بھوپال میں موجودگی کی اطلاع ملتے ہی یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنوں نے ہنگامی طور پر مظاہرے کا اہتمام کیا، ’’چیف الیکشن فراڈ‘‘ کہہ کر پکارا۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 2:52 PM IST | Agency | Bhopal
بھوپال میں موجودگی کی اطلاع ملتے ہی یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنوں نے ہنگامی طور پر مظاہرے کا اہتمام کیا، ’’چیف الیکشن فراڈ‘‘ کہہ کر پکارا۔
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار جو’’ ووٹ چوری ‘‘ کے الزامات ،ملک گیر مظاہروں اوران کے استعفیٰ کے مطالبوں کے بعد سے روپوش ہیں، بدھ کو بھوپال میں شادی کی ایک نجی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو وہاں بھی انہیں احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈین یوتھ کانگریس نے ایکس پوسٹ کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ یہ معلوم ہوتے ہی کہ نجی تقریب میں شرکت کیلئے گیانیش کمار بھوپال میں موجود ہیں، ہنگامی طور پر ان کے خلاف احتجاج کا اہتمام کیاگیا ۔ مذکورہ پوسٹ میں چیف الیکشن کمشنر کو ’’چیف الیکشن فراڈ‘‘ کہہ کر پکارتے ہوئے بتایا گیاہے کہ یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے ان سے ایس آئی آر میں بڑی تعداد میں ووٹرس کے نام حذف کئے جانے اور بی جےپی کیلئے ’’ووٹ چوری‘‘ پر جواب مانگا۔ بہرحال مظاہرین اور گیانیش کمار کا آمنا سامنا نہیں ہوسکا۔
گیانیش کمار مظاہرین سے بچ کر بھاگے!
کانگریس لیڈروں کے مطابق بدھ کے روز شام تقریباً ۴ ؍بجے انہیں گیانیش کمار کے بھوپال میں موجود ہونے کی اطلاع ملی، جس کے بعد یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنوں نے جلد بازی میں مظاہرے کا اہتمام کیا۔ بتایا جارہا ہے کہ مظاہرین پہلے اس ہوٹل پہنچے جہاں گیانیش کمار کے قیام کا امکان تھا۔ وہ اپنے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کا پتلا بھی لے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین کے پہنچنے سے پہلے ہی گیانیش کمار ہوائی اڈے کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔ اس کے بعد مظاہرین ہوائی اڈے پہنچے، لیکن وہاں معلوم ہوا کہ ان کی پرواز بھی روانہ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر کابینہ نے قحط سالی سے پریشان کسانوں کو مفت اناج فراہم کرنے کو منظوری دی
’’معلوم ہوتا تو بھوپال میں داخل نہ ہونے دیتے‘‘
بالآخر کانگریس کا احتجاج ریاستی کانگریس کمیٹی کے دفتر کے باہر گیانیش کمار کا پتلا نذرِ آتش کرنے پر ختم ہوا۔ ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری کی شرکت کا بھی مبینہ طور پر کارکنوں کو اشارہ دیا گیا تھا لیکن وہ مظاہرے میں موجود نہیں تھے۔احتجاج میں شریک کانگریس ترجمان مکیش نائک نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئےکہاکہ پارٹی کو گیانیش کمار کے دورے کی پیشگی اطلاع نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق ’’گیانیش کمار ایک نجی تقریب میں شرکت کے لیے بھوپال آئے تھے۔ ہمیں ان کی آمد کی اطلاع نہیں مل سکی۔ اگر ہمیں پہلے سے معلوم ہوتا تو ہم انہیں بھوپال میں داخل نہیں ہونے دیتے۔ ہزاروں کارکن وہاں پہنچ جاتے۔‘‘
کانگریس کو پیشگی اطلاع نہ ہونے پر سوال
بہرحال اس بات پر حیرت کا اظہار کیا جارہاہے کہ کانگریس کو گیانیش کمار کے بھوپال پہنچنے کی اطلاع نہیں تھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جس شادی میں گیانیش کمار شریک تھے اس میں ارجن سنگھ کے فرزند اجے سنگھ بھی نہ صرف یہ کہ موجود تھے بلکہ انہوں نے گیانیش کمار کے ساتھ تصویر بھی کھنچائی۔ یہ سوال گشت کررہا ہے کہ اجے سنگھ کو اگر معلوم تھا تو انہوں نےپارٹی کو اس کی اطلاع کیوں نہیں دی۔ اس ضمن اجے سنگھ نےکوئی وضاحت نہیں کی ہے۔
بھوپال کانگریس لیڈر گیانیش کے ساتھ
ایک طرف جہاں یوتھ کانگریس کے کارکن یہ اطلاع ملنے کے بعد کہ گیانیش کمار شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے بھوپال میں ،ان کےخلاف احتجاج کو پہنچ گئے تو وہیں دوسری طرف پارٹی کے سینئر لیڈر اجے سنگھ اسی تقریب میں گیانیش کمار اور بی جےپی لیڈر نیز سابق مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کے ساتھ تصویر کھنچا رہے تھے۔ اجے سنگھ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر ارجن سنگھ کے بیٹے ہیں۔ اجے سنگھ تقریباً ۴؍ دہائیوں سے انتخابی سیاست میں سرگرم ہیں اور ضلع سیدھی کے حلقہ چُرہٹ سے اپنے خاندان کی روایتی سیاسی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔