• Sun, 09 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جوکووچ نے سیمی فائنل میں شکست کا سلسلہ توڑ دیا

Updated: November 09, 2025, 10:56 AM IST | Paris

دنیا کے سابق نمبر ون سربیائی کھلاڑی نے ایتھنز ٹورنامنٹ کے فائنل میں قدم رکھا

Novak Djokovic played a brilliant game. Photo: INN
نوواک جوکووچ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این

سربیا کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اپنی سیمی فائنل میں ہار کا سلسلہ توڑتے ہوئے ایتھنز میں جاری اے ٹی پی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ جوکووچ نے جرمنی کے کوالیفائر یانک ہینفمین کو محض ۷۹؍ منٹ میں ۳۔ ۶، ۴۔ ۶؍ سے شکست دی۔ ۳۸؍سالہ جوکووچ کی اس مقابلے میں سروس ۲؍بار ٹوٹی لیکن اس کے باوجود انہوں نے مکمل کنٹرول میں رہتے ہوئے جیت درج کی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ امریکی سیبسٹین کورڈا یا اطالوی لورینزو موسیٹی میں سے کسی ایک سے ہوگا۔ خاص بات یہ ہے کہ موسیٹی کو اے ٹی پی فائنلز (ٹورین) میں جگہ بنانے کیلئے یہ خطاب جیتنا ضروری ہے۔ 
جوکووچ نے میچ کے بعد کہا’’یہ اس ٹورنامنٹ میں میرا اب تک کا سب سے بہترین ٹینس تھا اور یہ صحیح وقت پر آیا۔ ہینفمین ایک خطرناک کھلاڑی ہیں۔ ان کی سروس اور گراؤنڈ اسٹروکس دونوں ہی مضبوط ہیں، اس لئے مجھے پورے میچ میں توجہ مرکوز رکھنی پڑی۔ ‘‘
واضح رہے کہ یہ جیت جوکووچ کیلئے خاص رہی کیونکہ انہوں نے لگاتار ۴؍ سیمی فائنل میں ملنے والی شکست کا سلسلہ توڑا۔ وہ پہلے رولاں گیرو، ومبلڈن، یو ایس اوپن اور شنگھائی اوپن میں آخری ۴؍ میں ہار چکے تھے۔ ان کی پچھلی سیمی فائنل جیت مئی میں جنیوا کلے کورٹ ٹورنامنٹ میں ہوئی تھی جہاں انہوں نے فائنل میں ہیوبرٹ ہورکچ کو ہرا کر اپنا ۱۰۰؍ واں کریئر سنگلز خطاب جیتا تھا۔ مردوں میں ان سے زیادہ ٹائٹل صرف راجر فیڈرر (۱۰۳) اور جمی کونرس (۱۰۹) کے نام ہیں۔ 
سیمی فائنل میچ میں جوکووچ نے پہلے سیٹ میں ۲۔ ۳؍پر بریک حاصل کیا اور ۳۔ ۶؍سے سیٹ اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سیٹ میں حالانکہ انہوں نے دوایک پر سروس گنوائی لیکن فوراً واپسی کرتے ہوئے اسکور ۳۔ ۳؍ کردیا اور پھر فیصلہ کن بریک لے کر جیت یقینی بنائی۔ جیت کے بعد جوکووچ نے پُرجوش تماشائیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ایک بار پھر اس شاندار اسٹیڈیم کو بھرنے کے لئے آپ سب کا شکریہ۔ میں نے دنیا کے کئی خوبصورت انڈور اسٹیڈیم میں کھیلا ہے، لیکن یہ یقینی طور پر میرے کریئر کے ٹاپ۔ ۳؍ میں سے ایک ہے۔ ‘‘اس سال ایتھنز ٹورنامنٹ نے اب بند ہو چکے بلغراد اوپن کی جگہ لی ہے اور مقامی مداحوں کے لئے جوکووچ کی یہ کارکردگی کسی جشن سے کم نہیں رہی۔ 
سابالینکا اورربا کینا فائنل میں آمنے سامنے
عالمی نمبر ایک کھلاڑی آریانا سبالینکا نے کچھ مشکل لمحات سے گزرنے کے بعد سیمی فائنل میں امینڈا انیسیمووا کو۶۔ ۳، ۳۔ ۶، ۳۔ ۶؍ سے شکست دیکر ۳؍ سال میں پہلی بار ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ سبالینکا فائنل میں ایلینا رباکینا سے ٹکرائیں گی جنہوں نے پہلی بار اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ عالمی نمبر ۶؍ کی کھلاڑی رباکینا نے دوسرے سیمی فائنل میں ۱۵؍ ایس کی بدولت عالمی نمبر ۵؍ کی کھلاڑی جیسیکا پیگولا کو۶۔ ۴، ۴۔ ۶، ۳۔ ۶؍سے ہرایا۔ 
سبالینکا کو نمبر ۴؍کی انیسیمووا نے سخت ٹکر دی۔ پہلا سیٹ ایک گھنٹے تک چلا۔ انیسیمووا نے بریک پوائنٹ کے ۵؍ مواقع گنوائے اور ۲۴؍ غیر ارادی غلطیاں کیں۔ لیکن دوسرے سیٹ میں انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ۳؍بار سبالینکا کی سروس توڑ کر مقابلے کو فیصلہ کن سیٹ تک پہنچادیا۔ سبالینکا نے فیصلہ کن سیٹ کے ساتویں گیم میں اسکور۳۔ ۴؍کر دیا اور پھر میچ اپنے نام کر۔ قزاخستان کی ۲۰۲۲ء کی ومبلڈن چمپئن رباکینا نے اس مقابلے میں ابھی تک اپنے تمام ۴؍ میچ جیتے ہیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میں پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور اپنے پہلے میچ پوائنٹ پر پیگولا پر جیت حاصل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK