محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق جون کےمقابلے جولائی میں ملیریا، ڈینگو، گیسٹرو، لیپٹو اسپائروسس اور سوائن فلو کی شکایتیں بڑھیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل۔
EPAPER
Updated: August 04, 2026, 12:17 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق جون کےمقابلے جولائی میں ملیریا، ڈینگو، گیسٹرو، لیپٹو اسپائروسس اور سوائن فلو کی شکایتیں بڑھیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل۔
بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے اعداد وشمار کے مطابق بارش کے موسم میں ہونے والی بیماریوں ملیریا، ڈینگو، گیسٹرو، لیپٹو اسپائروسس اور سوائن فلو کی شکایتوں میں جون کے مقابلے جولائی میں کافی اضافہ ہوا ۔ شہری انتظامیہ کے محکمہ صحت کی جانب سے پیر کو جاری رپورٹ کے مطابق جون کے مقابلہ جولائی میں ملیریا کے معاملات ۶۵۵؍ سے بڑھ کر ایک ہزار ۳۸۰ ، ڈینگو ۲۶۶؍ سے ۴۶۶؍، لیپٹو اسپائروسس ۳۳؍ سے ۷۸؍ ، گیسٹرو ۶۰۳؍ سے ۸۵۱؍ اور سوائن فلوکےمریض ۵۸؍ سے ۱۰۵؍ ہوگئےہیں ۔
حالانکہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کی مچھروں کی افزائش کو روکنے کی مہم موثر طریقے سے جاری ہے۔ تمام بی ایم سی اسپتالوں اور صحت مراکز میں ملیریا اور ڈینگو سے بچنے کیلئے باقاعدگی سے سروے، کیڑے مار ادویات کا چھڑکاؤ اور پانی جمع ہونے والے علاقوں کو صاف کیا جا رہا ہے ۔ اس مہم کا بنیادی مقصد اسپتال کے احاطے میں مچھروں کی افزائش کو روکنا اور وہاں آنے والے مریضوں، ان کے لواحقین اور ڈاکٹروں کو ملیریا اور ڈینگو جیسی بیماریوں سے بچانا ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: کرلا ٹرمنس پر مختلف کاموں کیلئے آج سے ۱۴؍ اگست تک خصوصی بلاک
احتیاطی تدابیر کے طور پربی ایم سی کی خصوصی مہم کے دوران یکم سے ۳۱؍جولائی کے دوران مجموعی طور پر ۶؍لاکھ ۵۹؍ہزار ۳۱۶؍ مکانوں کا سروے کیا گیا ۔ا س دوران ۲۳؍لاکھ ایک ہزار ۹۴۲؍ افراد کی بھی جانچ کی گئی۔۱۲۳؍ ہیلتھ چیک اپ کیمپ کاانعقاد کیا گیا۔لیپٹو اسپائروسس سے بچاؤ کیلئے ۵۱؍ہزار ۲۱۶؍ افراد کو دوادی گئی ۔
ویکٹر کنٹرول ایکشن رپورٹ:
۱) ملیریا پر قابوپانے کیلئے ۵۴؍ہزار ۶۰۵؍ مقامات کی جانچ کی گئی ۔
۲) ڈینگو پر قابوکیلئے ۲۱؍ ہزار ۹۲۴؍مقامات پرایڈیس مچھروں کی تشخیص کی گئی ۔ مچھروں کے افزائش کے کل ۱۰؍لاکھ۹۱ ؍ہزار ۳۱۵؍ مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی اور پانی کے پائپ، ٹائر اور منی پلانٹس وغیرہ کو ہٹایا گیا۔چھتوں اور احاطوں سے ۲؍ہزار ۵۳۵؍ ٹائروں اور ۶۴؍ ہز ا ر ۵۹۶؍ مختلف نوعیت کے سامان ہٹائے گئے۔
۳)جراثیم کش دواوالادھواں چھوڑا گیا
۴۲؍ ہزار ۲۸۴؍ عمارتوں اور ۵؍لاکھ ۹۵؍ہزار ۹۲؍ جھوپڑیوں میں جراثیم کش دوائوں کا چھڑکائو کیا گیا ۔
۴) چوہوں پر قابو پانے کی رپورٹ
یکم سے ۳۰؍جولائی کے درمیان۲؍ہزار ۶۲۳؍ چوہے پنجروں میں پکڑے گئے۔۷۸۳؍ چوہوں کو زہر کا استعمال کرکےمارا گیا۔ کل۳؍ہزار ۴۰۶؍ چوہے پکڑے گئے
ڈینگو، ملیریا، چکن گنیا سے بچاؤ کیلئے مشورے اوراقدامات
چونکہ اس وقت وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے گھروںکے آس پاس اور عمارتوں کے قریب کہیں بھی پانی جمع نہ ہو۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ مادہ مچھر ٹھہرے ہوئے پانی میں انڈے دیتے ہیں جس سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے، اگر کہیں جمع پانی نظر آئے تو اسے فوری طور پر صاف کیا جائے اور خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
پرانے ٹائر، پانی کے ٹینک، پائپ اور پلاسٹک کے کنٹینرز جیسی اشیاء کو ذخیرہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ ا س میں پانی جمع ہوسکتا ہے جس سے مچھرپیدا ہو سکتے ہیں ۔ مچھر دانی یا مچھر بھگانے والی دوائیں دن میں اور رات کو سوتے وقت استعمال کریں ۔ اگر آپ کو بخار آئے تو فوری طور پر قریبی بی ایم سی کے زیر انتظام جاری ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے ڈسپنسری یا بی ایم سی اسپتال جاکر مکمل علاج کرائیں۔
یہ بھی پڑھئے: انو شکتی نگر میں ایس آئی آر کا فارم صحیح طریقے سے نہ بھرنے کی شکایت
لیپٹواسپائروسس کی روک تھام کیلئے مشورہ:
بارش کے جمع شدہ پانی اور تیز بارش میں ننگے پاؤں چلنے سے گریز کریں۔ جب بھی ممکن ہو ربڑ کے جوتے استعمال کریں۔ اگر جمع شدہ پانی سے گزرہواہو تو طبی مشورے کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کیلئے احتیاطی تدابیر :
گیسٹرو سے بچنے کیلئے سڑکوں پر کھلا کھانا کھانے سے گریز کریں۔ کھانے سے پہلے ہاتھ دھوئیں یا ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں ۔ پانی کو ابال کر پئیں۔
شہریوں سے کووڈ ۱۹؍ اور انفلوئنزا سے بچنے کی اپیل:
کھانسی آئے توہاتھ منہ پر رکھیں۔ صابن اور پانی سے بار بار ہاتھ دھوئیں ۔ مناسب خوراک اور آرام کریں ۔ زیادہ خطرہ والے افراد، خاص طور پر کمزور مدافعتی نظام والے مریض جیسے کینسر، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، گردے کی بیماری وغیرہ میں مبتلا مریض سے مناسب احتیاط برتیں۔
شہریوں کو بخار ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے، خود دوا لینے سے گریز کریں اور قریبی ہیلتھ سینٹر/ ڈسپنسری/ اسپتال سے فوری مشورہ لیں۔