Inquilab Logo

دہلی کے سامنے گجرات کے بلے بازوں نے گھٹنے ٹیک دئیے

Updated: April 19, 2024, 12:38 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

گجرات ٹائٹنس کی پوری ٹیم ۸۹؍رنوں پر ڈھیر،کپیٹلس نے۶؍وکٹوں سے میچ جیت لیا، وکٹ کے پیچھے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رشبھ پنت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Delhi`s players put up a brilliant performance to bowl Gujarat out to their lowest score in the IPL. Photo: PTI
دہلی کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گجرات کو آئی پی ایل میں ان کے کمترین اسکور پر آؤٹ کردیا۔ تصویر :پی ٹی آئی

 تجربہ کار ایشانت شرما کی قیادت میں دہلی کیپٹلز کے گیند بازوں نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایسی تباہی مچائی کہ گجرات ٹائٹنس کے بلے بازوں نے ان کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ گجرات کے ۸؍ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے اور ٹیم آئی پی ایل میں اپنے کم ترین اسکور ۸۹؍پر ڈھیر ہو گئی۔ اس سے پہلے گجرات کا کمترین اسکور ۶؍ وکٹوں پر ۱۲۵؍ رن تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹائٹنس نے ۲۰۲۳ءکے سیزن میں اسی گراؤنڈ پر دہلی کے خلاف ہی یہ اسکور بنایا تھا۔ دہلی نے صرف ۸ء۵؍اوور میں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر ۹۲؍رن بنا کر ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری جیت درج کی۔ ساتھ ہی ۷؍ میچوں میں پچھلے سال کی رنر اپ گجرات کی یہ چوتھی شکست ہے اور اس کے لئے آگے کا راستہ مزید مشکل ہو گیا ہے۔ 
  دہلی کیپٹلس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور کپتان رشبھ پنت کا یہ فیصلہ بالکل درست ثابت ہوا۔ تجربہ کار ایشانت شرمااور مکیش کمار جیسے ماہر گیند باز کمال کر رہے تھے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے بھی ۲؍بلے بازوں کو اپنی اسپن گیندبازی کے جال میں پھنسایا۔ ایشانت نے دوسرے ہی اوور میں کپتان شبھمن گل کو آؤٹ کر دیا اور اس کے بعد وکٹوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ گجرات کا ٹاپ آرڈر ڈھہ گیا۔ شبھمن گل (۸)، ردھیمان ساہا (۲)، سائی سدرشن (۱۲) اور ڈیوڈ ملر (۲) صرف ۳۰؍کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ گجرات کی حالت وہی تھی جو گزشتہ سال اسی گراؤنڈ پر محمد سمیع کے سامنے دہلی کے بلے بازوں کی تھی۔ تب دہلی نے ۶ء۴؍ اوور میں صرف ۲۳؍ رن پر ۵؍ وکٹ گنوا دئیے تھے اور سمیع نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ اس بار گجرات کی ٹیم میں محمد سمیع نہیں تھے، لیکن ایشانت دہلی کی ٹیم میں تھے۔ ایشانت نے گزشتہ سال کے میچ میں شاندار گیند بازی کی تھی اور ٹیم ۱۳۰؍ رنوں کا ہدف بچانے میں کامیاب رہی تھی۔ 
  ایک بار پھر ایشانت شرما نے چارج سنبھال لیا اور کپتان گل اور پھر ڈیوڈ ملر کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد باقی گیند بازوں نے بھی گجرات کے بلے بازوں کو ٹکنے نہیں دیا۔ مکیش نے ۳؍ بلے بازوں کو اورا سٹبس نے ۲؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ گجرات کے لئے صرف راشد خان ہی کچھ مزاحمت کر سکے اور سب سے زیادہ ۳۱؍رن بنائے۔ 
 رشبھ پنت وکٹ کے پیچھے اچھے فارم میں نظر آئے
  دہلی کے کپتان رشبھ پنت وکٹ کے پیچھے پورے فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے ایشانت کی گیند پر بائیں جانب شاندار ڈائیو لگایا اور ڈیوڈ ملر کو ایک ہاتھ سے کیچ آؤٹ کیا جبکہ شاہ رخ خان اور ابھیوان منوہر کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک اور کیچ بھی لیا۔ انہیں وکٹ کے پیچھے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ پنت دہلی کے لئے وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ کیچ لینے کے معاملے میں دنیش کارتک کے برابر پہنچ گئے۔ کارتک نے ۲۰۰۹ءمیں راجستھان رائلز کے خلاف وکٹ کے پیچھے ۴؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا۔ 
 نیٹ رن ریٹ کے معاملے میں جلد بازی دیکھی گئی
 دہلی کے سامنے میچ جیتنے کیلئے صرف ۹۰؍رنوں کا ہدف تھا لیکن اس کے بلے بازوں کی نظریں میچ کو جلدی ختم کرنے اور نیٹ رن ریٹ پر تھیں۔ دہلی کے بلے بازوں نے جارحانہ شاٹس مارنے میں جلد بازی کا مظاہرہ کیا اور خراب شاٹس کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ تاہم دہلی کو اس جیت کی بری طرح ضرورت تھی جو اس نے آسانی سے حاصل کر لی۔ 
رشبھ پنت ٹیم کی کارکردگی سے خوش
گجرات کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے پر دہلی کے کپتان رشبھ پنت نے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بہت سی چیزیں ہیں جن کے بارے میں انسان خوش ہو سکتا ہے۔ ہم چمپئن ذہنیت کی بات کرتے ہیں اور آج ہماری ٹیم نے وہی کھیل دکھایا۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ میں بولنگ کے بارے میں زیادہ نہیں کہوں گا کیونکہ یہ ٹورنامنٹ کا ابتدائی وقت ہے اور ہمیں آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مزید بہتری لانی ہوگی۔ میدان میں آنے سے پہلے ہماری سوچ یہ تھی کہ ہمیں خود کو بہتر انداز میں پیش کرنا ہے۔ رن کے تعاقب کے دوران ہم نے ان رن کو جلد از جلد بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہو۔ ہمیں احمد آباد میں کھیلنا پسند ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK