Inquilab Logo

صومالیہ: ریسٹورنٹ پردہشت گردانہ حملہ، ۶؍ افراد ہلاک

Updated: July 06, 2020, 8:26 AM IST | Agency | Mogadishu

دارالحکومت موغادیشو کی بندرگاہ کے قریب ایک خودکش حملہ بھی ہوا جس میں ۷؍افراد زخمی ہوگئے

Somalia Terrorist Attack
صومالیہ میں حملے کے بعد تباہی کا منظر

صومالیہ کےہر بیدوا میں مبینہ دہشت گردوں نے ایک ریسٹورنٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم ازکم۶؍ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی)کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت موغادیشو کی بندرگارہ کے قریب ایک خودکش حملہ بھی ہوا جس میں کم ازکم ۷؍ افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گرد تنظیم ’الشہاب‘  نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
 صومالیہ کی حکومت کو تقریباً ایک دہائی سے الشہاب کے حملوں کا سامنا ہے اور اب تک شہریوں کی بڑی تعداد ان حملوں میں لقمہ اجل بن چکی ہے۔الشہاب نے اپنے بیان میں کہا کہ بیدوا میں ان کا نشانہ ٹیکس جمع کرنے والے عہدیدار اور فوجی تھے اور وہ ریسٹورنٹ میں ایک ملاقات کر رہے تھے۔انہوں نےدعویٰ کیا کہ حملے میں۲؍ فوجی بھی مارےگئے لیکن مقامی عہدیداروں نے کہا کہ ہلاک ہونےوالے افراد عام شہری تھے۔
 دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ موغادیشو میں چیک پوائنٹ پرایک گاڑی پر اشارے کے باوجود نہ رکنے پر اہلکاروں نے فائرنگ کی۔ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار گاڑی چلارہا تھا اور بندرگاہ کے سامنے بنائی گئی چیک پوسٹ سے گاڑی کو ٹکرانا چاہتا تھا تاہم فائرنگ کرکے اس کو ہلاک کردیا گیا جبکہ گاڑی دھماکے سے اڑ گئی۔پولیس نے کہا کہ واقعے میں۲؍پولیس اہلکار اور۵؍ راہگیر زخمی ہوگئے۔بندرگارہ میں کام کرنے والے ایک مزدور نے بتایا کہ بندرگار کے اندر دھات کا ملبہ ہمارے اوپر آگرا اور ہمیں فائرنگ کی آواز بھی سنائی دی۔یاد رہے کہ دسمبر ۲۰۱۹ءمیں صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے مصروف علاقےمیں ایک کار بم دھماکے میں ۷۶؍افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔نجی ایمبولینس سروس امین کے ڈائریکٹر عبدالقدیر عبدالرحمٰن نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ’ہلاک افراد میں۲؍ ترک شہری بھی شامل ہیں تاہم ہمیں اس کی ابھی اطلاع نہیں کہ وہ راہ گیر تھے یا اس علاقے میں قیام پذیر تھے۔‘‘صومالیہ کی تاریخ میں سب سے خونریز حملہ اکتوبر ۲۰۱۷ء میںموغادیشو میں پیش آیا تھا جہاں ٹرک دھماکے کی وجہ سے۵۱۲؍ افراد ہلاک اور۲۹۵؍زخمی ہوگئے تھے۔

somalia Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK