بیٹے کی موت پر انصاف کیلئے شری کانت شندے سے ملنے پہنچے باپ کی ہارٹ اٹیک سے موت ہو گئی تھی۔
شیوسینا (شندے) کارکنان متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے- تصویر:آئی این این
ضلع بیڑ کے تعلقہ کیج میں ایک غمزدہ خاندان پر وقت کی دہری مار پڑی تھی جب اپنے بیٹے کی موت پر رکن پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے کے پاس پہنچے رسول غفور سید خود ہارٹ اٹیک کے سبب فوت ہو گئے۔ اس واقعے سے خود شری کانت شندے کو پہنچا تھا اور وہ رسول غفور کے اہل خانہ سے ملنے ان کے گھر پہنچے تھے۔ انہوں نے نہ صرف تعزیت کی بلکہ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔ اب شری کانت شندے نے رسول غفور سید کیلئے باقاعدہ امداد پہنچائی ہے اور ان کے بچوں کی تعلیم کا ذمہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
اطلاع کے مطابق بیڑ ضلع ےک کیج تعلقے میں رہنے والےرسول غفور سید کے جوان بیٹے کا تقریباً ۱۰؍ روز قبل انتقال ہو گیا تھا، جسکے باعث خاندان پہلے ہی شدید غم میں مبتلا تھا۔ اسی دوران شیوسینا (شندے) کے رکن پارلیمان شری کانت شندے کیج آئے ہوئے تھے۔ رسول غفور سید اپنے بیٹے کی وفات کے معاملے میں مدد اور انصاف کی امید لے کر شری کانت شندے سے ملاقات کیلئے کیج پہنچے لیکن ملاقات سے قبل ہی انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ یوں مختصر عرصے کے اندر خاندان اپنے دو اہم افراد سے محروم ہو گیا، جسکے باعث اہل خانہ خانہ شدید صدمے اور مشکلات کا شکار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی شری کانت شندے نے مرحوم کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہیں تعزیت پیش کی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ شندے نے کہا کہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھے ۔ مشکل کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر ۵؍ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا اور مرحوم کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔اطلاع کے مطابق حال ہی میں شری کانت شندے نے اپنے کارکنان کے ہاتھوں اس غریب خاندان تک اپنی جانب سے امداد پہنچائی۔