۳۰؍سال سے زیادہ عمر کے تمام افرادکی سروائیکل کینسر کی اسکریننگ شروع ۔۳۱؍مارچ تک سروائیکل اور بریسٹ کینسر اسکریننگ کیمپ ’ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے پولی کلینک ‘اور میونسپل میٹرنٹی ہوم میں لگائے جائیں گے
EPAPER
Updated: February 06, 2026, 1:43 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
۳۰؍سال سے زیادہ عمر کے تمام افرادکی سروائیکل کینسر کی اسکریننگ شروع ۔۳۱؍مارچ تک سروائیکل اور بریسٹ کینسر اسکریننگ کیمپ ’ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے پولی کلینک ‘اور میونسپل میٹرنٹی ہوم میں لگائے جائیں گے
ورلڈ کینسر ڈے (۴؍فروری )کی مناسبت سے بی ایم سی کے محکمہ صحت نے ۳۱؍مارچ ۲۰۲۶ء تک ’ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے پولی کلینک‘ اور میونسپل میٹرنٹی ہوم میں سروائیکل اور بریسٹ کینسر اسکریننگ کیمپس کا انعقاد کیاجائے گا ۔ اس کے علاوہ ۳۰؍سال سے زیادہ عمر کی تمام خواتین اور مردوں کےمنہ کے کینسر کی جانچ کی جا ئے گی ۔
مہاراشٹر حکومت کے محکمہ صحت عامہ کی ہدایات کے تحت اور مرکزی حکومت کے غیر متعدی امراض کی روک تھام کے قومی پروگرام کی بنیاد پر بی ایم سی کے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے کینسر کے خلاف بیداری اور اسکریننگ مہم شروع کی ہے۔ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے سبھی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کے تحت کینسر کی بروقت تشخیص کرائیں اور فوری علاج کریں۔ ممبئی انٹیگریٹڈ کینسر پریونشن پروگرام فروری ۲۰۲۵ءمیں شروع کیا گیا تھا۔ اس کے تحت کینسر کی اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
اس ضمن میںبی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے گزشتہ روزتمام ۲۴؍ وارڈوں میں ریلیاں، سیمینار، رنگولی ، پوسٹر مقابلےاور نمائش کاانعقادکیا۔ صحت کے مراکز، کلینک اور میٹرنٹی وارڈز میں بیداری پروگرام منعقد کئے گئے۔ سرگرمیوں کا اہتمام کیاگیا۔ مجموعی طور پر ڈھائی ہزار سے زائد شہریوں نے ان سرگرمیوں میں حصہ لیا اوراس سے استفادہ کیا۔
واضح رہےکہ اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے کینسر کی جلد تشخیص اور فوری علاج ضروری ہے۔ اگر کینسر کی علامات کا فوری طور پر پتہ چل جائے تو بیماری کو پھیلنےسے روکا جا سکتا ہے اور علاج زیادہ موثر ہو جاتا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مہم کے ابتدائی مرحلے میں تمام ہیلتھ ورکرس کو تربیت دی گئی ہے۔ تقریباً ۲؍ہزارآشا/ہیلتھ کیئر ورکرس کو کینسر سےمتعلق تربیت دی گئی ۔ اگلے مرحلے میں نرسوں اور دیگر ہیلتھ ورکرس کو تربیت دی جائے گی۔ ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے پولی کلینک میں مخصوص دنوں اور اوقات میں کینسر اسکریننگ جاری رہےگی۔
یہ بھی پڑھئے:راجپال یادو کا چیک باؤنس معاملہ:پانچ کروڑ کا قرض، چھ ماہ کی جیل اور اب خود سپردگی
دوران مہم ۳۰؍سال سے زیادہ عمر کی تمام خواتین کو ہر ماہ ڈاکٹروں کے ذریعہ چھاتی کا خود معائنہ اور باقاعدگی سے چیک اپ کرانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ۳۰؍ سال سے زیادہ عمر کی تمام خواتین اورمردوں کے منہ کے کینسر کی جانچ کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:لتا منگیشکرکے گیت آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے۲۰۲۲ءکے اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں ہر سال کینسر کے ۴ء۱؍ملین نئے معاملات سامنے آتے ہیں۔ مردوں میں منہ کا کینسر تقریباً ۵۰؍فیصد تمباکو کے استعمال کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ممبئی میں اموات کے ریکارڈ کے مطابق کل اموات میں سے ۱۱؍فیصد کینسر کی وجہ سے ہوئیں۔ ان میں منہ ، چھاتی اور سروائیکل کینسر شامل ہیں۔ منہ کے کینسر کیلئے ۲؍لاکھ ۹۵؍ ہزار ۶۰۰؍ لوگوںکامعائنہ کیاگیا جن میں سے ۳؍ہزار مشتبہ مریض پائے گئے۔ ان مریضوں میں سے ۶۵۰؍کا بائیوپسی کیا گیا۔ ان میں سے کل ۲۴؍ مریضوں میں منہ کے کینسر کی تشخیص ہوئی اور ان کا علاج جاری ہے۔ چھاتی اور سروائیکل کینسر کیلئے ۵۴؍ہزار ۱۰۰؍ خواتین کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ۳؍ہزار ۶۵۶؍ مشتبہ مریض پائےگئے۔ ان میں سے ۳۱۴؍ مریضوں کابائیوپسی کیاگیا۔ ان میں سے ۳۲؍ مریض کینسرسےمتاثرپائے گئے جن کا علاج جاری ہے۔