• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رنبیر کپور اور یش کی فلم ’’رامائن‘‘ کی باکس آفس پر شاندار شروعات

Updated: November 06, 2026, 4:10 PM IST | Mumbai

ہندوستانی سنیما کی سب سے بڑے پیمانے پر تیار کی جانے والی فلموں میں شامل ’’رامائن: پارٹ ون‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے فلمی دنیا میں زبردست ہلچل پیدا کردی ہے۔ رنبیر کپور اور یش کی مرکزی اداکاری سے سجی اس فلم کے سازندوں کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں پہلے دن مجموعی طور پر ۱۵۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔

Ramayana.Photo:INN
رامائن۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی سنیما کی سب سے بڑے پیمانے پر تیار کی جانے والی فلموں میں شامل ’’رامائن: پارٹ ون‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے فلمی دنیا میں زبردست ہلچل پیدا کردی ہے۔ رنبیر کپور اور یش کی مرکزی اداکاری سے سجی اس فلم کے سازندوں کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں پہلے دن مجموعی طور پر ۱۵۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فلم نے دیوالی سے قبل ریلیز ہونے والی ہندوستانی فلموں میں سب سے بڑی اوپننگ کا نیا ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فلم ۵ ؍نومبر کو ملک اور بیرون ملک کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ 
فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دیوالی سے قبل کے مصروف دنوں میں، جب لوگ تہوار کی تیاریوں، خریداری اور سفر میں مصروف رہتے ہیں، اس کے باوجود فلم کو ناظرین کی بڑی تعداد دیکھنے کے لیے سینما گھروں تک پہنچی۔ فلم کے پروڈیوسروں نے اپنے بیان میں کہا کہ’’رامائن‘‘ کو ابتدائی دن سے ہی شائقین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور صبح کے شوز سے ہی تھیٹروں میں ناظرین کی موجودگی حوصلہ افزا رہی۔
ٹریڈ رپورٹس کے مطابق فلم نے ہندوستان میں پہلے دن تقریباً ۶۴ء۸۵؍کروڑ روپے کا خالص کاروبار کیا، جبکہ مجموعی گھریلو آمدنی تقریباً ۷۷ء۵۰ ؍کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ فلم کو ہندی، کنڑ، تیلگو، تمل اور ملیالم زبانوں میں ریلیز کیا گیا۔ ان میں ہندی ورژن نے سب سے زیادہ کمائی کرتے ہوئے تقریباً ۴۷ء۵۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ کنڑ ورژن سے ۷ء۲۵ ؍کروڑ،تمل سے ۲ء۶۰ ؍کروڑ اور ملیالم ورژن سے ڈیڑھ کروڑ روپے حاصل ہوئے۔
دنیا بھر کی کمائی کے سلسلے میں مختلف تجارتی ذرائع کے اعداد و شمار میں فرق سامنے آیا ہے۔ جہاں فلم کے سازندوں نے ۱۵۵ ؍کروڑ روپے کی عالمی کمائی کا اعلان کیا ہے، وہیں بعض باکس آفس ٹریکرز نے پہلے دن کی عالمی آمدنی تقریباً ۱۲۷ء۵۰ ؍کروڑ روپے بتائی ہے۔ اس لیے ۱۵۵ ؍کروڑ روپے کے اعداد و شمار کو فی الحال سازندوں کے دعوے کے طور پر دیکھنا مناسب ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے:AMU طلبہ یونین انتخابات: نعمان اشرف صدر، نشریٰ نعیم پہلی خاتون نائب صدر منتخب

تین مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے والے معروف موسیقار رکی کیج نے بھی ’’رامائن‘‘ دیکھنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فلم کی کہانی، موسیقی، صوتی اثرات اور بصری تکنیک کی زبردست تعریف کی۔ رکی کیج کے مطابق وہ فلم دیکھتے وقت اس کے تکنیکی پہلوؤں، موسیقی اور خصوصی بصری اثرات کا جائزہ لینے کے ارادے سے سنیما گھر پہنچے تھے، لیکن فلم شروع ہونے کے محض چار منٹ بعد ہی وہ کہانی میں اس قدر محو ہوگئے کہ تنقیدی جائزہ لینا بھول گئے۔ ان کے خیال میں فلم ہندوستانی سنیما کی تاریخ کے اہم ترین تخلیقی کارناموں میں سے ایک ہے۔انہوں نے خاص طور پر راوَن کے کردار کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلم میں اس کردار کی پیچیدگی اور شخصیت کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ رنبیر کپور کی رام کے کردار میں اداکاری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابتدا میں انہیں اس کردار میں رنبیر کو قبول کرنے میں کچھ وقت لگا، لیکن جنگل میں بنواس کے مناظر سے اداکار نے اپنے انداز، چال ڈھال اور تاثرات کے ذریعے کردار کو بخوبی نبھایا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:راجیہ سبھا کے رکن بننے کے بعد بھی تھرڈ کلاس میں سفر کرتے تھے پرتھوی راج کپور

رکی کیج نے یش کی اسکرین پر موجودگی اور راؤَن کے کردار کی بھی تعریف کی۔ ان کے مطابق فلم کے بصری اثرات ہالی ووڈ کی بڑی فلموں کے معیار کے ہم پلہ ہیں اور بعض مقامات پر ان سے بھی بہتر محسوس ہوتے ہیں۔ انہوں نے جٹایو اور راون کے درمیان فلمائے گئے منظر کو فلم کا سب سے متاثر کن حصہ قرار دیا۔ موسیقی کے حوالے سے انہوں نے اے آر رحمان اور ہانس زیمر کی مشترکہ کاوش کو بھی غیر معمولی بتایا۔ 
تیلگو سنیما کے معروف اداکار مہیش بابو نے بھی فلم کے حوالے سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں رنبیر کپور، یش اور سائی پلوی کی اداکاری کو جادوئی قرار دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ فلم کو مختلف فلمی شخصیات کی جانب سے ملنے والی پذیرائی نے اس کی تشہیر اور ناظرین کی دلچسپی میں مزید اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK