Inquilab Logo

مہاراشٹر ایس ایس سی امتحان کا مجموعی نتیجہ۹۶ء۹۴؍فیصد رہا، کوکن سرفہرست

Updated: June 18, 2022, 1:00 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاست بھر میں لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کی کارکردگی اس مرتبہ بھی بہتر رہی،کولہاپورڈویژن دوسرے نمبر پر رہا،ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے اورورشا گائیکواڑ نےطلبہ،والدین اور اساتدہ کو مبارکباد پیش کی

Goregaon in Mumbai after the SSC results were announced.Picture: Inquilab
ایس ایس سی نتائج ظاہر کئے جانے کے بعد گوریگاؤں ممبئی میں کامیاب طلبہ مسرت کا اظہار کرتے ہوئے۔تصویر : انقلاب

مہاراشٹراسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائرسیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای) پونے کے زیر اہتمام مارچ ۲۰۲۲ءمیں ہونےوالے ایس ایس سی امتحان کے نتائج جمعہ ۱۷؍ جون کو جاری کردیئےگئے۔ ریاستی سطح پر دسویں جماعت میں کامیاب ہونےوالے طلبہ کامجموعی نتیجہ ۹۶ء۹۴؍ فیصد رہا۔ ریاست کے  ۹؍ڈویژن میںایچ ایس سی کے طرزپر ایس ایس سی میں بھی ۹۹ء۲۷؍فیصد کے ساتھ کوکن ڈویژن ٹاپ پوزیشن پررہاجبکہ ممبئی ڈویژن کا نتیجہ ۹۶ء۹۴؍ فیصد رہا۔ایک مرتبہ پھر لڑکوں کے مقابلے لڑکیوںکی کارکردگی بہتررہی۔ ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے اوروزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نےکامیاب ہونے والے طلبہ، ان کے سرپرستوں اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایس ایس سی امتحان کے اعدادوشمار 
 واضح رہےکہ ایس ایس سی امتحان ۲۰۲۲ء کا انعقاد آف لائن کیاگیاتھا۔۱۵؍لاکھ ۸۴؍ہزار ۷۹۰؍ طلبہ نے امتحان کیلئے رجسٹریشن کروایا تھا جن میں سے ۱۵؍لاکھ ۶۸؍ہزار ۹۷۵؍طلبہ امتحان میں شریک ہوئے تھے۔ ان میں سے ۱۵؍لاکھ ۲۱؍ہزار ۳؍طلبہ پاس ہوئے ہیں۔پاس ہونےوالے طلبہ میں سے ۲۲؍طلبہ نے ۱۰۰؍ فیصد مارکس سے کامیابی حاصل کی ہے۔جبکہ ۸۲؍ ہزار ۶۰؍ طلبہ نے ۹۰؍فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کئے ہیں۔۲۴؍مضامین کا نتیجہ ۱۰۰؍فیصد رہاہے۔  مارچ اپریل ۲۰۲۲ءمیں پاس ہونے کا تناسب مارچ ۲۰۲۰ء کے مقابلے میں ۱ء۶۴ء فیصد زیادہ ہے ۔ امسال ۵؍لاکھ ۷۰؍ہزار ۲۷؍طلبہ اوّل درجہ ، ۲؍لاکھ ۵۸؍ہزار ۲۷؍طلبہ دوسرے درجہ اور ۴۲؍ہزار ۱۷۰؍طلبہ نے پاس کلاس سے کامیابی حاصل کی ہے۔ریاست کے ۹؍ڈویژن سے ۸؍ہزار ۱۶۹؍ معذور طلبہ نے دسویں کے امتحان کیلئے رجسٹریشن کروایاتھاجن میں سے ۸؍ہزار ۲۹؍ طلبہ امتحان میںشریک ہوئے تھے۔ ان میں سے ۷؍ہزار ۵۷۹؍ معذور طلبہ نے کامیابی درج کرائی ہے۔ معذورطلبہ کے پاس ہونےکا فیصد ۹۴ء۴۰؍ رہا۔۱۲؍ہزار ۲۱۰؍ اسکولوں کےنتائج ۱۰۰؍فیصد رہے۔
ڈویژن کی کارکردگی 
  ڈویژن کے اعتبار سے کوکن ڈویژ ن کا نتیجہ ایچ ایس سی کی طرز پر ایس ایس سی میںبھی سرفہرست رہا۔ ۹۹ء۲۷؍فیصد کے ساتھ کوکن ڈویژن ٹاپ پر جبکہ کولہاپور ۹۸ء۵۰فیصد کےساتھ دوسری پوزیشن پررہا۔علاوہ ازیںناگپور ۹۷؍فیصد،لاتور ۹۷ء۲۷؍فیصد،پونے ۹۶ء۹۶؍ فیصد ،امرائوتی ۹۶ء۸۱؍ فیصد ، اورنگ آباد ۹۶ء۳۳؍فیصد ، ممبئی ۹۴ء۹۶؍فیصداور ناسک  ۹۰ء۹۵؍فیصدرہا۔ 
 ایک مرتبہ پھر لڑکیوں نے لڑکوں پر بازی ماری ۔لڑکیوں کانتیجہ ۹۷ء۹۶؍فیصد اور لڑکوںکا نتیجہ ۹۶ء۰۶؍فیصد رہا۔ لڑکوں کےمقابلےلڑکیوں کارزلٹ ۱ء۹۰؍فیصد زیادہ ہے۔ ریاستی وزیر ادتیہ ٹھاکرے نے ایس ایس سی میں کامیاب ہونےوالے طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ رزلٹ کے تعلق سے انہوں نے ٹوئٹ کیاہے ۔جس میں بی ایم سی اسکول کا رزلٹ ۹۶ء۷۴؍ فیصد آنے پر فخر کا اظہار کیاہے۔ انہوںنےرزلٹ کےتعلق سے اپنے تاثرات کااظہار کرتےہوئے کہاکہ تعلیم کے فروغ کیلئے ہم جس طرح کی کوششیں کررہےہیں ۔ ایس ایس سی کارزلٹ اس کاغماز ہے۔ ‘‘  ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نے بھی ایس ایس سی کے نتائج پر ٹوئٹ کیاہے۔ جس میں ایس ایس سی میں پاس ہونےوالے طلبہ ، ان کے سرپرست اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ساتھ ہی پاس ہونےوالےطلبہ کے کرئیر کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK