بی ایل او اپنا کام کم عمر لڑکوں سے کروا رہے ہیں جس کی وجہ سے فارم پُر کرنے میں غلطیاں ہو رہی ہیں،مقامی باشندوں میں تشویش۔
EPAPER
Updated: August 04, 2026, 10:35 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Cheeta Camp
بی ایل او اپنا کام کم عمر لڑکوں سے کروا رہے ہیں جس کی وجہ سے فارم پُر کرنے میں غلطیاں ہو رہی ہیں،مقامی باشندوں میں تشویش۔
ممبئی کے انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ نمبر۱۷۲؍میں ایس آئی آر کا فارم صحیح طریقے سے نہ بھرے جانے اور اس اہم کام پر کم عمر لڑکوں کو مامور کئے جانے کی شکایتیں ملی ہیں۔ شکایت کنندہ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ بی ایل او ان بچوں کے ذریعے فارم بھروا کر خود کو بری الذمہ سمجھ رہے ہیں جس سے بہت سے لوگوں کے نام کٹ جانے کا اندیشہ ہے۔
اس تعلق سے چیتاکیمپ میں بوتھ لیول ایجنٹ ( بی ایل اے) کے طورپرخدمات پیش کرنے والے محمد رفیق شیخ نے متعدد غلطیوں کی نشاندہی کی اور ایسے فارم بھی دکھائے جس میں ناموں اور تصاویر کی غلطیاں واضح ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان شکایات کی نشاندہی کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے توجہ نہیں دی جارہی ہے، اس سے لوگ پریشان ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’تبدیلی مذہب مخالف قانون آئین کے برخلاف ہے‘‘
ان شکایات کے تعلق سے نمائندۂ انقلاب نے الیکشن آفیسر عاصم جمعدار سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایا کہ جنہیں بچہ کہا جارہا ہے، وہ سب بالغ ہیں اور۱۸؍ سال سے زائد عمر کے ہیں۔ دوسرے فارم بھرنے میں غلطیوں کی نشاندہی پر توجہ دی جارہی ہے اور کس نے کس طرح اور کس سے میپنگ کی ہے، اس کا دھیان رکھا جارہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ آخری تاریخ سے قبل تمام فارم کی چیکنگ ہوجائے اور صحیح طریقے سے اپ لوڈ ہوجائے تاکہ کسی بھی شہری کا نام چھوٹنے نہ پائے اور نہ ہی بعد میں اس کے نام نوٹس جاری کرنے کی نوبت آئے۔
عاصم جمعدار نے مزید کہا کہ اس حلقے کے تمام۲۸۸؍ بی ایل او کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ایک فارم اچھی طرح چیک کریں، ووٹروں تک پہنچائیں۔ اس کے علاوہ اگر بالفرض کوئی ووٹر کسی سبب اپنی جگہ پر موجود نہیں تھا ، کہیں چلاگیا تھا تو اسے بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ،۱۷؍ اگست کے بعد جب ڈرافٹ لسٹ جاری ہوگی تو اس کے بعد فائنل لسٹ آنے تک ایک ماہ کا وقفہ رہے گا۔ اس دوران ایسا ووٹر اپنا فارم بھرسکے گا، اس کا نام کٹے گا نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’بھیونڈی سانحہ قدرتی آفت نہیں، انتظامی غفلت ہے‘‘
الیکشن آفیسر نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ممکن ہے کہ کسی بی ایل او سے غلطی ہوئی ہو ،پھر بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اسے درست کرلیا جائے گا اور فارم صحیح کرکے ہی اپ لوڈ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ایس آئی آر کے فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ ۸؍ اگست ہے۔ اگر اس تاریخ تک فارم نہ بھرا گیا تو نئی فہرست میں نام شامل نہیں کیا جائے گا۔