بورڈ آف ڈائریکٹرس نے۵۵۰۰؍ کروڑ فنڈ اکٹھا کرنے کی تجویز منظورکی، سرمایہ کاروں سے گفتگو۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 1:23 PM IST | Agency | Mumbai
بورڈ آف ڈائریکٹرس نے۵۵۰۰؍ کروڑ فنڈ اکٹھا کرنے کی تجویز منظورکی، سرمایہ کاروں سے گفتگو۔
مالی مشکلات سے دوچار فضائی کمپنی اسپائس جیٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے بدھ کو اپنی مالی حالت بہتر بنانے کیلئے۵۵۰۰؍ کروڑ روپے تک فنڈ جمع کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ایئرلائن کو مالی اور آپریشنل مسائل سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ بدھ کو منعقدہ بورڈ کے اجلاس میں ممکنہ نئے سرمایہ کاروں کے ساتھ سرمایہ کاری کے سلسلے میں جاری بات چیت سے بورڈ کو آگاہ کیا گیا۔ کمپنی کے ایک بیان کے مطابق، بورڈ نے ایئرلائن کی مالی حالت مضبوط بنانے، پروازوں اور آپریشنل صلاحیت کو دوبارہ بحال کرنے اور کمپنی کی بحالی کیلئے۵۵۰۰؍ کروڑ روپے تک جمع کرنے کی تجویز منظور کر لی ہے۔
اس کے علاوہ بورڈ نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ اس معاملے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے کام کیا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ سرمایہ کاری ایکویٹی اور دیگر مجاز مالی ذرائع کے امتزاج کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم اس کیلئے ضروری منظوریوں کا حصول لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: باغبانی کے شعبہ میں ریکارڈ پیداوارمتوقع
بورڈ نے کمپنی کے شیئر کیپٹل کو ۲۰۰۰ء کروڑ روپے سے بڑھا کر ۷۵۰۰ء کروڑ روپے کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔ اس کیلئے شیئرمالکان اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی منظوری درکار ہوگی۔ ایئرلائن نے کہا کہ وہ غیر معمولی طور پر مشکل حالات میں کام کر رہی ہے۔ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور فضائی حدود پر عائد پابندیوں نے اس کے آپریشنز پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
مجوزہ سرمایہ کاری سے امیدیں
اسپائس جیٹ کا کہنا ہے کہ مجوزہ سرمایہ کاری سے اسے ان چیلنجز سے نمٹنے، اپنی مالی صورت حال بہتر بنانے، طیاروں کے بیڑے میں توسیع اور روزمرہ آپریشنل ضروریات پوری کرنے کیلئے اضافی مالی وسائل میسر آئیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے ایئرلائن کو اپنا فضائی نیٹ ورک بحال کرنے اور ایک مضبوط اور پائیدار کاروبار کی تعمیر میں بھی مدد ملے گی۔اسپائس جیٹ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اجے سنگھ نے کہا کہ سرمایہ جمع کرنے کی یہ تجویز ایئرلائن کی ازسرنو تعمیر، آپریشنز کو مضبوط بنانے اور برانڈ کی ساکھ بحال کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔