ممبئی اورمہاراشٹرکی ۱۸۳۵۹؍املاک میں سے اب تک محض ۳۵۰۰؍ املاک کےدستاویزات اپ لوڈ کئے گئے، ۱۴۸۵۹؍املاک کی اپ لوڈنگ باقی۔
EPAPER
Updated: November 09, 2025, 9:49 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ممبئی اورمہاراشٹرکی ۱۸۳۵۹؍املاک میں سے اب تک محض ۳۵۰۰؍ املاک کےدستاویزات اپ لوڈ کئے گئے، ۱۴۸۵۹؍املاک کی اپ لوڈنگ باقی۔
’امید پورٹل‘ پر وقف بورڈ میں رجسٹرڈ املاک کے دستاویزات اَپ لوڈنگ کے معاملے میں ممبئی میں سب سے زیادہ سست روی پائی جارہی ہے۔ اب تک ریاستی سطح پر محض ۳۵۰۰؍ املاک کے دستاویزات اَپ لوڈ کئے گئے ہیں۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے ۵؍دسمبر آخری تاریخ طے کی گئی ہے اور اس میں صرف ۲۷؍ دن بچے ہیں۔
ممبئی سمیت ریاست بھر میں وقف بورڈ میں ۱۸۳۵۹؍ وقف پراپرٹیز پہلے سے رجسٹرڈ ہیں، ان کے دستاویزات کو’امید پورٹل‘ پر اپ لوڈ کیا جاناہے۔ ممبئی میں وقف کی کل ۱۳۷۰؍ املاک وقف بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں مگر اب تک بہت کم ٹرسٹیان اور متولیان نے اس جانب توجہ دی ہے۔ حالانکہ چہار جانب سےتنظیموں کے ذمہ داران اوراہم شخصیات کی جانب سے متعدد مرتبہ توجہ دلائی گئی اور الگ الگ تنظیموں کے دفاتر میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے، پھر بھی وہ مستعدی نظرنہیں آرہی ہے جو اس اہم کام کے لئے ہونی چاہئے۔ حالانکہ تساہل برتنے پرقانونی پیچیدگی پیدا ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔
امید پورٹل کا آفیشیل لنک: umeed.minorityaffairs.gov.inہے۔
جمعیۃ علماء، جماعت اسلامی، پرسنل لاء بو رڈ اوردیگر تنظیموں کے ذمہ داران سے بات چیت کرنے پرانہوں نےبھی کم لوگوں کے استفادہ کرنے کی بات تسلیم کی مگریہ امید ظاہر کی کہ جیسے جیسے وقت آگے بڑھے گا، اس کام میں بھی تیزی آنے کی امید ہے۔
ممبئی میں سست روی حیران کن
وقف بورڈ کے چیئرمین سمیرقاضی سے نمائندۂ انقلاب کےاستفسار پر انہوں نےمذکورہ بالا تفصیلات سے آگاہ کراتے ہوئے بتایا کہ ’’ اس اہم کام میں احمد نگر سب سے آگے ہے، دوسرے نمبرپر مراٹھواڑہ اورتیسرے نمبر پر ودربھ ہے جبکہ ممبئی میں یہ کام سب سے سست روی سے چل رہا ہے۔ حالانکہ یہاں ذمہ دار اشخاص ہیں، پڑھا لکھا طبقہ ہے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والوں کی بھی بڑی تعداد ہے پھر بھی حیرت انگیز طورپر ملک کی معاشی راجدھانی میں اس کام کے تئیں تیزی نظر نہیں آرہی ہے۔ دیگرمعاملات کی طرح اس تعلق سے بھی اہلیان ممبئی کومثالی رول ادا کرنا چاہئے۔ ریاست میں مجموعی وقف املاک ۱۸۳۵۹؍ میں سے محض ۳۵۰۰؍ املاک کے ہی دستاویزات کا اپ لوڈ کیا جاناحیران کن ہے۔ ‘‘
دیگرسرگرمیاں روک کرایک افسر کو۳؍ اضلاع کی ذمہ داری سونپی گئی
وقف بورڈ کے چیئرمین نےیہ بھی بتایا کہ ’’وقف بورڈ نے فی الوقت تمام سرگرمیاں روک کر اسی کام پر توجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے بورڈ کے دفتر میں ۱۵؍ ڈیسک کے افسران کو اسی کام پر مامور کیاہے اور ہر افسر کو۳؍ اضلاع کی ذمہ داری دی ہےکہ وہ اس کام کی نگرانی کریں اورضلعی سطح پرکام کرنےوالے ادارے، تنظیمو ں یاافراد کی مدد کریں۔ ‘‘ اسی طرح اہم تنظیموں کے دو دو ذمہ داران کے ساتھ ایک مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو وقف بورڈ کے ساتھ مل کراس تعلق سےکام کرے گی۔
سینٹرقائم کرنےوالو ں کی مالی مدد
وقف بورڈ کےچیئرمین قاضی نے یہ بھی بتایاکہ اگر کسی جگہ اپ لوڈنگ سینٹر قائم کیا جاتا ہے اور وہاں خد مات انجام دینے والوں کےلئے مالی مسائل درپیش آرہے ہیں تو وقف بورڈ کی جانب ان کومالی مدد بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان کا یہ بھی کہناتھا کہ اگر اس تعلق سے کسی کوکوئی دشوار ی پیش آرہی ہو تو وہ مقامی سطح پریا وقف بورڈ کےدفتر میں یا مجھ سے راست طور پر رابطہ قائم کرے، بور ڈ کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرائی جائے گی تاکہ یہ کام وقت کے اندر پورا کیا جاسکے۔