Updated: July 09, 2025, 4:00 PM IST
| Madrid
اسپین غزہ جہاز مدلین پر حملے کے حوالے سے نیتن یاہو کی تحقیقات کر رہا ہے، اسپین کیقومی عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، وزیر خارجہ اسرائیل کٹز اور متعدد فوجی کمانڈروں کے خلاف ممکنہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
غزہ جا رہے امدادی جہاز ’’ میڈلین ‘‘ کی فائل فوٹو۔ تصویر: ایکس
اسپین کی قومی عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، وزیر خارجہ اسرائیل کٹز اور متعدد فوجی کمانڈروں کے خلاف ممکنہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ تحقیقات یکم جون کو امدادی جہاز’’ میڈلین‘‘ پر حملے کے حوالے سے شروع کی گئی ہیں۔ یہ جہاز ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘ کا حصہ تھا، جسے غزہ کے لیے علامتی انسانی امداد لے جانے کے دوران بین الاقوامی پانیوں میں روک لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’غزہ کی آبادی کی جبری منتقلی کا اسرائیلی منصوبہ انسانیت کیخلاف جرم ہے‘‘
عدالت اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا ملوث افراد نے جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم، تحفظ یافتہ افراد کے ساتھ تشدد اور غیر انسانی سلوک، غیرقانونی حراست، انسانی امداد کے حق کی خلاف ورزی، اور سمندر میں قزاقی یا تشدد کے اقدامات کیے ہیں۔یورپی پارلیمنٹ کے رکن خاومے آسنس نے کہا’’یہ اسرائیل کی سزا سے محفوظ رہنے کی پالیسی کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم ہے۔ جب ممالک اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو پھر شہری معاشرے پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خوف و ہراس کے خلاف انصاف کو اخلاقی، قانونی اور سیاسی آلے کے طور پر فعال کرے۔ ہمیں اب امید ہے کہ یہ اقدام دوسرے ممالک تک پھیلے گا، تاکہ نیتن یاہو انصاف کا سامنا کیے بغیر یورپ میں قدم نہ رکھ سکے۔‘‘