Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی این سی آر میں دھند کی چادر، شہریوں کو آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دقت

Updated: May 15, 2025, 11:24 PM IST | New Delhi

قومی راجدھانی کا موسم ابر آلود اور گرم ، آلودگی بھی پریشان کن ، انتظامیہ نے شہریوں کو بغیر ماسک کے گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت دی

The atmosphere is filled with smoke and dust on New Delhi`s Kartaviya Path. (PTI)
نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر دھنداور گرد وغبار سے اٹی ہوئی فضا ۔(پی ٹی آئی)

 دہلی-این سی آر میں جمعرات کا موسم  ابر آلود اور گرم رہا  اورآلودگی بھی پریشان کن رہی ۔ کئی جگہ دھند چھائی  رہی۔ اس سے گاڑی ڈرائیوروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔  ایسے موسم اور گرد وغبار سے آلودہ فضا میں لوگوں کو سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے تو کئی کو آنکھوں میں جلن کی شکایت ہے۔ 
  ایک طرف گرمی اور دوسری طرف دھند۔ دہلی این سی آر کے لوگ دوہری مار جھیلنے پر مجبور ہیں ۔ جمعرات کی صبح سے ہی دھند کی چادر ہر طرف دکھائی دے  رہی ہے ۔ بدھ کو دہلی کا اے کیو آئی۱۴۱؍ درج کیا گیا تھا جو درمیانے زمرے کا تھا لیکن جمعرات کی صبح اچانک دہلی-این سی آر میں دھند کی چادر دیکھنے کو ملی اور اے کیو آئی ۲۳۰؍ سےزائد ہوگیا ۔ایسے حالات میں گھر سے نکلنے سے پہلے لوگوں کو خاص دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ انتظامیہ نے الرٹ  جاری کیا ہےکہ لوگ  زہریلی ہوا  میںبغیر ماسک پہنے گھر سے باہر نہ نکلیں ورنہ صحت سے متعلق کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 
 ذرائع کے مطابق دھند کے درمیان لوگوں کو سانس لینے میں پریشانی آ رہی ہے اس لئے سانس سے متعلق بیماری میں مبتلا لوگوں کو کافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے  ۔  دہلی میں اس طرح کے موسم کو دیکھ کر لوگ بھی حیران ہیں۔ کیونکہ بدھ کو ہوا اتنی زہریلی نہیں تھی لیکن جمعرات کو صبح میں اچانک موسم بدلا بدلا سا نظر آ رہا ہے۔
 محکمۂ موسمیات نے جمعہ تک دہلی۔این سی آر میں ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ اس سے دہلی والوں کو گرمی اور آلودگی سے کچھ راحت مل سکتی  ہے ۔ بارش سے دھند کے ذرات بیٹھ جائیں گے تو موسم بھی کچھ حد تک صاف ہونے کا امکان رہے گا۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ دہلی۔این سی آر میں جمعہ کو بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور گرج کے ساتھ بوچھاریں پڑ سکتی ہیں ۔جمعرات اورجمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت۲۴؍ اور ڈگری  اور زیادہ سے زیادہ ۴۱؍ ڈگری سلسیس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ۲۴؍گھنٹے کے دوران دہلی میں شدید گرمی پڑی۔گزشتہ۲۴؍گھنٹے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۰؍ سے۴۲؍ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا  جبکہ کم سے کم درجہ حرارت ۲۵؍ ڈگری سلسیس تک  رہا۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK