Inquilab Logo

حلال سرٹیفکیٹ کیس میں مولانا محمود مدنی سے ایس ٹی ایف کی پوچھ تاچھ

Updated: February 23, 2024, 7:56 PM IST | Lucknow

اتر پردیش کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے سخت کارروائی کرتے ہوئے مولانا محمود مدنی سے ۶؍ گھنٹے پوچھ تاچھ کی۔

Maulana Mahmood Madani. Photo: PTI
مولانا محمود مدنی۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتر پردیش کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے حلال سرٹیفکیٹ دینے کے معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے صدر اور حلال فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر مولانا محمود مدنی سے ۶ ؍گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی ہے۔ مولانا کو ایس ٹی ایف کی جانب سے سمن دیا گیا تھا کہ وہ لکھنؤ میں واقع ایس ٹی ایف کے دفتر میں پیش ہوکر پوچھ تاچھ کا سامنا کریں۔ مولانا گزشتہ شام ایس ٹی ایف کے دفتر میں حاضر ہوئے جہاں ان سے ۶؍ گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی۔ اس بارے میں باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا سے حلال سرٹیفکیشن کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی گئی جبکہ ان کے ٹرسٹ کےکام کاج اور اس کے طور طریقوں پر بھی مولانا سے سوال جواب ہوئے۔ بتایا جارہا ہے کہ مولانا محمود مدنی نے ایس ٹی ایف کے تمام سوالوں کے جواب اطمینان بخش طریقے سے دئیے اور ایس ٹی ایف افسران کومزید معلومات فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔ مولانا یہاں اپنے ۳؍ وکلاء کی ٹیم کے ساتھ پہنچے تھے۔ 
یاد رہے کہ ۱۳؍ فروری کو لکھنؤ پولیس نے حلال کونسل آف انڈیا کے چار عہدیداروں کو مناسب نمونے یا جانچ کے بغیر کمپنیوں کو مبینہ جعلی حلال سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر گرفتار کرلیا تھا اور اس کے بعد سے یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ بہت جلد مولانا محمود مدنی کو پوچھ تاچھ کے لئے بلایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ حلال سرٹیفکیٹ کا یہ تنازع گزشتہ سال نومبر میں کھڑا کیا گیا تھا۔ یوپی حکومت نے حلال سرٹیفکیشن پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس معاملے میں جانچ شروع کروادی ہے۔ ساتھ ہی یوگی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کرکے اتر پردیش میں حلال تصدیق شدہ مصنوعات کی تیاری، فروخت، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کے خلاف جمعیۃ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے جہاں یہ معاملہ زیر التوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK