وہائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ذاتی طور پر اس ایگزیکٹیو بورڈ کی سربراہی کریں گے جو ’’بورڈ آف پیس‘‘ کی رہنمائی کرے گا، اس طرح واشنگٹن، غزہ کی طرزِ حکمرانی اور تعمیرِ نو کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
EPAPER
Updated: January 17, 2026, 8:01 PM IST | Washington
وہائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ذاتی طور پر اس ایگزیکٹیو بورڈ کی سربراہی کریں گے جو ’’بورڈ آف پیس‘‘ کی رہنمائی کرے گا، اس طرح واشنگٹن، غزہ کی طرزِ حکمرانی اور تعمیرِ نو کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وہائٹ ہاؤس نے جمعہ کے دن غزہ پر حکمرانی کیلئے تشکیل دیئے جانے والے ’’بورڈ آف پیس‘‘ کے تمام ممبران کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ ایک بیان میں وہائٹ ہاؤس نے کہا کہ غزہ کے انتظام کیلئے قائم قومی کمیٹی، نیشنل کمیٹی فار دی ایڈمنسٹریشن آف غزہ (این سی اے جی) کی قیادت فلسطینی اتھارٹی کے سابق نائب وزیر ڈاکٹر علی شعث کریں گے۔ انہیں ایک ٹیکنوکریٹک شخصیت کے طور پر غزہ میں بنیادی عوامی خدمات کی بحالی، شہری اداروں کی دوبارہ تعمیر اور روزمرہ کی زندگی کو مستحکم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
ٹرمپ `بورڈ آف پیس` کے چیئرمین، ایگزیکٹیو بورڈ اتحادیوں سے بھرپور
وہائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ذاتی طور پر اس ایگزیکٹیو بورڈ کی سربراہی کریں گے جو ’’بورڈ آف پیس‘‘ کی رہنمائی کرے گا، اس طرح واشنگٹن غزہ کی طرزِ حکمرانی اور تعمیرِ نو کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس ایگزیکٹیو بورڈ میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کیلئے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر، سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر، ارب پتی فنانسر مارک روون، ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا اور امریکی سیاسی مشیر رابرٹ گیبریل شامل ہیں۔
بورڈ آف پیس سے منسلک ایک وسیع تر گورننس اور سروس ڈیلیوری ڈھانچے میں کئی بین الاقوامی شخصیات جیسے ترکی کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزیرِ مملکت ریم الہاشمی، مصری انٹیلی جنس چیف حسن رشاد، اقوامِ متحدہ کی عہدیدار سگریڈ کاگ، اقوامِ متحدہ کے سابق ایلچی نکولائی ملادینوف، تجربہ کار قطری سفارت کار علی الثوادی اور کاروباری شخصیت یاکیر گیبے کو نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں ۶؍ کروڑ ٹن ملبہ موجود، صاف کرنے میں ۷؍ سال سے زیادہ درکار: یو این اہلکار
ہائی ریپریزنٹیٹو اور سیکوریٹی چیف کے ناموں کا اعلان
وہائٹ ہاؤس نے نکولائی ملادینوف کو غزہ کیلئے ’ہائی ریپریزنٹیٹو‘ (اعلیٰ سطح کا نمائندہ) مقرر کیا ہے، جو بورڈ آف پیس اور این سی اے جی کے درمیان بنیادی رابطہ کار کے طور پر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ امریکی میجر جنرل جیسپر جیفرز کو انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس (آئی ایس ایف) کی کمان سونپی گئی ہے، جس سے توقع ہے کہ وہ عبوری مدت کے دوران غزہ کی سیکیورٹی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ دو مزید سینیئر مشیروں، آریہ لائٹ اسٹون اور جوش گرینبام کو بھی روزمرہ کی حکمتِ عملی اور آپریشنز کی نگرانی کیلئے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید نام سامنے آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے
خلاف ورزیوں کے باوجود جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز
وہائٹ ہاؤس کا یہ اعلان اسٹیو وِٹکوف کی جانب سے رواں ہفتے اس تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جس میں اب توجہ غیر فوجی سازی، تعمیرِ نو اور ٹیکنوکریٹک طرزِ حکمرانی کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ تاہم، جنگ بندی کے باوجود محصور علاقے میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت کم از کم تین فلسطینی شہید ہوئے، دوسری طرف فلسطینی ٹیکنوکریٹک کمیٹی اس منصوبے پر عمل درآمد کی تیاریوں کیلئے قاہرہ میں ملاقات کر رہی ہے۔