• Mon, 02 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شب برأت پر تمام قبرستانوں میں سخت حفاظتی انتظام

Updated: February 02, 2026, 10:20 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بڑا قبرستان مرین لائنس اور ناریل واڑی قبرستان کی جانب سے ہدایات پر مبنی بورڈ آویزاں کیا گیا۔ سمندر میں طغیانی کے سبب حاجی علی میں رات۱۲؍ بجے سے ۳؍بجے تک گیٹ بند رہے گا۔ زائرین سے ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہونے اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل ، محتاط رہنے اور چوروں سے بچنے پر زور۔

This board has been displayed at the Narelwadi graveyard based on the instructions. Picture: INN
ناریل واڑی قبرستان میں ہدایات پرمبنی یہ بورڈ آویزاں کیا گیاہے۔ تصویر: آئی این این
شب برات میں شہر ومضافات کے تمام قبرستانوں ناریل واڑی، مرین لائنس بڑا قبرستان، ماہم، کرلا، گوونڈی، مالونی اویس قرنی قبرستان، چمبور، چیتاکیمپ، اوشیورہ جوگیشوری، گھاٹکوپر، سانتاکروز، میرا روڈ، ساکی ناکہ، باندرہ، کھار روڈ، وسئی اور نالاسوپارہ  وغیرہ قبرستانوں میں صاف صفائی اور خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ کثیر تعداد میں قبرستان آنے والے زائرین کو کسی قسم کی دقت نہ ہو، وہ یکسوئی کے ساتھ عبادت ، فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب کرسکیں۔دوسری جانب الگ الگ پولیس اسٹیشنوں میں میٹنگوں کا بھی سلسلہ جاری ہے تاکہ مل جل کر بہتر سے بہتر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔  بڑا قبرستان مرین لائنس اور ناریل واڑی وغیرہ قبرستانوں میں کچھ اہم ہدایات پر مبنی بورڈ بھی گیٹ اور قبرستان کے اندرونی حصے میں آویزاں کئے گئے ہیں اور پولیس کے ہمراہ میٹنگ بھی کی گئی ہے۔
زائرین ضروری ہدایات پیش نظر رکھیں
جامع مسجد ٹرسٹ کی جانب سے شب برات میں بڑا قبرستان(مرین لائنس) آنے والوں کو متوجہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے(۱) موٹرسائیکل پر۳؍  لوگ سوار نہ ہوں (۲) گاڑی چلاتے وقت اپنی سائیڈ کا خیال رکھیں (۳) صدر گیٹ نمبر ۱۰؍ پر ہرگز گاڑیاں نہ کھڑی کریں (۴) سیکوریٹی گارڈ کی ہدایات پر عمل کریں (۵) قبرستان میں پانی احتیاط سے خرچ کریں (۶) ممنوع اشیاء قبرستان نہ لائیں (۷) ایک راستے سے قبرستان آئیں اور دوسرے راستے سے باہر نکلیں تاکہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو اور نہ ہی کسی قسم کی پریشانی ہو (۸) اگربتی ، پھول ، دھاگے اور خالی بوتلیں کوڑے دان میں ڈالیں اور قبرستان میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
  اسی طرح بائیک سواروں کے لئے ایس کے پاٹل ادیان، واٹرٹینک گراؤنڈ اور مہارشی کروے روڈ گول مسجد کے قریب ٹو وہیلر پارکنگ کا خاص نظم کیا گیا ہے۔ جامع مسجد ٹرسٹ کے منیجر نجیب اختر تنگیکر کے مطابق بائیک سواروں سے بطور خاص گزارش ہے کہ وہ مقرر کردہ پارکنگ ہی میں گاڑیاں کھڑی کریں تاکہ بدنظمی یا کوئی مسئلہ نہ ہو۔ 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دفعہ پولیس کے ہمراہ میٹنگ میں توجہ دلانے پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھا کر۴۰؍ کردی گئی ہے اور ۱۰؍ایم آئی کے چہرہ شناسی والے کیمرے بھی لگائے جارہے ہیں ۔اسی کے ساتھ  ڈورفریم میٹل ڈٹیکٹر بھی نصب کئے جائیں گے۔ اس سے زائرین کی تعداد کا بھی اندازہ ہوسکے گا۔ اس کے علاوہ پولیس ، سیکوریٹی گارڈز کے علاوہ بڑی تعداد میں رضاکار بھی نگرانی کریں گے۔
اسی طرح کی اپیل ناریل واڑی قبرستان انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ نگرانی کرنے والے یٰسین چشتی کے مطابق گیٹ پر بینر بھی لگادیا گیا ہے۔ اس میں دیگر باتوں پر توجہ دلانے کے ساتھ خواتین کو قبرستان نہ لانے، چوروں سے ہوشیار رہنے اور رضاکاروں و منتظمین سے بحث وتکرار سے بچتے ہوئے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ 
حاجی علی میں شب برات میں گیٹ بند رہے گا
حاجی علی درگاہ کے منیجر محمد احمد طاہر نے انقلاب کو بتایا کہ شب برات میں سمندر میں طغیانی کے سبب منگل کی شب میں۱۲؍ بجے سے۳؍بجے تک گیٹ بند رہے گا ۔ ان اوقات کا خیال رکھتے ہوئے زائرین آئیں، ورنہ انہیں پریشانی ہوگی۔ تین بجے رات کے بعد گیٹ کھولا جائے گا۔ اسی طرح پارکنگ کے لئے ریس کورس میں انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر قسم کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے۱۵۰؍ رضاکار، تاڑدیو پولیس اسٹیشن کے جوان،۲۵؍تیراک کی تعیناتی کے علاوہ۷۸؍ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی کی جائے گی۔ اس لئے زائرین مجمع کی کثرت کے پیش نظر ہر طرح سے محتاط رہیں، چوروں سے بچیں، انتظامیہ سے تعاون کریں، تیزرفتاری سے گاڑی نہ چلائیں اور اپنی ذات سے دوسروں کی سہولت اور آسانی کا بھی ذریعہ بنیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK