Inquilab Logo

مہنگائی اوربے روزگاری کیخلاف ۱۴؍تا ۲۹؍ نومبر کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

Updated: October 22, 2021, 10:10 AM IST | saeed Ahmed | new Delhi

جیل بھرو آندولن بھی کیا جائے گا،ناناپٹولے کاتلک بھو ن میںاعلان ،مودی حکومت پر تنقید ، کہا:دیوالی کی خوشیاں منانا لوگوں کیلئے مشکل ہوگیا ہے، سوال کیا کہ این سی بی ممبئی پرکچھ زیادہ ہی توجہ دے رہی ہے لیکن اڈانی مندرا ایئرپورٹ پرپکڑی گئی ۳؍ہزار کلوڈرگس کاکیا ہوا؟

Congress leader Nana Patole who is announcing a protest against the central government.
کانگریس لیڈر نانا پٹولےجو مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان کررہے ہیں

 مہنگائی اور بے روزگاری سے عام آدمی کاجینا محال ہے۔ ڈیزل، پیٹرول اوررسوئی گیس کی قیمتوں میںاضافہ گویا معمول بن گیا ہےمگر حکومت کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی ہے ۔ان حالات کے خلاف کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے نے ۱۴؍تا ۲۹؍نومبر احتجاج اور جیل بھرو آندولن کا اعلان کیا ہے۔
 انہوںنےتلک بھون میں کانگریس کے عہدیداران کومخاطب کرتے ہوئے مودی حکومت کو تنقیدکا نشانہ بنایااور کہاکہ ’’ معیشت تباہ ہوچکی ہے، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں،ان کی ملازمتیں چھوٹ گئی ہیں،دیوالی آنے والی ہے لیکن دیوالی کی خوشیاں منانا لوگوںکیلئے مشکل ہورہا ہے۔یہ سب مودی حکومت کی غلط پالیسی اورمن مانے فیصلے کا نتیجہ ہے۔‘ ‘
  انہوںنے یہ بھی کہاکہ’’ کانگریس نے مودی حکومت کو بیدارکرنے کےلئے اس سے قبل مہنگائی اوربے روزگاری کے خلاف مہم چلائی تھی لیکن حکومت نہیںجاگی، اسے نیند سے جگانے کے لئے اب ۱۴؍نومبرسے ۲۹؍نومبر تک احتجاج کے ساتھ ریاستی سطح پرجیل بھرو آندولن کیاجائے گا اورحکومت کو بیدار کیا جائے گا۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ جس طرح سے بی جے پی نےاب تک حکومت کی ہے اور جو حالات ہیں اس سے لوگوں میںشدید ناراضگی اورچڑپیدا ہوگئی ہے ،ایسے میںہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تمام طبقات کے درمیان جائیں، ان کواپنے قریب لائیں اورعوام کو دھوکہ دینے والوں کو ان کی جگہ بٹھادیں ۔‘‘
 ناناپٹولے کے مطابق’’بی جے پی ذات ،ھرم اورنفرت کی سیاست کرتی ہےجبکہ کانگریس تمام طبقات کوساتھ لے کر چلتی ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ ریاست بھر میںایک دفعہ پھرلوگوں نے کانگریس پراعتماد ظاہر کیا ہے۔‘‘
 ممبئی میںاین سی بی کے طریقۂ کارسے متعلق سوال پرکانگریس کے ریاستی صدر نےکہا کہ ’’ جو بھی غلط کرے اسکے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے کیونکہ قانون سے بڑاکوئی نہیںہے لیکن اڈانی مندرا ایئرپورٹ پر۳؍ہزار کلو نشہ آور اشیاء اورڈرگس پکڑی گئی،آخر اس کاکیاہوا؟ ا سکے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی جارہی ہے ؟ اتنے بڑے پیمانے پر پکڑی گئی ڈرگس کے تعلق سے کوئی کارروائی نہ کرتے ہوئے ممبئی کی جانب این سی بی نے توجہ مرکوزکی ہےاوراسے ضرورت سے زیادہ نمایاں کئے جانے کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے۔‘‘اس کے علاوہ شاہ رخ خان کے بیٹے کی گرفتاری کوبی جے پی کی جانب سے ہندومسلم رنگ دینے کی کوشش کو پٹولے نے انتہائی سطحیت اورگھٹیا پن قرار دیا ۔ اس موقع پرتلک بھون میں کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکنان بڑی تعداد میںموجود تھے۔ 

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK