جنوبی ممبئی میں اسمارٹ میٹر لگائے جائیںگے

Updated: September 19, 2023, 9:58 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

آئندہ ماہ بیسٹ انتظامیہ شہر کے تمام الیکٹرک میٹر کو پری پیڈ میٹر میں تبدیل کر دے گی، صارفین کوموبائل کی طرح ری چارج کرانا ہوگا

According to an estimate, so far 26 lakh consumers` meters have been replaced with smart meters. (File Photo)
ایک اندازے کے مطابق اب تک ۲۶؍لاکھ صارفین کے میٹر بدل کر اسمارٹ میٹر لگائے جا چکے ہیں۔(فائل فوٹو)

اکثر و بیشتر صارفین اڈانی اور ٹورینٹ پاور کمپنی کے ذریعہ آنے والے بیجا بل سے پریشان رہتے ہیں اور شہر و مضافات میں اس کیلئے بارہا احتجاج بھی کیا جاتا رہا ہے ۔  اب برہن ممبئی الیکٹرسٹی سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ( بیسٹ ) انتظامیہ نے بھی بجلی سپلائی کوپوری طرح پرائیوٹائز کرتے ہوئے شہر بھر کا ٹھیکہ اڈانی کمپنی کو سونپ دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بیسٹ نے گزشتہ سال سے ہی بجلی بل کی چوری اور تاخیر سے ادائیگی کے مسئلہ سے بچنے کے لئے اسمارٹ میٹر لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا ۔ وہیں اب آئندہ ماہ جنوبی ممبئی و اطراف کے علاقوں میں بھی اسمارٹ میٹر لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا ۔
 بیسٹ انتظامیہ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق شہر کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں پرانے میٹر نکال کر اسمارٹ پری پیڈ میٹر لگانے کا سلسلہ پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے البتہ جنوبی اور سینٹرل ممبئی کے علاقوں میں پرانے میٹروں کو نکالنے اور نئے اسمارٹ میٹر لگانے کا سلسلہ آئندہ ماہ سے شروع کر دیا جائے گا ۔ 
 بیسٹ کے ڈپٹی پبلک ریلیشن آفیسر ایم وی گوساوی نے اسمارٹ میٹر لگائے جانے سے متعلق کہاکہ’’ آئندہ ماہ ساؤتھ اور سینٹرل ممبئی میں ساڑھے ۱۰؍ لاکھ اسمارٹ میٹر لگایا جائے گا یہ کارروائی ۳؍ ہفتہ یا ایک ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ پری پیڈ اسمارٹ میٹر لگانے سے بجلی کی چوری کا خدشہ بھی کم ہوجائے گا اور جرمانہ عائد کرنے کی نوبت بھی پیش نہیں آئے گی ۔‘‘
  بجلی کی چوری اور جرمانہ عائد نہ کئے جانے سے متعلق نامہ نگاروں کے ذریعہ پوچھے گئے سوال کے جواب میں آفیسر نے کہا کہ ’’ جس طرح آپ موبائل ری چارج کرتے ہیں اور آپ کو استعمال کئے گئے ڈیٹا کے تعلق سے الرٹ جاری ہوتا ہے ، ٹھیک اسی طرح آپ کے گھر میں استعمال ہونے والی بجلی کے مطابق جو صارف جتنی رقم ری چارج کرائے گا ،اس کے مطابق نہ صرف اسے الرٹ آتا رہے گابلکہ رقم ختم ہونے اور یونٹ کی تفصیلات کا بھی الرٹ جاری ہوگا ۔ پری پیڈ کے اس عمل سے رقم کے بقایا ہونے کی گنجائش ہی ختم ہوجائے گی ۔ پری پیڈ میٹر بالکل اسی طرح ہے جس طرح آ پ موبائل ری چارج کرتے ہیں ۔ اسی طرح پیسے ختم ہونے پر آپ کو ری فل کرانا ہوگا جب تک نہیں کرائیں گے تو بجلی سے بھی محروم رہنا پڑے گا ۔‘‘
 بیسٹ انتظامیہ کے بقول نئے پری پیڈ میٹر اور بجلی کا ٹھیکہ اڈانی الیکٹری سٹی کو دیا گیا ہے اور اس بات کے قوی امکان ہیں کہ شہر اور مضافات کے تمام علاقوں میں آئندہ ۲؍ سال میںاسمارٹ پری پیڈ میٹر سبھی رہائشی اور تجارتی علاقوں میں نصب کر دیا جائے ۔ 
 اطلاع کے مطابق اسمارٹ میٹر لگانے کا سلسلہ ۲۰۲۲ ء سے شروع ہوا تھا اور ایک اندازے کے مطابق ۲۶؍ لاکھ سے زائد صارفین کا میٹر تبدیل کر دیا گیا ہے ۔اس پورے عمل میں ۲؍ ہزار کروڑ روپے کی لا گت آئے گی ۔ بیسٹ کے بقول اس میٹر کے لگانے سے جہاں آپ کے میٹر کے ساتھ چھڑ چھاڑ کی جائے تو فوراً اس کا الرٹ  جاری ہوگا اور ساتھ ہی اڈانی الیکٹرسٹی آفیشل بھی اس مسئلہ پر قابو پانے کےلئے تیار رہیں گے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK