کوئی زمین جائیداد کے تنازع سے پریشان تھا تو کسی کو غیر قانونی تعمیرات کی شکایت تھی، تو کوئی خاتون اپنی بیٹی کیلئے انصاف چاہتی تھی
EPAPER
Updated: August 15, 2025, 11:26 PM IST | Mumbai
کوئی زمین جائیداد کے تنازع سے پریشان تھا تو کسی کو غیر قانونی تعمیرات کی شکایت تھی، تو کوئی خاتون اپنی بیٹی کیلئے انصاف چاہتی تھی
یوم آزادی کے موقع پرمہاراشٹر کے۶؍ الگ الگ مقامات پر احتجاجاً خود سوزی کی کوششوں کے واقعات سامنے آئے، تاہم موقع پر موجود پولیس کی فوری مداخلت کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعات ممبئی، بلڈانہ، دھولیہ، شولاپور، انداپور اور وردھا میں پیش آئے۔ بیشتر معاملات زمین کے تنازعات، واجبات کی عدم ادائیگی، انصاف کے مطالبات اور ناانصافی کے خلاف احتجاج سے جڑے ہوئے تھے۔ تمام مقامی پولیس تھانے ان واقعات کی چھان بین میں مصروف ہیں۔
مرین لائن پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ ناسک ضلع کے امباد سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگ منترالیہ کے باہر ان کے علاقے میں ہونے والی انہدامی کارروائی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اچانک منترالیہ کے گیٹ پر ایک بڑا ہجوم جمع ہوا اور چند مظاہرین نے خود پر آتش گیر مادہ چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنادیا اور مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس انہیں اپنے ساتھ تھانے لے گئی۔
ضلع بلڈانہ میں کلکٹر آفس میں پرچم کشائی کے دوران آندھروڈ گاؤں کی شیونتا بائی بنسوڑے نامی خاتون نے گیٹ پر اپنے جسم پر آتش گیر مادہ ڈال کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے اسے روک لیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ گاؤں میںغیر قانونی تعمیرات ختم کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بلڈانہ پولیس خاتون کو حراست میں لے کر معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔
اسی روز ضلع دھولیہ کے کلکٹر آفس میں پرچم کشائی کے موقع پر ایک خاتون نے جیجاماتا گرلس ہاسٹل کی ایک طالبہ کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے جسم پر پیٹرول چھڑک کر خودکشی کی کوشش کی۔ خاتون نے انتظامیہ اور وزراء سے اپیل کی کہ اس کی بیٹی کو انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ موقع پر موجود پولیس نے اسے قابو کر کے حراست میں لے لیا۔
شولاپور میں یوم آزادی کی تقریب کے دوران ضلع کلکٹر کے دفتر کے سامنے گورو پوار نامی نوجوان نے خود پر پیٹرول ڈال کر آگ لگانے کی کوشش کی، لیکن صدر بازار پولیس نے اسے فوراً پکڑ لیا۔ اسی طرح انداپور میں انتظامی عمارت کے صحن میں پرچم کشائی جاری تھی کہ پوجا شندے نامی نوجوان خاتون نے زمین کے تنازع پر خود سوزی کی کوشش کی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پوجا شندے دو دن سے الزام لگا رہی تھی کہ اس کے خاندان کے ساتھ زمین کے معاملے میں ناانصافی ہو رہی ہے اور طاقتور لوگ زمین ہتھیا رہے ہیں۔ اس نے پہلے ہی دھمکی دی تھی کہ وہ یوم آزادی پر خود سوزی کرے گی۔
وردھا میں ٹھیکیدار بابا ذاکر نے محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر میں واجبات کی عدم ادائیگی پر خود سوزی کی کوشش کی، جسے پولیس نے روک دیا۔ الزام ہے کہ پردھان منتری وشوکرما یوجنا سمیت سرکاری کام مکمل ہونے کے باوجود ادائیگی کے لیے رشوت طلب کی جا رہی تھی۔ پولیس ان تمام معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ خود سوزی کو احتجاج کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔