• Wed, 25 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری دیوی ہیرو سے زیادہ فیس لینے والی اداکارہ تھیں

Updated: February 25, 2026, 11:02 AM IST | Agency | Mumbai

سری دیوی کی زندگی اور ان کا فنی سفر کسی فلمی داستان سے کم نہیں ہے، جس کا آغاز محض ۴؍سال کی عمر میں تمل سنیما سے بطور چائلڈ آرٹسٹ ہوا۔سری دیوی کا اصل نام سری یمّا ینگر تھا۔ ان کی پیدائش ۱۳؍ اگست ۱۹۶۳ءکو تمل ناڈو کے ایک چھوٹے سےگاؤں مینم پٹی میں ہوئی تھی۔

Sridevi.Photo:INN
سری دیوی۔ تصویر:آئی این این
سری دیوی کی زندگی اور ان کا فنی سفر کسی فلمی داستان سے کم نہیں ہے، جس کا آغاز محض ۴؍سال کی عمر میں تمل سنیما سے بطور چائلڈ آرٹسٹ ہوا۔سری دیوی کا اصل نام سری یمّا ینگر تھا۔ ان کی پیدائش ۱۳؍ اگست ۱۹۶۳ءکو تمل ناڈو کے ایک چھوٹے سےگاؤں مینم پٹی میں ہوئی تھی۔۱۹۷۶ءتک انہوں نےجنوبی ہند کی کئی فلموںمیںبچوںکےکردارادا کئے۔ بطوراداکارہ ان کی پہلی تمل فلم مندرو مودیچی تھی۔ انہوں نےجنوبی ہند کی مختلف زبانوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر خود کو ایک منجھی ہوئی اداکارہ کے طور پر منوایا، لیکن ان کی اصل منزل بالی ووڈ کا افق تھا۔
 
 
۱۹۷۷ءمیںریلیز ہوئی تمل فلم۱۶؍بھیانتھنلے‘ کی کامیابی کے بعد سری دیوی کی شناخت ایک اسٹار اداکارہ کے طورپرقائم ہوگئی۔ ۱۹۷۹ءمیں’سولہواں ساون‘سےہندی فلموں میں قدم رکھالیکن یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔اس کے بعد سری دیوی نے بالی ووڈ چھوڑ کردوبارہ جنوبی ہند کی فلموں کا رخ کیا۔ اس کے بعد ۱۹۸۳ءمیںانہوں نے ایک بار پھر بالی وڈ کا رخ کیا اور وہ فلم ’ہمت والا‘میںجتیندر کے ساتھ نظر آئیں۔ اس فلم نےانہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ہمت والا کی کامیابی کے بعد وہ ہندی فلموں میں اپنی مضبوط شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔اس کے بعد سری دیوی نے ’تحفہ‘،’موالی‘ اور’مقصد‘جیسی کمرشل فلموںکے ذریعے باکس آفس پر اپنی دھاک بٹھا دی، جہاںانہیں اپنےرقص کی مہارت اور منفرد انداز کی وجہ سے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔
 
 
ان کے کریئرکا سب سے اہم موڑ وہ فلمیں ثابت ہوئیں جنہوںنےانہیں محض ایک گلیمرس اداکارہ کے بجائے ایک ورسٹائل آرٹسٹ کے طور پر پیش کیا۔ فلم ’صدمہ‘میںایک ایسی لڑکی کا کردار نبھانا جس کی یادداشت چلی جاتی ہے، ان کی اداکاری کا شاہکار مانا جاتا ہے۔ اس کے بعد’مسٹر انڈیا‘میں ان کی کامیڈی اور’ہوا ہوائی‘جیسے گیتوںنے انہیں ہر دل عزیز بنا دیا۔ ’چاندنی‘ اور’لمحے‘جیسی فلموں نےانہیں رومانس اور نزاکت کی علامت بنا دیا،جس کے بعد وہ ہندوستانی سنیما کی پہلی باضابطہ ’خاتون سپر اسٹار‘کہلائیں۔ ان کا جادواس قدر سر چڑھ کر بولتا تھا کہ وہ فلم کے ہیرو سے زیادہ معاوضہ لینے والی پہلی اداکارہ بن گئیں۔بالی ووڈمیں سری دیوی نےیوں تو ہر بڑے اداکار جیسےکمل ہاسن، رجنی کانت، امیتابھ، دھرمیندر، سنی دیول، راجیش کھنہ، شاہ رخ خان،سلمان خان، اکشے کمار وغیرہ کے ساتھ کام کیا لیکن ہندی فلموں میں سری دیوی کے شروعات دورمیںان کی جوڑی سدا بہار اداکار جتیندرکےساتھ کافی پسند کی گئی۔ جتیندر کے ساتھ وہ ہمت والا،گھر سنسار،موالی، تحفہ،سہاگن، مقصد، اولاد،عقلمند، آگ اور شعلہ، جسٹس چودھری،بلیدان، دھرم ادھیکاری میں نظر آئیں۔ آگے چل کر ان کی جوڑی انل کپورکے ساتھ کافی پسند کی گئی۔سری دیوی ۲۴؍ فروری ۲۰۱۸ءکواس دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔ سری دیوی بالی ووڈ کی ایسی اداکارہ تھیںجنہیںناظرین کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔جب بھی بالی ووڈ کی تاریخ لکھی جائے گی، اس میں سری دیوی کا نام ضرور شمار کیا جائے گا۔سری دیوی کا اچانک بچھڑ جانا فلمی دنیا کے لیے ایک ایسا خلا ہے جو شاید کبھی پُر نہ ہوسکے، لیکن ان کا کام اور ان کی فلمیں انہیں ہمیشہ شائقین کے دلوں میں زندہ رکھیں گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK