کورٹ کا فیصلہ، جسٹس بامبے ہائی کورٹ نے کہا کہ حکومت اپنی مرضی کے مطابق ان فوجی جوانوں کی پنشن روکنے کا اختیار نہیں رکھتی جنہوں نے ملک کی خدمت کی۔
بامبے ہائی کورٹ نے سابق فوجیوں کے حق میں فیصلہ سنایا۔ تصویر: آئی این این
ممبئی(ندیم عصران):آرمڈ فورس ٹربیونل کے ذریعہ فوجی جوانوں کو مختلف عارضہ میں مبتلا ہونے پر فورس سے دستبردار کرنے اورپنشن دینے کے فیصلہ کے باوجود مرکزی حکومت کے انکار پر اسے بامبے ہائی کورٹ میںچیلنج کیا گیا تھا ۔تاہم بامبے ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئےٹربیونل کے فیصلہ کو برقرار رکھااور ملک کی خدمات کے دوران مختلف عارضہ میں مبتلا ہونے والے فوجیوں کوہر حال میں پنشن فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔
بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شری چندر شیکھر اور جسٹس گوتم انکھڈ کے روبرو داخل کرتے عرضداشت کے ذریعہ بتایا گیا کہ ملک کی حفاظت کے لئے بحری ، فضائی اور زمینی بیڑے میں شامل ایسے فوجی جنہیں ذیابطیس ، ہائپر ٹینشن ، گردن یا کمر کے عارضہ میں یا پھر دل عارضہ کے علاوہ کسی اور عارضہ میں مبتلا ہونے کے سبب فورس سے نکال دیاجاتاہے ۔ کورٹ کو یہ بھی بتایا گیا کہ مختلف بیماریوں کے سبب ڈیوٹی انجام دینے سے قاصر کئی فوجیوں کو مرکزی حکومت اور اس کے میڈیکل بورڈ نے فوجیوں کو ملنے والی پنشن دینے سے انکار کردیا جبکہ وہ ڈیوٹی انجام دیتے وقت کسی بھی بیماری کا شکار ہوتا ہے۔چیف جسٹس کو یہ بھی بتایا گیاکہ ہر چند کہ آرمڈ فورس ٹربیونل نے فوجیوں کے حق میں فیصلہ سنایا ہے لیکن اسے بھی مرکزی حکومت نے ماننے سے انکار کر دیا ہے ۔
چیف جسٹس نے آرمڈ فورس ٹربیونل کے فیصلہ اور فوجیوں کو بیماریوں کے سبب پنشن سے محروم کئے جانے کی فراہم کردہ اطلاع کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کے پیش کردہ جواز کو خارج کر دیا ۔ چیف جسٹس شری چندر شیکھر نے کہا کہ ’’ وہ فوجی جو سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جان کی قربانی دینے کو تیار رہتے ہیں ، ڈیوٹی انجام دیتے وقت اگر وہ کسی بھی عارضہ میں مبتلا ہوجائیں تو انہیں فوجیوں کو دی جانے والی سہولت سے نہ تو محروم کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی پنشن کو روکا جاسکتا ہے۔ یہ غیر انسانی عمل ہے ۔ جن فوجی اہلکاروں کو ڈیوٹی دینے کے دوران مختلف عارضہ میں مبتلا ہونے کے سبب نکالا گیا ہے وہ ہر حال میں پنشن کے مستحق ہیں ۔‘‘
ہائی کورٹ نے آرمڈ فورس ٹربیونل کے فیصلہ کو درست قرار دیتے ہوئے اسے برقرار رکھا اور حکومت کو بیماری کے سبب نکالے جانے والے فوجیوں کو پنشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔