• Thu, 29 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانیہ میں طوفان سے تباہی، نظامِ زندگی مفلوج، پروازیں منسوخ

Updated: January 29, 2026, 4:33 PM IST | Agency | London

تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے شمالی آئرلینڈ، ویلز اور جنوبی انگلینڈ کے علاقے متاثر ہونے کا اندیشہ ، ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ، احتیاط کی ہدایت۔

Umbrellas are used to protect people from the rain in London. Picture: INN
لندن میں بارش سے بچنے کیلئے چھتری کا سہارا۔ تصویر: آئی این این
برطانیہ میں’چندرہ‘ طوفان کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہونے کے ساتھ ساتھ فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، نیو کاسل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز ہوا کے دباؤ کے باعث لینڈ نہ کرسکی۔ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کو ہنگامی صورتحال میں ایڈنبرا ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔ ڈبلن اور ہیتھرو ایئرپورٹس پر بھی مسافر طیاروں کو لینڈنگ میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر زیورخ سے آنے والی پرواز کو رن وے سے واپس فضا میں جانا پڑا۔ 
برطانیہ میں طوفان ’چندرہ‘ کے سبب شدید موسمی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جو رواں سال کا تیسرا بڑا طوفان ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے شمالی آئرلینڈ، ویلز اور جنوبی انگلینڈ کے علاقے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ 
برطانیہ کے مختلف حصے شدید موسمی طوفان چندرہ کی زد میں آگئے ہیں جس کے باعث موسلادھار  بارش، سیلاب اور آمد و رفت میں شدید خلل پیدا ہو گیا ہے۔ حکام نے ڈیون کے بعض علاقوں میں سیلاب کو جان لیوا خطرہ قرار دیتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ 
سال کے تیسرے نامزد طوفان نے ملک بھر میں سڑکوں کی بندش، ریل، فیری اور فضائی پروازوں کی منسوخی جیسے سنگین مسائل پیدا کر دیئے ہیں۔ تیز ہواؤں کی رفتار بعض مقامات پر ۸۰؍میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ 
حکام نے درخت گرنے، املاک کو نقصان پہنچنے اور بجلی کی بندش کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت  دی ہے۔ سرد موسم کے باعث بعض علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے جس سے ٹرانسپورٹ، تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ موسمیاتی اداروں نے شمالی آئرلینڈ، جنوبی انگلینڈ اور ویلز میں شدید ہواؤں اور بارش کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK