Inquilab Logo

دیونار مذبح میں عیدالاضحی کے تعلق سے اب تک کوئی تیاری نہیں

Updated: June 16, 2022, 10:00 AM IST | Mumbai

جانوروں کی خریدوفروخت کیلئےشیڈ لگانے اور دیگر کاموں کیلئے انتظامیہ سے اجازت نہیں ملی،مذبح کے ذمہ دارکا اپنی جانب سے تیاری رکھنے کا دعویٰ

No preparations have yet been made for the animal sacrifice at the Deonar altar
دیونار مذبح میں جانوروں کی قربانی کے تعلق سے ابھی تک کوئی تیاری نہیں کی گئی ہے

:ممبئی میں ایک بار پھرکورونا کے بڑھتے ہوئےمریضوں کی تعداد کے پیش نظر دیونار مذبح انتظامیہ قربانی سے متعلق بےچینی کا شکارہے۔کیوں کہ انتظامیہ کی جانب سےاب تک کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔جبکہ عید الالضحیٰ میںاب صرف ۲۴؍ دن باقی رہ گئے ہیں۔دیونارمذبح میںجانوروں کی آمد سے لے کر  خریدو فروخت اور گاہکوں کی سہولت کیلئے کئے جانے والے کاموں کی شروعات اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ البتہ مذبح انچارج کی جانب سے دیونار مذبح کے کاموںکی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ ہری جھنڈی کا انتظار ہے۔
  دیونار میں جانوروں کے تاجر عقیل تائڑے نے نمائندہ ٔ انقلاب سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہر سال عیدالاضحی کےایام میں بھینس اور پاڑے کی قربانی کے علاوہ جانوروں کو رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جاتےہیں۔جن میں بکروں کو رکھنے کیلئے باڑے ، مذبح کے تمام مقامات پر جانوروںکو پینے کے پانی،تاجروں کےقیام ، ان کے لئے روشنی ،پانی، صفائی  اورجگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جاتے  ہیں اور دیگرسہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا یہ کام عیدالاضحی سے کم سےکم ڈیڑھ ماہ پہلے بی ایم سی کے فنڈ سے بڑے پیمانےعارضی شیڈ وغیرہ کا کام شروع کردیا جاتا ہے لیکن اس سال اب تک کام شروع نہیں ہوا ہے،اس لئے جانوروں کے تاجروں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔
 ان کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر بڑھتے ہوئے کورونا کے مریضوں کے سبب دیونار مذبح میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت اور بڑے جانوروں کی قربانی پرروک نہ لگادی جائے۔ ورنہ اس وجہ سے جہاں مسلمانوں کو قربانی میں دشواریاں پیدا ہوں گی۔ وہیں تاجروں کا بھی بہت بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوگا ۔   
 اس سلسلے میں نمائندۂ انقلاب نےدیونار سلاٹر ہاؤس کے کارگزار جنرل منیجر ڈاکٹر کلیم پٹھان سےتفصیلی بات چیت کی تو انھوں نے  بتایاکہ امسال دیونار مذبح میں قربانی کیلئے ہونے والے کاموں کو ۲؍ حصوںمیںتقسیم کیاگیا ہے ۔ کئی کام سینٹرل ایجنسی کے حوالے کردیئے گئے ہیںجبکہ بی ایم سی کے ذریعہ ہونےوالے کاموں کی تیار یاںمکمل ہوچکی ہیں۔ صرف میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ اجازت ملنے کی دیر ہے۔
 انھوں نےمزید کہا کہ دیونار مذبح کی طرف سے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے کہ دیونار سلاٹر ہاؤس میں قربانی کے ایام کیلئے بہتر سےبہتر انتظامات کے جائیں۔اگر ممبئی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ بھی جائےگی تو کورونا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ دیونار میں قربانی کے جانوروں کو لانے،خرید و فروخت اوربڑے جانوروں کی قربانی کرنے کی اجازت دی جائے۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میںکہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی دیونار مذبح میں قربانی کیلئے کام شروع ہوجانے چاہئے تھے لیکن اگر تاخیر سے بھی اجازت ملی تو ہم دن رات ایک کرکے جنگی پیمانےپرکام مکمل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اسی لئے ہم نےکام کرنے والے ملازمین کو پوری طرح سے الرٹ کردیا ہے ۔ 
 دیونارمذبح میں کام کرنے والے ٹھیکیدار آصف چوناوالانےکہاکہ دیونار کے ۳؍ اہم کاموںکی ذمہ داری کنٹریکٹ کے ذریعہ مجھے دی گئی  ہے لیکن ابھی تک کام کی اجازت نہیں ملی ہے  جس کی وجہ سے کام شروع نہیں ہوسکا ہے ۔ البتہ بہت جلد کام شروع ہونے کی امیدہےاور بی ایم سی کے حکم کاانتظار ہے۔ دیونارمذبح میں ہونے والے کاموںکی تاخیر کی وجہ ممبئی میں بڑھتے ہوئےکورونا کے مریضوں کی تعداد بتائی جارہی ہے۔ 

deonar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK