Inquilab Logo

پترا چال معاملے میں اہم خاتون گواہ کا ای ڈی کے سامنے بیان درج

Updated: August 24, 2022, 10:13 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

سوپنا پاٹکر نے سنجے رائوت کے خلاف بیان دیا، نیزآئندہ بھی تفتیش میں تعاون کی یقین دہانی کروائی، رائوت سے جیل میں پوچھ تاچھ کا امکان

Sanjay Raut can be seen in ED custody (Image: Agency)
سنجےرائوت کو ای ڈی کی تحویل میں دیکھا جا سکتا ہے ( تصویر: ایجنسی)

پترا چا گھوٹالہ معاملہ میں سنجے راؤت کی گرفتاری کے بعد دوسری بار تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس کیس کی گواہ سوپنا پاٹکر کومنگل کو سمن جاری کرکے بیان درج کرنے کیلئے طلب کیا۔ وہیں پاٹکر نے ای ڈی کے روبرو حاضر ہو کر اپنا بیان درج کروایااور آئندہ بھی تفتیش  میں تعاون کرنے کی ہامی بھری  ۔
  واضح رہے کہ شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کو ای ڈی نے گزشتہ ۳۱؍ جولائی کو گرفتار کیا تھا۔ فی الحال وہ عدالتی تحویل میں ہیں اور ان کی تحویل میں ۵؍ ستمبر تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس معاملے میں جانچ ایجنسی نے تفتیش میں پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ دنوں شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا تھا ۔ وہیں پونے کے تاجر اویناش بھوسلے کو ای ڈی کے دفتر طلب کر کے پوچھ تاچھ بھی کی گئی تھی ۔بعد ازیں  انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس کیس کی اہم گواہ سوپنا پاٹکر کوسمن جاری کرکے بیان درج کرنے کے لئے طلب کیا  ۔ ای ڈی ذرائع کے بقول  پترا چال گھوٹالہ معاملے کا تعلق ایچ ڈی آئی ایل اور یس بینک گھوٹالہ معاملہ سے بھی جڑا ہوا ہے ۔ تفتیشی ایجنسی نے  جلد ہی یس بینک گھوٹالہ معاملے میں بھی سنجے راؤت سے جیل میں جا کر  یا پھر انہیں حراست میں لے کر پوچھ تا چھ کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔
 ایجنسی نے اب تک پترا چال گھوٹالہ معاملہ میں جو تفتیش کی ہے اور اس سلسلہ میں جو چارج شیٹ داخل کی ہے اس میں گوریش آشیش کنسٹر  کشن کے پروین راؤت جو سنجے راؤت کے قریبی بتائے جاتے ہیں کے علاوہ ایچ ڈی آئی ایل کے پرموٹر س سارنگ اور راکیش وادھوان کو ملزم بنایا ہے ۔ اسکے علاوہ تھانے ، پڑگھا اور علی باغ میں سنجے راؤت کی بیو ی ورشا کے نام سے خریدی گئی کروڑوں روپے کی جائیداد کو بھی قرق کردیا۔ اتنا ہی نہیں ای ڈی  نے ورشاراؤت کو سنجے راؤت کی گرفتاری کے دوران  طلب کرکے ۹ ؍گھنٹے پوچھ تاچھ کی  ۔ اطلاع بھی تھی کہ  دونوں میاں بیوی کو  آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔  اب اس کیس کی اہم گواہ سوپنا پاٹکر نے ای ڈی کے سامنے اپنا بیان درج کروا دیا ہے ۔ یاد رہے کہ  یہ وہی سوپنا پاٹکر ہیں جن کے خلاف گالی گلوج کرتے ہوئے سنجے رائوت کا ایک آڈیو ٹیپ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائر ل ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK