Inquilab Logo

دہشت گردی کےالزام میں گرفتار کئے گئے۶؍ نوجوانوں کو ۱۴؍ دنوں کاپولیس ریمانڈ

Updated: September 16, 2021, 9:35 AM IST | new Delhi

اسپیشل سیل نے گرفتار شدگان پر دہلی ، مہاراشٹر اور اتر پردیش میں حملوں کی سازش کا الزام عائد کیا، انیس ابراہم سے تعلق بتایا مگر ملزمین کے اہل خانہ نے دعوؤں  پر سوال اٹھائے، بہرائچ سے تعلق رکھنے والے ابوبکر کے والدین نے بتایا کہ وہ تبلیغی جماعت میں شرکت کیلئے دہلی گیاتھا جہاں اسے گرفتار کرلیا گیا

The arrested youths have been produced in court by the notorious Special Cell of Delhi Police and remanded. (PTI)
گرفتار شدہ نوجوانوں کو دہلی پولیس کے بدنام زمانہ اسپیشل سیل نے عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ (پی ٹی آئی)

 دہلی پولیس نے منگل کو جن  ۶؍ نوجوانوں کو دہلی ، مہاراشٹر اور یوپی  میں  دیوالی   کے موقع پر دہشت گردانہ حملوں کی سازش رچنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے  انہیں مقامی عدالت  نے ۱۴؍ دنوں کے پولیس ریمانڈ میں بھیج دیاہے۔ تفتیش کاروںکا دعویٰ ہے کہ گرفتار شدہ ۶؍ افراد میں سے ۲؍ نے پاکستان میں تربیت حاصل کی  ہے اور وہ پاکستان میں   اپنے آقاؤں کے اشارے پر ہندوستان میں حملے کی تیاری کررہے تھے۔ دوسری جانب گرفتارشدگان کے اہل خانہ  نے پولیس کے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔ 
 پولیس کے مطابق گرفتار شدہ نوجوان جان محمد شیخ(۴۷)، اسامہ (۲۲)، مولچند(۴۷)، ذیشان قمر(۲۸)، محمد ابوبکر(۲۳) اور محمد عامر جاوید (۳۱)  پاکستان میں سرگرم تنظیم کے اشارے پر کام کررہے تھے۔ پولیس کے مطابق ان میں  سے اسامہ اور قمر پاکستان میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ داؤد ابراہیم کا بھائی انیس ابراہیم بھی  دہشت گردی کی سازش میں شامل   ہے۔  پولیس کی کہانی کے مطابق حملے کی اس سازش کو انیس ابراہیم کی قیادت میں  انڈورلڈ  اور پاکستان کی خفیہ تنظیم آئی ایس آئی مل کر انجام دینے کی تیاری کررہے تھے۔ 
 دوسری طرف بہرائچ کےتھانہ قیصر گنج  میں  سوناری چوراہا کے  رہنے والے  ابو بکرکی گرفتاری کو غلط قراردیتے ہوئے ان کے اہل خانہ نے بتایا ہے  کہ وہ تو جماعت میں شامل ہونے کیلئے دہلی  مرکز  گیا تھا۔ جہاں سے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ کنبے کو گرفتاری کا علم  اخبارات سے ہوا۔ ابو بکر کی ماں ،ان  کے چھوٹے بھائی عمر اور چچا عمار  نے انہیں  بے قصور قرار دیتے ہوئے  کہا ہے کہ وہ کبھی پاکستان نہیں اسے غلط پھنسایاگیا ہے۔ پولیس کے مطابق  ابوبکر کے قبضے سے  دھماکہ خیزمواد بھی برآمد کیا گیا ہے یہی نہیں الزامہے کہ وہ بھی  پاکستان سے باضابطہ ٹریننگ لے کرآیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK