکمری کی نوبت آ سکتی ہے۔  حکومت کو غور وفکر کرکے اس مسئلہ کا کوئی  حل نکالنا چاہئے۔‘‘ جب اس سلسلے میں نیا نگر پولیس اسٹیشن سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو رابطہ نہیں ہو سکا۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK