ناندیڑ ایم آئی ایم کے وفد کی ضلع کلکٹر سے ملاقات ، معاملے میں فوری مداخلت کا مطالبہ
EPAPER
Updated: February 06, 2026, 12:54 PM IST | Z A Khan | Nanded
ناندیڑ ایم آئی ایم کے وفد کی ضلع کلکٹر سے ملاقات ، معاملے میں فوری مداخلت کا مطالبہ
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو ٹیکنیکل اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دی جانے والی اسکالرشپ طویل عرصے سے التوا میں پڑی ہے، جس کے باعث ہزاروں طلبہ شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس سنگین مسئلے پر جمعرات کو مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم ) کے ایک وفد نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کی اور انکے توسط سے ریاستی حکومت کی توجہ مبذول کروائی۔
یہ بھی پڑھئے:ریپو شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی:رِیزرو بینک
یہ وفد کارپوریٹر محمد الطاف حسین کی قیادت میں ضلع کلکٹر سے ملا، جس میں کارپوریٹر رضوان خان، مظہر الحق اور دیگر افراد شامل تھے۔وفد نے ایک تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسکالرشپ کی رکی ہوئی رقم فوری جاری کی جائے۔یادداشت میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کے مہا ڈی بی ٹی پورٹل پر ناندیڑ سمیت مختلف اضلاع کے ہزاروں طلبہ کی درخواستیں کئی برسوں سے زیر التوا ہیں۔ بیشتر عرضیاں جوائنٹ ڈائریکٹر کی سطح پر ’’اویٹنگ اپروول‘‘ میں رکی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے اسکالرشپ کی اقساط جاری نہیں ہو پا رہیں۔
یہ بھی پڑھئے:راجپال یادو کا چیک باؤنس معاملہ:پانچ کروڑ کا قرض، چھ ماہ کی جیل اور اب خود سپردگی
اس تاخیر کے سبب غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ شدید معاشی دباؤ میں ہیں۔ کئی طلبہ کی فیسیں ادا نہیں ہو سکیں اور ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کر کے اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے، تاکہ طلبہ کی تعلیمی پیش رفت متاثر نہ ہو۔اس دوران ناندیڑ میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور اسکالرشپ اسکیموں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنے والے ہند کمپیوٹر کے ڈائریکٹر محمد علی نے بتایا کہ تکنیکی سطح پر درخواستوں کی جانچ مکمل ہونے کے باوجود منظوری میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے۔