Inquilab Logo

بغیر کسی دباؤکے غیر قانونی تعمیرات روکیں

Updated: October 21, 2021, 9:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میٹنگ میں وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی میونسپل افسران کو واضح ہدایت ، کہا : جنگی پیمانے پر کارروائی کی جائے

Scene of Chief Minister uddhav Thackeray`s online meeting with municipal officials.Picture:Inquilab
وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کی میونسپل افسران کے ہمراہ آن لائن میٹنگ کا منظر۔ تصویر انقلاب

شہرومضافات میں غیر قانونی تعمیرا ت کرنے والوں کی اب خیر نہیں کیونکہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے میونسپل افسران کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں آئے بغیر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جنگی پیمانے پر کارروائی کریں۔ اتنا  ہی نہیں بلکہ ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف  علاقائی سطح پر کارروائی کرنے کیلئے خصوصی دستہ تشکیل دینے کی ہدایت بھی انہوں نے  دی  ہے۔انہوں نے ممبئی کو صاف ستھرا اور خوبصورت  شہر بنانے کیلئے میدان میں اترنے کاحکم دیا ہے  نیز بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دینے کو بھی کہاہے۔
 وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے نے بدھ کو  ویڈیو کانفرنسنگ  میں ہدایت دی کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن جنگی سطح پر غیر قانونی تعمیرات پرکارروائی کرے۔ یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ مشرقی اور مغربی شاہراہوں کے قریب بڑی تعداد میں ملبے پھینکے جارہے ہیں۔ لہٰذا یہاں سی سی کیمرے لگا کر ایسے افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ بی ایم سی نے کورونابحران کے دوران بہت اچھا کام کیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے سڑکوں، فٹ پاتھوں ، صاف صفائی اورشہری سہولیات پر مکمل توجہ مرکوز کرتے ہوئے کام کو بروقت مکمل کرنے اور ممبئی کو ملک کا ایک مثالی شہر بنانے کی بھی ہدایت دی۔
  اس میٹنگ میں  میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل، جوائنٹ میونسپل کمشنر،  ڈپٹی میونسپل کمشنر ، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر اور میونسپل اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ ٹاسک فورس کے اراکین بھی  موجود تھے۔
 وزیر اعلیٰ ادھوٹھاکرے نے اس میٹنگ میں واضح ہدایات دیں کہ ممبئی میں غیر قانونی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وارڈ افسران کو فوری طور پر انتہائی سختی سے کارروائی کرنی چاہئے۔ کسی کا دباؤ برداشت نہ کریں۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممبئی میں سڑکوں کی مرمت کیلئے ٹینڈر کا عمل منظم اور شفاف طریقے سے ہونا چاہئے اور کسی کو بدعنوانی کرنے کا موقع نہیں دیا جانا چاہئے۔
 ادھو ٹھاکرے  کے مطابق ’’آپ شہر کو خوبصورت اور اعلیٰ معیار کی سہولیات سے آراستہ کرنا  چاہتے ہیں۔ اس لئے سڑکیں، فٹ پاتھ ، ڈیوائیڈرز اور باغات کو خوبصورت اور صاف  ستھرا بنائیں۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سڑکوں پر گڑھوں کو بھرنے کا کام ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔‘‘
 وزیر اعلیٰ نے میونسپل افسران کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’کووڈ۱۹؍ کے خلاف جنگ میں ممبئی ماڈل کی تعریف کی گئی۔ آپ کی کوششوں نے یہ ممکن بنایا ہے ، آپ نے خود کو ایک ٹیم  کے طور پر ثابت کیا ہے لیکن اب رکے بغیر آپ کو شہری سہولیات پر توجہ دینا چاہئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس طرح ہم نے روزانہ صاف صفائی کیلئے وارڈ کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی ہیں، اسی طرز پر ہمیں ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئےبھی ٹیمیں مقرر کرنی چاہئیں اور غور کرنا چاہئے کہ تعمیرات کا ملبہ، پتھراور  اینٹوں کا ملبہ کس طرح اٹھایا جا سکتا ہے۔ ‘‘انہوںنے یہ بھی کہا کہ’’ ایک طرف کووڈ۱۹؍ کا خطرہ ختم نہیں ہوا ہے اور دوسری طرف ایک تہوار کے بعددوسرا تہوار آرہا ہے ، دیوالی آرہی ہے۔  برطانیہ میں کووڈ انفیکشن ایک بار پھر بڑھ رہا ہے۔ وہاں کے  اسپتال مریضوں سے بھر رہے ہیں ، میں نے وہاں کے کچھ ڈاکٹروں سے بھی بات کی ہے۔ اس لئے آپ کو بھی محتاط رہنا ہوگا۔‘‘
 وزیر اعلیٰ نے فکرمندی  ظاہر کی کہ مانسون کے موسم میں ملیریا ، ڈینگو اور چکن گنیا کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں ۔ ہمیں ان بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بہت محتاط رہنا چاہئے۔  انہوں نے اس حوالے سے شہریوں میں ہر طرح سے بیداری لانے اور یہ دیکھنے کی بھی ہدایت دی کہ مچھروں کا موثر طریقے سے خاتمہ کیا جائے تاکہ ان سے لوگ متاثر نہ ہوں۔
 میونسپل افسران نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK