Inquilab Logo Happiest Places to Work

اُترپردیش میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کی قیاس آرائیاں

Updated: August 25, 2026, 11:40 AM IST | Agency | Lucknow

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے وفد کے ہمراہ ۲؍ روزہ دورے پر لکھنؤ پہنچے، طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ہی ضلع افسران اور بی ایل اوز سے بھی گفتگو کا پروگرام۔

Chief Election Commissioner Gyanesh Kumar addressing current students and faculty at his alma mater. Picture: INN
اپنے مادر علمی میں موجودہ طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار۔ تصویر: آئی این این

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے۲؍ روزہ دورے پر اُتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں ہیں۔ اس دوران وہ لکھنؤ اور آس پاس کے اضلاع میں ۵۰۰؍ سے زیادہ بوتھ لیول افسران (بی ایل اوز) سے براہ راست بات چیت کریں گے۔یہ گفتگو ۲۵؍اگست کو ہونےوالی ہے۔ اسی وجہ سے ریاست میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کی قیاس آرئیاں ہونے لگی ہیں۔ خیال رہے کہ اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کی مدت ۲۲؍مئی۲۰۲۷ء کو ختم ہو رہی ہے۔ اسمبلی انتخابات آئندہ سال کے اوائل میں ہونے والے ہیں، لیکن سی ای سی کے دو روزہ دورے نے ریاستی سیاست میں ہلچل پیدا کردی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ میں مراٹھی زبان پر تنازع۔ ایم این ایس کی مداخلت

گیانیش کمار کالکھنؤ کا دو روزہ دورہ آئندہ سال ہونے والے آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے ابتدائی تیاریوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ انتخابی مشینری کو مضبوط بنانے کیلئے بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔ سی ای سی کے اس بظاہر بے وقت دورے کی کئی انتظامی اورسیاسی وجوہات ہیں۔ اس دورے کا مقصد انتخابی تیاری ہے، لیکن اس کی توجہ سیاسی جلسوں یا تاریخ کے اعلانات پر نہیں ہے بلکہ انتظامی تیاریوں (ڈیجیٹل ایکو سسٹم، ای ایل سی پورٹل، ووٹر لسٹ کی تصدیق) اور نئے ووٹروں کو شامل کرنے پر بھی ہوسکتی ہے۔ لکھنؤ میںبی ایل اوز کے ساتھ  ان کی براہ راست بات چیت کے پیچھے بھی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کے میڈیا پر امریکی سفیر کا گہرا طنز

واضح رہے کہ نوجوانوں میں انتخابی خواندگی اور جمہوری بیداری بڑھانے کے مقصد سے الیکشن کمیشن نے پیر کو لکھنؤ میں ’الیکٹورل لٹریسی کلب ‘ پر دوسری علاقائی کانفرنس کا انعقاد کیا۔کانفرنس میں کمشنر گیانیش کمار نے طلبہ اور اساتذہ سے  خطاب کرتے ہوئے انہیں انتخابی عمل کی معلومات دینے اور جمہوری شرکت کیلئے ترغیب دینے پر زور دیا۔کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا مقصد تعلیمی اداروں کے ذریعے نوجوانوںمیں انتخابی خواندگی اور جمہوری بیداری کو فروغ دینا ہے۔ مختلف اسکولوں اور کالجوں سے آئے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل سے متعلق معلومات اور سمجھ کو اگلی نسل تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات آئین، قانون اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کرائے جاتے ہیں۔ تمام مراحل میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروںکی نگرانی کے تحت شفاف طریقے سے عمل مکمل کیا جاتا ہے۔انہوں نے طلبہ اور نوجوان ووٹروں کو انتخابی عمل، جمہوری اقدار اور الیکشن کمیشن کے کردار و طریقہ کار سے واقف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھئے: ملک میں تقریباً ۲۵؍ فیصد نوجوان تعلیم، روزگار اور تربیت سے باہر ہیں: نیتی آیوگ کی رپورٹ میں انکشاف

 اس دورے کو جین ز ی کےدرمیان اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے

کہا جاتا ہے کہ ملک میں جین زی کے بڑھتے اثرات اور ان کی سوال پوچھنے کی جرأت سے صرف حکمراں جماعت ہی پریشان نہیں ہے بلکہ وہ لوگ بھی پریشان ہیں جن پر حکومت کےساتھ ملی بھگت کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کاشمار بھی انہیں ادار وں میں ہوتا ہے۔ اسی لئے چیف الیکشن کمشنر کے اس دورے کو جین زی کے درمیان اپنی ساکھ کو بچانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔  خیال رہے کہ گیانیش کمار نے طلبہ نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ وہ ابھی سے اپنے جمہوری حقوق اور شہری فرائض کے بارے میں باخبر رہیں۔واضح رہے کہ گیانیش کمار پیر کو اسی اسکول میں استاد کے کردار میں نظر آئے جہاں انہوں نے کبھی طالب علم کی حیثیت سے تعلیم حاصل کی تھی۔ لکھنؤ کے’ کالون تعلقدار کالج پہنچ کر انہوں نے انٹر میڈیڈیٹ کے طلبہ سے جمہوریت، انتخابات اور حقِ رائے دہی جیسے موضوعات پر براہِ راست گفتگو کی۔اس موقع پر ریاست کے مختلف کالجوں سے طلبہ اور اساتذہ  انہیں وہاں سننے اور دیکھنے کے لئے پہنچے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK