Inquilab Logo

سونیا گاندھی سرگرم ہوں گی، بھارت جوڑو یاترا کا اعلان

Updated: May 16, 2022, 10:02 AM IST | Agency | Udaipur

کانگریس کےچنتن شیو ِر میں  اہم فیصلے، عوام سے رابطہ کی بحالی پر زور، ۲۰۲۴ء میں مودی کو ہرانے اور ای وی ایم کو ہٹانےکا عزم، لیڈروں کو ہندو مسلم کی بحث میں نہ پڑنے کی ہدایت

 Sonia Gandhi addressing at Chantanshiwar in Udaipur.Picture:INN
سونیا گاندھی اُدئے پور میں چنتن شیور میں خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

):  کانگریس صدر سونیا گاندھی نے  پارٹی کی کمان اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے سہ روزہ چنتن شیو ِر کے آخری دن اتوار کو اس عزم کا اظہار کیا کہ کانگریس جلد ہی اپنی کمزوریوں  پر قابو پالے گی۔اس کےساتھ ہی انہوں  نے پارٹی میں کئی داخلی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نافذ کرنے کیلئے آئندہ ۲؍ سے ۳؍ دنوں میں کانگریس ورکنگ کمیٹی  کے اراکین پر مشتمل ٹاسک فورس بنائی جائے گی جس کی قیادت وہ خود کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس صدر نے اعلان کیا کہ سیاسی معاملات پر غوروخوض کیلئے جلد ہی ان کی قیادت  میں ایک ایڈوائزی کمیٹی قائم کی جائے گی ۔ 
ہم کامیاب ہوںگے: سونیا گاندھی
  اجلاس کے آخری دن اختتامی تقریر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے ایک طرف جہاں اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ پارٹی  میں نئی جان پھونکنے کیلئے سرگرم ہوںگی وہیں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سہ روزہ چنتن شیور کارآمد اور سود مند رہی جس میں   پارٹی لیڈروں نے کھلے دل سے اپنی رائے پیش کی اور مشورے دیئے۔  انہوں نے پرعزم لہجے میں کہا کہ ’’ہم کامیاب ہوںگے، یہ ہمارا یقین ہے۔ یہی ہمارا نوسنکلپ ہے۔کانگریس کا نیا عروج ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ اُدئے پور کی تین روزہ میٹنگ میں جن اصلاحات پر اتفاق رائے قائم ہواہے ان کے نفاذ کیلئے جلد ہی  پارٹی میں ایک ٹاسک فورس قائم کردی جائے گی۔  انہوں  نے بتایا کہ یہ اصلاحات ۲۰۲۴ء کے انتخابات کو ملحوظ رکھ کی جارہی ہیں۔  ان میں پارٹی کے تنظیمیں ڈھانچے کے ساتھ ہی ساتھ تقرریوں کے اصول بھی شامل ہیں۔
ایڈوائزری گروپ کا قیام
  سونیا گاندھی نے بتایا کہ ’’میں نے سی ڈبلیو سی کے اراکین پر مشتمل ایک ایڈوائزری گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو میری قیادت میں وقفے وقفے سے میٹنگ کریگا اور سیاسی  موضوعات نیز پارٹی کو در پیش چیلنجز کا جائزہ لیتا رہےگا۔ ‘‘ انہوں  نے واضح کیا کہ ’’اس کے ساتھ ہی سی ڈبلیو سی کی میٹنگوں کا سلسلہ جاری رہےگا۔  ‘‘ سونیا گاندھی نے واضح کیا کہ ایڈوائزی گروپ اجتماعی  فیصلہ کرنے والا ادارہ نہیں ہوگا البتہ اس میں موجود سینئر لیڈروں کے مشوروں سے  پارٹی صدر کو فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔  انہوں نے بتایا کہ ایڈوائزری گروپ کے اراکین کے ناموں  کا اعلان بھی جلد ہی کردیا جائےگا۔
 ۲۰۲۴ء میں جیتنے اور ای وی ایم ہٹانے کا عزم
  اس بیچ کانگریس  کے سینئر لیڈر پرتھوری راج چوہان نے  چنتن شیور کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران  بتایا کہ اجلاس کے دوران اس بات پر بھی اتفاق رائے قائم ہوئی کہ ای وی ایم کے ذریعہ انتخابات کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں  نے کہا کہ یہ  پٹیشنوں  یا درخواستوں کے ذریعہ ممکن نہیں ہے بلکہ اس کیلئے ۲۰۲۴ء میں مودی کو شکست دینا ہوگا۔ پرتھوی راج چوہان نے   اس کیلئے اس سے قبل ہونےوالے اسمبلی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی کی ضرورت پر زور دیا۔  امید ظاہر کی جارہی ہے کہ ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن میں پارٹی اپنے انتخابی منشور میں   ای وی ایم کے استعمال کے خاتمے کابھی وعدہ کریگی۔ 
 ہندو مسلم کی سیاست کے جال میں نہ پھنسنے کی ہدایت
  چنتن شیور میں کانگریس کے نظریہ کے بارے میں بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ ’مسلم پارٹی ‘ کا ٹیگ ہٹانے کیلئے پارٹی کے شمالی ہند کے لیڈر جہاں سافٹ ہندوتوا کے حق میں تھے تودوسری جانب نارتھ ایسٹ کے لیڈروں کی رائے مختلف تھی۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی لیڈروں کو ہندو مسلم  کی سیاست کے جال میں  نہیں پھنسنا چاہئے  جو خود بی جےپی بچھاتی ہے۔انہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی جےپی  نے راج ٹھاکرے کو کس طرح  استعمال کیا ہے۔ 
 بھارت جوڑا یاترا اور عوام سے رابطہ کی بحالی
 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے واضح کیا کہ   آر ایس ایس  اور  بی جے پی  نفرت اور لڑائی کی سیاست کے ذریعے ملک کو تباہ کرنے کے در پے ہیں۔ انہیں شکست دینا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ان کی لڑائی بی جے پی کے نفرت اور پھوٹ ڈالنے والے نظریے کے خلاف ہے۔ اس تنظیم نے ملک میں نفرت اور تشدد کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ’’اس نظریے سے لڑنا میری زندگی کا مقصد ہے۔ بی جے پی کے نظریے سے ملک کو بچانا کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ ہم اس ملک کے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ جنگ لڑتے رہیں گے۔ ‘‘
 اس کے ساتھ ہی کانگریس نے ۲؍ اکتوبر کو مہاتما گاندھی  کے یوم پیدائش کے موقع پر کشمیر سے کنیا کماری تک بھارت جوڑو یاترا شروع کرنے کا اعلان کیا۔اس کے ساتھ ہی ضلعی سطح پر ۱۵؍ جون سے جن جاگرن یاترا بھی شروع کی جائےگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK