ریاست کے مختلف اضلاع میں ماک ڈرل کا انعقاد ، مختلف محکموں نے ہنگامی حالات سے نپٹنے کی مشق کی، مقامی عوام نے پرجوش انداز میں انتظامیہ کے ساتھ تعائون کیا
EPAPER
Updated: May 07, 2025, 10:40 PM IST | siraj Shaikh and Mukhtar Adeel and Z A khan | Mumbai
ریاست کے مختلف اضلاع میں ماک ڈرل کا انعقاد ، مختلف محکموں نے ہنگامی حالات سے نپٹنے کی مشق کی، مقامی عوام نے پرجوش انداز میں انتظامیہ کے ساتھ تعائون کیا
پہلگام حملے کے بعد سے جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ اسی کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں جنگی صورتحال کی ماک ڈرل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ بدھ کو ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں مختلف محکموں کی جانب سے ماک ڈرل کیا گیا ۔
منگل کی رات ہندوستانی فوج نے دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا، بدھ کی صبح ہندوستانی فضائیہ کے جنگجو طیارے آسمانوں پر اڑان بھرتے نظر آئے۔ پونے ایئربیس سے بھی جنگجو طیاروں نے پرواز کیا اور فضا میں چکر لگایا۔ صبح تقریباً ۶؍بجے ایک جنگجو طیارہ آسمان کی جانب بلند ہوتا ہوا دیکھا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ مشق آدھی رات سے لے کر صبح ۶؍ بجے تک جاری رہی۔ پاکستانی فضائیہ کی جانب سے کسی ممکنہ جوابی کارروائی کے پیش نظر ہندوستانی فضائیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا۔ اسی تناظر میں پونے ایئربیس سے نہ صرف پونے بلکہ ممبئی شہر کو بھی مکمل فضائی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
ناسک میں بھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جلج شرما کی نگرانی میں ماک ڈرل کیا گیا جو آدھے گھنٹہ تک جاری رہا ۔ اس دوران عملی مشق کے ذریعے بتایا گیا کہ دشمن کے حملے سے بچاؤ ، زخمیوں کی مدد ، راحت کاری کے کام اور دشمن کے ارادے ناکام کس طرح کئے جائیں ۔ واضح رہے کہ ناسک کا شمار ملک کے اہم شہروں میں اس لئے بھی ہوتا ہے کہ یہاں آرٹیلری کیمپ ، ایئر فورس کا بیس ، کرنسی پرنٹنگ پریس اور سینٹرل جیل وغیرہ ہیں ۔
مراٹھواڑہ کے ناندیڑ شہر کے ریلوے اسٹیشن پر بھی ماک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ اس فرضی مشق کی قیادت ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابیناش کمار نے کی، اس میں بڑی تعداد میں مسلح سیکوریٹی اہلکاروں نے حصہ لیا۔ماک ڈرل کے دوران فرضی صورتحال یہ رکھی گئی کہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے اور وہ عمارت کے اندر چھپے ہوئے ہیں۔ اس منظرنامے کی بنیاد پر پولیس نے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ سرچ آپریشن انجام دیا۔جیسے ہی مسلح اہلکاروں نے اسٹیشن کے اطراف پوزیشن سنبھالی، کچھ دیر کیلئے وہاں موجود مسافروں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ تاہم، جلد ہی یہ واضح ہوگیا کہ یہ سب ایک مشق کا حصہ ہے، جسکے بعد عوام نے اطمینان کا سانس لیا۔
اس دوران رائے گڑھ ضلع کے اُرن شہر میں بھی آپریشن ابھیاس کے تحت ماک ڈرل کی گئی۔ ٹھیک شام ۴ بجے سول ڈیفنس فورس کاسائرن بجا کر شہریوں کو خطرے سے آگاہ کیا گیا۔شہر میں تحصیل دفتر او این جی سی کالونی ۔گرام پنچایت جانچے۔کوپرولی۔ اور جی ٹی پی ایس کمپنی کے علاقے میں سائرن بجایا گیا۔ اطلاع کے مطابق اُرن شہر میں آتشزدگی کے فرضی واقعات بتا کر موک ڈرل کی گئی۔اس موقع پر محکمہ پولیس،طب اورہنگامی حالات میں خدمات انجام دینے والی دیگر ایجنسیوں نے راحت کے کام انجام دیئے اور عوام کی رہنمائی کی۔اس کے بعد رات ۸؍ بجے شہر میں مکمل بلیک آؤٹ کیا گیا۔ ۱۰؍منٹ کے لئے پورے شہر کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ عوام نے بغیر کسی خوف کے ماک ڈرل کا خیر مقدم کیا اور مقامی انتظامیہ کا بھر پور تعاون کیا۔