Inquilab Logo

جنوبی سوڈان: گرمی کی شدید لہر، اسکول غیر معینہ مدت کیلئے بند

Updated: March 18, 2024, 4:32 PM IST | Juba

جنوبی سوڈان میں گرمی کی شدید لہر کی پیش گوئی۔ احتیاط کے طور پر اسکول غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیئے گئے۔ مختلف مسائل سے نبرد آزما ملک سوڈان کے عوام پر مزید پریشانیوں کا بوجھ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

جنوبی سوڈان میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی گرمی کی شدیدلہر کی تیاری کے پیش نظر پیر سے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزارت صحت اور تعلیم نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ تمام بچوں کو گھر کے اندر رکھیں کیونکہ درجہ حرارت ۴۵؍درجہ سیلسیس (۱۱۳؍فارن ہائیٹ) تک بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ انتباہی مدت کے دوران کوئی بھی اسکول کھلا پایا گیا تو اس کا اجازت نامہ منسوخ کردیا جائے گا لیکن ہفتے کے آخر میں جاری ہونے والے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اسکول کب تک بند رہیں گے۔ 
وزارتوں نے کہا کہ وہ صورتحال کی نگرانی کرتے رہیں گے اور اس کے مطابق عوام کو آگاہ کریں گے۔ دارالحکومت جوبا میں رہنے والے رہائشی پیٹر گارنگ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو بجلی کے گرڈ سے منسلک کیا جانا چاہئے تاکہ ایئر کنڈیشنرز کی تنصیب کو ممکن بنایا جا سکے۔ 

جنوبی سوڈان موسمیاتی بحران کا شکار ہے جہاں گرمی کی لہریں عام ہیں لیکن شاذ و نادر ہی ۴۰؍درجہ سیلسیس(۱۰۴؍درجہ فارن ہائیٹ)سے زیادہ ہوتی ہیں۔ خانہ جنگی نے مشرقی افریقی ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جو خشک سالی اور سیلاب سے بھی دوچار ہے، جس سے باشندوں کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اپنے تازہ ترین ملکی احوال میں کہا کہ جنوبی سوڈان کو تشدد، معاشی عدم استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور پڑوسی ملک سوڈان میں تنازعات کے سبب نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی آمد کی وجہ سے ایک سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنوری میں ۸۱؍ لاکھ ۸؍ ہزار کمزور لوگوں کو خوراک اور نقد رقم منتقل کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK