Inquilab Logo

بھنڈارہ سانحہ کی جانچ کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل

Updated: January 11, 2021, 11:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ریاستی اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولےنے بھنڈارہ جنرل اسپتال کادورہ کیا،حادثہ میں جاں بحق ہونے والے نومولود وںکے گھر والوں سے ملاقات ، جن ۷؍ بچوں کو بچایا جا سکا ان کی صحت کے بارے میںڈاکٹروں سے معلومات لی ،سبھی اسپتالوں کا فائر اور الیکٹریکل آڈٹ کرانے کااعلان

Uddhav Thackeray - PIC : PTI
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے بھنڈارہ جنرل ہاسپٹل کے اسٹاف سے گفتگو کرتےہوئے ۔(پی ٹی آئی

بھنڈارہ ضلع اسپتال میں آتشزدگی  سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولے اتوار کو بھنڈارہ پہنچے۔ انہوں نےاسپتال کا جائزہ لیا اور جاں بحق ہونے والے بچوں کے سرپرستوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اعلان کیاہے کہ اس طرح کا حادثہ دوبارہ نہ ہو اس لئے ریاست کے سبھی اسپتالوں کا فائر اور الیکٹریکل آڈٹ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس سانحہ کی جانچ کیلئے زونل کمشنر کی نگرانی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی یقین دلایا ۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’ عام شہریوں کو ضلع اسپتال میں علاج کی بہتر سہولتیں میسر ہو سکیں ،یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔  بھنڈارہ جیسے حادثات سے شہریوں کے بھروسہ کو ٹھیس نہ پہنچے اور  ایسا حادثہ ریاست میں کہیں اور نہ ہو  اور  ایک بھی بچے یا شخص کی موت نہ ہواس کیلئے پوری ریاست کے اسپتالوں کا فائر اور الیکٹریکل آڈٹ کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے بھنڈارہ ضلع اسپتال کے نومولود بچوں کے اس  وارڈ کا جائزہ لیا جس میں آگ لگی تھی  اور جن ۷؍ بچوں کو بچا لیا گیا  ان کی صحت کے تعلق سے ڈاکٹروں سے معلومات لی اور  ان کے سرپرستوں سے بھی بات چیت کی۔
 اس موقع پر اسمبلی   اسپیکر نانا پٹولے، وزیر برائے ٹرانسپورٹ انل پرب، نگراں وزیر ڈاکٹر وشواجیت کدم ، رکن پارلیمان سنیل منڈے ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اشیش کمار سنگھ ، ڈویزنل کمشنر ڈاکٹر سنجیو کمار ، ضلع کلکٹر سندیپ کدم اور دیگر موجود تھے۔
 وزیر اعلیٰ نے  بھنڈارہ سانحہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے  اس کی مکمل جانچ کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر نگراں وزیر ڈاکٹر وشواجیت کدم نے یقین دلایا کہ اس حادثہ میں زخمی ہونے والے بچوں کو ہر ممکن مدد دی جائے گی۔
زونل کمشنر کی نگرانی میں جانچ ہوگی
 وزیر اعلیٰ آفس ذرائع کے مطابق بھنڈارہ سانحہ کی مکمل جانچ ناگپور کے زونل کمشنر ڈاکٹر سنجیو کمار کی صدارت میں بنائی جانے والی ایک کمیٹی کرے گی۔ اس خصوصی کمیٹی میں ممبئی فائر بریگیڈ کے سابق چیف آفیسرپی ایس رہنگڈالے کے ساتھ تکنیکی  ماہرین بھی شامل ہوں گے  اور اسی طرح دیگر محکموں کے ماہرین بھی شامل ہوں گے ۔
  وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اس کمیٹی کو جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کر نے کی ہدایت دی  ہے۔
 اس دوران اسپیکر نانا پٹولے نے کہا کہ بھنڈارہ ضلع اسپتال میں ہونے والا آتشزدگی کا سانحہ افسوسنا ک ہے۔ اس طرح کا حادثہ ریاست میں نہیں ہونا چاہئے۔ اسپیکر نے بھی اس کی باریکی سے جانچ کرنے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی  کا یقین دلایا ۔
 اس کی بھی جانچ کی جائے گی کہ کہیں کورونا کے
 سبب دیگر انتظامات میں تو لاپروائی نہیں کی گئی
  ذرائع ابلاغ کے نمائندوں  سے بات چیت کرنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ پوری ریاست میں کورونا کی وبا کے دوران زیادہ توجہ اسی پر مبذول کی گئی تھی لیکن اس حادثہ میں یہ بھی جانچ کی جائے گی کہ کہیںکورونا کی وجہ سے اسپتال کے دیگر انتظامات پر لاپروائی تو نہیں برتی گئی ہے۔ ‘‘
  انہوں  نے مزید بتایاکہ ’’ میڈیا کے نمائندوں سے یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ اسپتال کو بتایا گیاتھا کہ اس طرح کا حادثہ ہونےکا اندیشہ ہے، اس کے باوجود اس پر توجہ نہیں دی گئی تو اس امور پر بھی جانچ کی جائے گی اور جانچ میں جو بھی خاطی پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK