• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئزن کوٹ نے اہم پارلیمانی عہدوں پر اتفاق رائے قائم کرلیا، یاہو کے دور کا اختتام

Updated: November 12, 2026, 12:37 PM IST | Agency | Tel Aviv

اہم لیڈروں نفتالی بینیٹ، یائر گولان ، ایوگڈور لبرمین اور یائر لیپڈ نے آئزن کوٹ سے معاہدہ کیا، پانچوں لیڈروں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔

Gadi Eisenkot has solidified his position. Photo: INN
گادی آئزن کوٹ نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔ تصویر: آئی این این

اسرائیل میں بنجامن نیتن یاہو کو اقتدار سے باہر رکھنے کی کوشش کر رہے اپوزیشن اتحاد نے حکومت سازی کے عمل کے درمیان پارلیمنٹ کے اہم عہدوں پر اتفاق کر لیا ہے۔ وزیر اعظم بننے جا رہے آئزن کوٹ نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں کس لیڈر کو کون سی ذمہ داری جائے گی اس بارے میں  ابتدائی معلومات فراہم کی ۔ واضح رہے کہ آئزن کوٹ کے ساتھ ہونے والے معاہدہ میں  نفتالی بینیٹ، یائر گولان، ایوگڈور لبرمین اور یائر لیپڈ شامل ہیں۔ پانچوں لیڈروں نے مشترکہ بیان جاری کرکے بتایا کہ سابق وزیر اور یشار پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بننے جا رہے متان کہانا کو پارلیمنٹ کا اگلا اسپیکر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ 

سابق وزیر دفاع ایوگڈور لبرمین خارجہ اور دفاعی امور کی اہم کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ بینیٹ کی پارٹی کے نئے رکن پارلیمنٹ لیران اویشار بین-ہورِن کو مالیاتی کمیٹی کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ اس کے علاوہ رائے فولک مین کو ہاؤس کمیٹی کا چیئر مین بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ اس کمیٹی کی ذمہ داری پارلیمنٹ کے کام کاج اور اس سے متعلق امور کو سنبھالنے کی ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی خودنوشت ۲۴؍ گھنٹے میں ہی امیزون کی بیسٹ سیلر کتاب بن گئی

گادی آئزن کوٹ نے ’ایکس‘ پر کہا کہ انہوں نے تبدیلی اور اصلاحات کی سیاست کرنے والے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کے نام طے کر  لئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹیوں کی تشکیل کو اس ہفتہ ہاؤس کمیٹی کی میٹنگوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔ اس کے بعد بدھ کو پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس میں منظوری کے  لئے تجاویز پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اطلاع دی کہ اتحاد نے کچھ خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے، جن کی تفصیلات بعد میں جاری ہوں گی۔  

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عہدہ کو لے کر اتحاد کے اندر کئی دنوں سے بات چیت چل رہی تھی۔ شروعات میں نفتالی بینیٹ اور لبرمین اس عہدہ کے  لئےیائر لیپڈ کے نام کی حمایت کر رہے تھے ۔ آخرکار آئزن کوٹ اور لبرمین کے درمیان اتفاق رائے قائم ہو گیا۔ بہر حال ان تمام سرگرمیوںکی وجہ سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ نیتن یاہو کی اب اقتدار میں واپسی مشکل ہےلیکن آئزن کوٹ کے اتحاد میں عرب پارٹیوں کا کیا رول ہو گا اس بارے میں فی الحال کچھ واضح نہیں ہے کہ وہ کیا کردار ادا کریں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK